اسمبلی میں شب بسری احتجاج پر ارکان اسمبلی گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-23

اسمبلی میں شب بسری احتجاج پر ارکان اسمبلی گرفتار

سیاسی قائدین عوام اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کچھ بھی کرنے تیار رہتے ہیں۔ چنانچہ عوام اور میڈیا کی توجہ راغب کرنے کیلئے آندھراپردیش اسمبلی میں تلگودیشم ارکان نے انوکھا راستہ اختیار کیا۔ ریاست میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی برقی سربراہی میں زبردست کٹوتی اور پانی کی قلت کے مسئلہ پر بحث کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی کے ارکان نے آج دن میں اسمبلی کی کارروائی میں نعرہ بازی و ہنگامہ آرائی کے ذریعہ خلل اندازی کی۔ جنہیں پرسکون رہنے کیلئے اسپیکر اسمبلی این منوہر کی دی جانے والی ترغیب بے سود ثابت ہوئیں۔ بعدازاں اسپیکر نے اسمبلی کے اجلاس کو آج دوپہر ایک بجے، کل صبح تک کیلئے ملتوی کردیا۔ جس کے ساتھ ہی تمام ارکان واپس چلے گئے لیکن تلگودیشم پارٹی کے ارکان بدستور اسمبلی میں بیٹھے رہے۔ رات تک پولیس عہدیداروں اور اسمبلی کے ذمہ داران نے ان سے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے گھر واپس ہونے کی درخواست کی۔ جس کو قبول کئے بغیر تلگودیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی مسرز این نرسمہلو، پی کیشو، جی مدو کرشنما نائیڈو، ای دیاکر راؤ، ٹی ناگیشور راؤ، اے ریونت ریڈی، ٹی چندر شیکھر ریڈی، مسز سمن راتھوڑ اور دیگر نے رات دیر گئے تک احتجاج جاری رکھا۔ لیکن رات 12 بجے کے سبب ایوان میں اس وقت ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی جب مقننہ کے عہدیداروں نے ایوان میں برقی سربراہی مسدود کردی اور پولیس کی بھاری جمعیت ایوان میں گھس کر احتجاجی ارکان کو زبردستی ایوان سے باہر نکال دیا۔ جنہیں بعدازاں گاڑیوں میں بٹھاکر نامعلوم مقامات کو روانہ کردیا گیا۔ کئی ارکان نے گاڑیوں میں بھی نعرہ بازی کی۔ ایوان سے انخلاء کے دوران ارکان اسمبلی اور سکیورٹی عملہ میں دھینگا مشتی کے واقعات پیش آئے۔ تلگودیشم ارکان نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی ریاست میں برقی بحران اور پانی کی قلت جیسے بنیادی عوامی مسائل پر ایوان میں بحث کا سامنا کرنے سے پس و پیش کررہے ہیں۔

Protesting TDP MLAs evicted from Andhra Pradesh Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں