اردو کی خدمات کے لیے ڈاکٹر عزیز قریشی اعزاز سے سرفراز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-29

اردو کی خدمات کے لیے ڈاکٹر عزیز قریشی اعزاز سے سرفراز

اردو کیلئے بیش بہا خدمات اور اردو کے مسائل پر بے باکی سے اپنی بات رکھنے کیلئے آج اترا کھنڈ کے گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی کو عالمی اردو ٹرسٹ کی جانب سے اعزاز سے نواز اگیا۔ عالمی اردو ٹرسٹ کے روح رواں اے رحمان نے عزیز قریشی کی خدمت میں شال، سپاس نامہ اور مومنٹو پیش کرکے انہیں علامتی اعزاز سے سرفراز کیا۔ اس موقع پر موجود پدم بھوشن پروفیسر گوپی چندر نارنگ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر سید شاہد مہدی، سبھارتی یونیورسٹی کے وائس چانسلر منظور احمد، غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمان قدوائی، پدم شری پروفیسر اختر الواسع، ممبر پارلیمنٹ محمد ادیب، سابق سفیر ہند م افضل، سابق وزیر اترپردیش ڈاکٹر معراج الدین، این سی پی یو ایل کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام، غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر شاہد ماہلی، پروفیسر توقیر احمد خان، پروفیسر ابن کنول، اردو روزنامہ انقلاب کے ایڈیٹر(نارتھ) سید شکیل شمسی، سمیت اردو سے وابستہ درجنوں شخصیات نے عزیز قریشی کے اردو کے تئیں خدمات کے اعتراف میں اپنی مہر ثبت کرتے ہوئے انہیں اردو کی تاریخ میں "خوبصورت انقلاب" سے تعبیر کیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ایوان غالب میں عالمی اردو ٹرسٹ کے زیر اہتمام جشن اردو اور کل ہند مشاعرہ کے نام پر منعقدہ اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عزیز نے اردو کے تئیں اپنا عزم مصمم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ میں اردو کے لئے بلا جھجھک بولتا اور لڑتا رہوں اور اس کیلئے ہمیشہ لڑتا بھی رہوں گا۔ ملک کے مسلمان ہندوستان کی ترقی و خوشحالی ہر طرح کی خدمت و تعاون اور ملک کی سلامتی کیلئے ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسلمانوں کا ہے اور وہ اس کے وارث ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستانی مسلمانوں کی اپنے وطن سے وفاداری ان کا مذہبی اور ملی فریضہ ہے اور اسے وہ ترجیحی بنیادوں پر رکھتے ہیں۔ اس لئے مسلمانوں سے ملک کیلئے وفاداری کا سرٹیفکٹ مانگنے کا حق کسی کو نہیں۔ جشن اردو کی صدارت کررہے پروفیسرگوپی چند نارنگ نے اردو کے فروغ پر مختلف سطح سے روشنی ڈالتے ہوئے عزیز قریشی کی خدمات گنوائی۔ انہوں نے کہاکہ عزیز قریشی کی ذات سے اردو کو بے پناہ فائدہ پہنچا ہے جبکہ پدم بھوشن پروفیسر اخترا الواسع نے کہاکہ عزیز قریشی کا نام ہمیشہ اردو کی تاریخ میں احترام سے لیا جائے گا کیونکہ انہوں نے اردو کیلئے جو کچھ بھی کیا وہ خلوص سے کیا اور اس کی اشاعت نہیں کی، اس لئے ہم اردو کے خادموں کی طرف سے انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مہمان اعزازی کے طورپر شریک ضمیر الدین شاہ اے ایم یو میں اردو کا مستقبل محفوظ ہے، ساتھ ساتھ میں اے ایم یو میں اردو کے تعلق سے بہت کچھ کرنے کے ارادہ میں ہوں۔ انہوں نے دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ مدارس کے طلباء کیلئے اے ایم یو کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سید شاہد مہدی، محمد ادیب، م افضل اور سید شکیل حسن شمسی وغیرہ نے عزیز قریشی کے ساتھ اپنے تجربات بانٹتے ہوئے ان کی زندگی سے جڑے کئی خوبصورت سچائیوں کے بارے میں بتایا۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر رضا حیدر نے کی جبکہ ڈاکٹر مولیٰ بخش اور ڈاکٹر خالد علوی نے بھی اظہار خیال کیا۔ علاوہ ازیں فاروق ارگلی کی کتاب اردو ہندوستان کی رسم اجراء میں بھی عمل میں آئی ساتھ ساتھ کل ہند مشاعرہ کا اہتمام بھی کیاگیا۔

Dr. Aziz Qureshi honored for services towards urdu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں