سنجے دت کی درخواست پر مہارشٹرا گورنر اپنا اختیار استعمال کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-23

سنجے دت کی درخواست پر مہارشٹرا گورنر اپنا اختیار استعمال کریں گے

ممبئی دھماکے کیس(1993) میں فلم اسٹار سنجے دت کو معافی دینے کیلئے گورنر مہاراشٹرا سے صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا جسٹس مارکنڈے کاٹجو کی اپیل پر آج حکومت نے اشارہ دیا ہے کہ سنجے دت کی جانب سے ایسی (معافی کی) درخواست کئے جانے پر اس معاملہ کا جائزہ لیا جائے گا اور ایک "مناسب" فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر قانون اشونی کمار نے کہاہے کہ "ریاستی گورنر، جب ان سے اپیل کی جائے گی اپنے اختیار تمیز کا استعمال کریں گے۔ انہیں معافی کے اختیارات حاصل ہیں۔ ہمیں اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے"۔ اسی دوران مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے کہاکہ متعلقہ حکام، مناسب سطح پر اس معاملہ کا نوٹ لیں گے۔ تیواری نے پارلیمنٹ کے باہر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "جسٹس کاٹجو، سپریم کورٹ کے ایک نہایت ممتاز جج رہے ہیں۔ جب کبھی وہ کسی مسئلہ پر کسی موقف کا اظہار کرتے ہیں تو اندرون و بیرون حکومت دونوں ہی طرف کے لوگ اُس کو بڑے غور سے سنتے ہیں لیکن مسئلہ کے چند پہلو ہیں اور مجھے یقین ہے کہ حکومت کی صفوں میں موجود لوگ خواہ وہ ریاستی حکومت کے ہوں یا حکومت کے مختلف دیگر اداروں کی سطح سے تعلق رکھتے ہوں، جو مسئلہ سے نمٹنے کی ذمہ داری کو بخوبی سمجھ چکے ہیں، بیان(جسٹس کاٹجو کے بیان) کا نوٹ لیں گے اور پھر ، اگر ضروری ہوتو، ایک مناسب جواب وضع کریں گے"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ جسٹس کاٹجو نے گورنر مہاراشٹرا کے شنکر نارائن کے نام اپنے ایک مکتوب میں سنجے دت کو معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ سپریم کورٹ نے ممبئی دھماکوں(1993) سے متعلق اسلحہ کیس میں سنجے دت کی 5سال سزائے قید کو برقرار رکھا ہے۔

Sanjay Dutt: Governor will use discretionary powers if he appeals

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں