ممبئی - سنٹرل ریلوے میں 22 لوکل ٹرینوں کا اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-28

ممبئی - سنٹرل ریلوے میں 22 لوکل ٹرینوں کا اضافہ

لوکل ٹرینوں کو ممبئی کی لائف لائن کہا جاتا ہے۔ سنٹرل ریلوئے میں جمعرات یعنی آج سے 22لوکل ٹرینوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ یہ لوکل ٹرینیں سی ایس ٹی، دادر، کلیان، تھانے سے کرجت اور تھانے سے کسار اور آسن گاؤں کے درمیان چلائی جائیں گی۔ ریلوے انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس سے بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے 77 ہزار مسافروں کیلئے گنجائش پیدا ہوگی لیکن مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ ترین ٹرینیں بھیڑ بھاڑ کے علاوہ دیگر اوقات میں چلائی جائیں گی۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ سنٹرل ریلوے کے مسافروں سے ان ٹرینوں کے چلائے جانے کا وعدہ ایک سال قبل یعنی 2012-13 کا بجٹ پیش کرتے وقت دنیش ترویدی نے کیا تھا جبکہ اس پر عمل تیسرے مرکزی وزیر ریل پون کمار بنسل کی وزارت میں ہورہا ہے۔ ممتا بنرجی کی پارٹی کے اہم رکن دنیش ترویدی کے بعد ان کی ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مکل رائے نے کمان سنبھالی تھی لیکن اب جبکہ 2012-13 کے بجٹ کی معیاد پوری ہونے میں محض 4دن باقی ہیںعمل کیا جارہا ہے۔ ٹرینوں کی سروسیز کے متعلق: 22 ٹرینوں میں سے 4 ٹرینیں سی ایس ٹی سے کلیان ، 2 ٹرینیں دادر سے کلیان، 2 ٹرینیں کلیان سے آسن گاؤں، 7ٹرینیں تھانے سے کرجت اور بدلا پور او ر7ٹرینیں کسارا سے آسن گاوں کے درمیان چلائی جائیں گی۔ ان اضافی ٹرینوں کو ملاکر سنٹرل ریلوئے میں لوکل سروسیز کی مجموعی تعداد 1606 ہوجائے گی۔ سنٹرل ریلوے کی سبھی ٹرینیں 12 ڈبے کی ہیں اور مسافروں کی تعداد40 لاکھ ہے۔

central railway to add 22 more local trains for mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں