ڈی۔ایس۔پی ضیا الحق قتل - راجہ بھیا کے خلاف قتل معاملہ درج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-08

ڈی۔ایس۔پی ضیا الحق قتل - راجہ بھیا کے خلاف قتل معاملہ درج

مرکزی تفتیشی بیورو( سی بی آئی) نے اترپردیش کے سابق وزیر رگھوراج پرتاب سنگھ عرف راجہ بھیا کے خلاف ڈپٹی ایس پی ضیاء الحق کے قتل کے الزام میں آج معاملہ درج کیا۔ سی بی آئی نے شہید پولیس افسر کی بیوہ پروین آزاد کی شکایت پر دفعہ 302 کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔ مسٹر حق اور دو دیگر کو ہفتہ کو راجہ بھیا کے اسمبلی حلقہ کنڈا میں گولی مارکر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مسٹر حق کی بیوہ نے الزام لگایا کہ ان کے شوہر کے قتل کی سازش راجہ بھیا نے تیار کی تھی۔ محترمہ پروین آزاد نے اس معاملے میں 4ایف آئی آر درج کرائی ہیں ۔ سابق وزیر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا معاملہ درج کرایا گیا ہے اور سرکاری ذرائع کاکہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کر رہی سی بی آئی اب راجہ بھیا سے قتل کے اس معاملے میں پوچھ گچھ کرنے کے ساتھ ہی انہیں گرفتار بھی کر سکتی ہے ۔ سی بی آئی نے کل اس انتہائی حساس معاملے کی انکوائری اپنے ہاتھ میں لی تھی اور آج سے اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔ سی بی آئی مسٹر حق کے قتل کے ساتھ ہی اسی واقعہ میں مارے گئے بلاس پور کے پردھان ننھے یادو اور ان کے بھائی سریش یادو کے قتل کے معاملے کی جانچ کرے گی۔ مسٹرحق کے قتل کے معاملے میں راجہ بھیا کے ساتھ ہی روہت سنگھ، گڈو سنگھ، اوم سریواستو اور گلشن یادو کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔ شہید پولیس افسر کی بیوہ کی طرف سے کنڈا کے ایم ایل اے راجہ بھیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی ایک سال پرانی حکومت میں وزیر جیل رہے راجیہ بھیا نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

CBI files FIR, names Raja Bhaiya in Kunda murder case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں