ملائم سنگھ یادو کے خلاف متنازع تبصرہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-19

ملائم سنگھ یادو کے خلاف متنازع تبصرہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ

مرکزی وزیر بینی پرساد ورما ایک بار پھر تنازعات میں گھر گئے ہیں ۔ اس بار انہوں نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے دہشت گردوں سے تعلقات رہے ہیں ۔ اس ایشو پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ ہنگامے کی وجہہ سے ایوان کی کار روائی 2بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ وقفہ صفر کے دوران سماج وادی پارٹی کے ارکان ایوان کے وسط میں آ گئے اور مسٹر ورما کے استعفیٰ کامطالبہ کرنے لگے ۔ مسٹر ورما نے یہ بیان کل گونڈہ کے قطب گنج بازار میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا تھا۔ سماج وادی پارٹی کے شلیندر کمار نے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے جب ہندو دہشت گردی سے متعلق بیان دیا تھا تو بعد میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرز پر بینی پرساد ورما کو بھی افسوس کا اظہار کرنا چاہئے تھا۔ بینی پرساد ورما نے شلیندر کمار کے بیان پر کہاکہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے اور یہ کہ دہشت گردی کی کوئی ذات، مذہب یا رنگ نہیں ہوتا۔ مسٹر ورما کے جواب سے غیر مطمئن ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ ان مسلمانوں کی حفاظت کی ہے جو ملک کی فلاح و بہبود کی بات کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے حامی رہے ہیں اور یہ کہ سچر کمیٹی نے بھی مسلمانوں کے حق میں اپنی یہ رپورٹ پیش کی تھی۔ ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ بینی پرساد ورما کو اپنے بیان پر ایوان کے سامنے افسوس کا اظہار کرنا چاہئے ۔ اسپیکر نے اراکین کے ہنگامے کے پیش نظر کار روائی 2بجے تک کیلئے ملتوی کر دی تھی۔ وزیر اسٹیل کے اس مبینہ بیان پر ورما سے معافی مانگنے اور استعفیٰ دینے کیلئے کہا گیا۔ مسٹر ورما نے کہاکہ میں نے ایسی کوئی بات نہیں کہی ہے اور اگر کہی ہے تو ثبوت دکھایاجائے ۔ میں نے دہشت گردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا ۔ انہوں نے کہاکہ ملائم سنگھ نے ان لوگوں سے ہاتھ ملایا ہے جنہوں نے بابری مسجد شہید کی جیسے کلیان سنگھ۔ ان(ملائم) کی پارٹی نے گجرات میں بھی بی جے پی کو جیت دلانے میں مدد کی۔ اس سے لوک سبھا میں نئے سرے سے ہنگامہ ہو گیا۔ 3مرتبہ کار روائی ملتوی ہوئی اور بالآخر تقریباً3:15بجے دن بھر کیلئے کار روائی ملتوی کرنی پڑی۔ پارلیمانی امور کے وزیر کمل ناتھ نے مسٹر ورما کے تبصرہ کیلئے معذرت کا اظہار کیا۔ سماج وادی پارٹی نے کے سربراہ کو سمجھانے کی کوشش میں کمل ناتھ نے کہاکہ ملائم سنگھ کوئی معمولی رکن نہیں ہیں وہ اپنی پارٹی کے لیڈر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ ملائم کے جذبات کا احترام کرتے ہیں ۔ بینی پرساد نے جو بیان دیا ہے اس پر افسوس ہے اس طرح کے الزامات اور بیان نہیں دینے چاہئیں ہم سب مل کر اس کی مذمت کرتے ہیں ۔

Parliament adjourned in uproar over Beni Prasad-Mulayam 'terrorism' spat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں