مرکزی حکومت بجٹ - اقلیتوں سے ناانصافی - اسد اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-15

مرکزی حکومت بجٹ - اقلیتوں سے ناانصافی - اسد اویسی

صدر مجلس اتحاد الملسمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے مرکز کی یوپی اے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر اس نے اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی تو پھر آنے والے انتخابات اس کیلئے بہت گراں ثابت ہوں گے ۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں بجٹ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے دیتے ہوئے یہ استدلال پیش کیا کہ حکومت اقلیتوں سے شدید نا انصافی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح حکومت اقلیتوں سے تعصب برت رہی ہے اگر انتخابات کے وقت اقلیتیں برسر اقتدار جماعت کو اس کا موثر جواب دیں تو پھر اس کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ غربت کی نچلی سطح پر مسلمان آ چکے ہیں ۔ حکومت نے اقلیتوں کیلئے مختص بجٹ میں 12فیصد کا اضافہ کیا ہے جو افراط زر کے سبب ہے لیکن سال 2011-12 اور 2012-13 کے اعدادو شمار کے حوالہ سے انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس مرتبہ 3530 کروڑروپئے بجٹ میں مختص کئے ہیں جبکہ ختم ہونے والے مالی سال میں 3135 کروڑروپئے مختص کئے گئے لیکن صرف 2200 کروڑروپئے کی اجرائی عمل میں لائی گئی اس طرح اصل بجٹ میں 935 کروڑروپئے کی رقم کم جاری کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ عجیب بات ہے کہ کروڑہا روپئے مختص کئے جاتے ہیں اور صرف چند لاکھ جاری کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں 12.4 فیصد مسلمان اور شہری علاقوں میں 27.9 فیصد مسلمان سطح غربت سے کم تر زندگی گذار رہے ہیں جو تمام مذہبی گروپس میں سب سے ابتر ہے ۔ صحت کے مسائل میں 35فیصد مسلم عورتیں کمزور پائی جاتی ہیں ۔ 54.7 فیصد مسلم عورتیں خون کی کمی کا شکار ہیں ۔ نومولود بچوں کی اموات کاسب سے زیادہ تناسب مسلمانوں میں پایا جاتا ہے جس کا فیصد 52.4 ہے ۔ 5سال سے کم عمر کے بچوں کی اموات میں مسلمان سب سے زیادہ ہیں یہ فیصد 88.7 پایا جاتا ہے جو ایک ریکارڈ ہے ۔ 6سال سے 17 سال کی عمر کے بچوں میں ترک اسکول کا تناسب مسلمانوں میں سب سے زیادہ ہے جو 29فیصد ہے ۔ دیگر مذہبی گروپس کے مقابلہ میں مسلمانوں کی یہ سنگین پسماندگی مانی جاتی ہے ۔ فروغ انسانی کے جدول میں مسلمانوں کا فیصد صرف 6.72فیصد ہے جو دیگر طبقات کے مقابلہ میں سب سے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ درج فہرست اقوام و قبائل کیلئے سب پلان کی قانون سازی کی گئی ۔ اقلیتوں کیلئے ایسا نہیں کیا گیا لیکن ان کی بہبود کیلئے جو رقم مختص کی جاتی ہے اس کی اجرائی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے ۔

Asad Owaisi objects on center Budget regarding minorities issues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں