امن و قانون پر اتر پردیش وزیر اعلیٰ کا رویہ سخت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-19

امن و قانون پر اتر پردیش وزیر اعلیٰ کا رویہ سخت

اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا اور امن و قانون میں بہتری لانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کار روائی کی ہدایت دی۔ وہ آج شاستری بھون میں محکمہ داخلہ کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ تھانہ اور چوکی سطح پر خراب شبیہ والے پولیس اہلکاروں کی نشاندہی کر کے ان پر نظر رکھی جائے اور ضرورت کے مطابق ان کے خلاف سخت کار روائی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ حادثات کی اطلاع ملنے پر پولیس فوراً جائے وقوع پر پہنچے اور وقت رہتے مناسب کار روائی کرے کیونکہ اس سے واقعات کے سنگین رخ اختیار کرنے پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے نظریات میں تبدیلی اور حکومت پر ان کا اعتماد قائم ہونا ضروری ہے ۔ اس لئے پولیس کو اپنے نچلے سطح کے ملازمین کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی بھی واقعہ پیش آنے پر میڈیا کو فوراً حقیقت پر مبنی اطلاع دی جائے اور افواہ پھیلانے والوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کار روائی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے تھانوں کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ پولیس کو ضرورت کے مطابق جدید وسائل بھی فراہم کرائے جائیں ۔ انہوں نے پولیس کی سرگرمی میں اضافہ کیلئے گاڑیوں کا بندوبست کرنے ، ضرورت کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے ، جدید کنٹرول روم، فورنسک لیب، نان لیتھل اسلحہ وغیرہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

Government worried about law and order in Uttar Pradesh: Akhilesh Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں