ممبئی - پولیس انسپکٹر معطل - رکن اسمبلی ضمانت پر رہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-26

ممبئی - پولیس انسپکٹر معطل - رکن اسمبلی ضمانت پر رہا

باندرہ سی لنک پر رکن اسمبلی شتیج ٹھاکور کی گاڑی روکنے اور جرمانہ عائد کرنے کی جرأت کے سبب ودھان بھون میں اراکین اسمبلی کے ہاتھوں پٹنے کے بعد اسپتال میں زیر علاج ٹرایفک پولیس کے اسسٹنٹ انسپکٹر سچن سوریہ ونشی کوحکومت نے پیر کو رکن اسمبلی کے ساتھ "بدتمیزی اور بدسلوکی" کی پاداش میں معطل کردیا۔ دوسری جانب سوریہ ونشی کو ودھان بھون میں بری طرح پٹنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے رکن اسمبلی شتیج ٹھاکور اور رام کدم کو پیر کو عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔ سوریہ ونشی کے خلاف کارروائی کا اعلان وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے اسمبلی میں کیا۔ حکومت کا یہ اقدام دراصل اُن اراکین اسمبلی سے مفاہمت کی کوشش ہے جو مذکورہ انسپکٹر کے خلاف کارروائی کیلئے ہنگامہ کرتے ہوئے کئی دنوں سے ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دے رہے تھے۔ واضح رہے کہ سچن سوریہ ونشی نے گذشتہ پیر (18؍مارچ) کو ورلی سی لنک پر بہوجن وکاس اگھاڑی کے نوجوان رکن اسمبلی شتیج ٹھاکور کی گاڑی روک کر تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ اس موقع پر ٹھاکور کے ساتھ انسپکٹر کی بحث بھی ہوگئی تھی اور شتیج ٹھاکور کے یہ بتانے پر کہ وہ ایم ایل اے ہیں سوریہ ونشی نے مبینہ طورہر کہا تھا کہ ایم ایل اے ہوں گے وہ اپنے گھر کے قانون سب کیلئے برابر ہے۔ اس معاملے کو دوسرے دن منگل کو شتیج ٹھاکور نے اسمبلی میںاٹھایا تھا۔ اس بیچ ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد ودھان بھون کیی پہلی منزل پر سوریہ ونشی کو دیکھ کر ٹھاکور اور ان کے ساتھی ایم ایل اے مشتعل ہوگئے اور انہوں نے انہیں دوڑا دوڑا کر مارا۔ اس سلسلے میں شتیج ٹھاکور اور ایم این ایس کے رام کدم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی تاہم پیر کو انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی۔ جبکہ اراکین اسمبلی کے مطالبے پر حکومت نے سوریہ ونشی کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔

Assaulted cop Sachin Suryavanshi suspended, MLAs walk out of jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں