تمل ناڈو اردو رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام جشن فیض احمد فیض صدی تقریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-23

تمل ناڈو اردو رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام جشن فیض احمد فیض صدی تقریب

اردو دان طبقہ کو اردو رسم الخط سے غفلت نہیں کرنی چاہئے۔ ملک العزیز
جشن فیض احمد فیض صدی تقریب میں سید تقی عابدی اور انجینئر عبدالقدیر کی شرکت

تمل ناڈو اردو رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے جشن فیض احمد فیض صدی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمل ناڈو میں تحریک اردو کی متحرک شخصیت اور کمیٹی کے صدر ملک العزیز نے ریاست تمل ناڈو کے اردو داں طبقہ سے اصرار کیا کہ وہ اردو کو زندہ رکھنے کے لیے خود بھی اردو زباں سے جڑے رہیں، اور اپنے بچوںاور نوجوانوں کو بھی اردو زباں سے جڑے رہنے کے لیے ان کو بھی اردو رسم الخط سکھائیں، تاکہ تمل ناڈو میں اردو زبان اپنی آب و تاب کے ساتھ زندہ رہ سکے، انہوں نے مزید کہا کہ اب قومی اردو کونسل کے آن لائن اردو لیرننگ پروگرام شروع ہونے کے بعد ہم یہ بہانہ نہیں کرسکتے کہ اردو زبان سیکھنا دقت طلب کام ہے، آج کل ہماری نوجوان نسل ویسے تو کئی گھنٹے انٹرنیٹ پر گذارتی ہے ، ایسے میں اگر ہماری نوجوان نسل اگر اردو زبان سیکھنے کے لئے ایک یا دو گھنٹے صرف کریں گے تو ان کے لیے نہ صرف ان کا وقت مفید گذرے گا بلکہ وہ ایک عظیم زبان اور ثقافت سے آشنا ہوجائیں گے، انہوں نے غیر اردو دان طبقہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ کس طرح وہ لوگ اپنی زبان کی بقاء کے لیے اپنی جانیں تک قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، ایسے میں کیا ہم روزانہ ایک دو گھنٹے اپنی زبان کے لیے نہیں دے سکتے ؟ ملک العزیز نے اس تقریب میں اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عالمی اردو سمینار منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے لیے انہوں نے عوام کے تمام طبقات سے دامے درمے سخنے تعاون کی گذارش کی، جشن فیض احمد فیض صدی تقریب میںکناڈا سے تشریف لائے مشہور ادیب و شاعرسید تقی عابدی نے فیض احمد فیض کی شاعری کے متنوع پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے فیض کے متعلق کئی غلط فہمیوں کو رفع کیا، تقریب میں شامل مشہور ادیب علیم صبا نویدی نے بھی فیض پر ایک وقیع مضمون سامعین کی نذر کیا، جن کے بعد بید ر کرناٹک سے تشریف لائے مشہور 'شاہین پی یو کالج 'کے جنرل سکریٹری عبد القدیر صاحب کو اردو ذریعہ تعلیم کے ساتھ زبان اور تعلیم کو فروغ دینے پر ان کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے ـ"امتیاز اردو"ایوارڈ برائے 2012سے نوازا گیا، تمل ناڈو اردو رابطہ کمیٹی ہر سال اردو کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو امتیاز اردو ایوارڈ دیتی آرہی ہے، قبل ازیں یہ ایوارڈدوبئی کے مشہور عرب شاعر ڈاکٹر زبیر فاروق اور کناڈا کے نامورادیب و شاعر ڈاکٹر سید تقی عابدی کو دیا جا چکا ہے، انجینئر عبدالقدیر نے ایوارڈ قبول کرتے ہوئے، اپنے تعلیم کے طریقہ ء کار سے سامعین کو واقف کرایا، جس کو سن کرسامعین کافی متاثر ہوئے ، جلسہ کے بعد ایک مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر تقی عابدی کے علاوہ بنگلور سے آئے ہوئے شاعر اختر علوی اور کئی مقامی شعراء نے اپنے کلام سے محفوظ کیا، مشاعرہ کی صدارت تمل ناڈو کے نامور شاعر و ادیب علیم صبا نویدی نے کی، اس تقریب میں کافی تعداد میں سامعین اور محبان اردو نے شرکت کی۔

Faiz ahmed faiz centenary celebrations at tamil nadu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں