کولکاتا پولیس - 18 فیصد سے زائد مسلم کانسٹبلوں کی تقرری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-07

کولکاتا پولیس - 18 فیصد سے زائد مسلم کانسٹبلوں کی تقرری

امسال مغربی بنگال میں ہونے والے پنچایت الیکشن کے پیش نظر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اقلیتی طبقہ خصوصی طورپر مسلمانوں کی بہتری کیلئے جن اقدامات پر عمل کرنے کا اشارہ دیا تھا اس کی پہل کرتے ہوئے کولکتہ پولیس نے اس سال جن 2354 پولیس کانسٹبل کا انتخاب کیا ہے ان میں 18۔9 فیصد مسلم پولیس کانسٹبل شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ یکم مارچ کو پنچایت الیکشن کے اعلان سے قبل ممتا بنرجی نے مذکورہ پولیس کانسٹبل کی حتمی فہرست جاری کی ہے جس میں 18۔9 فیصد مسلم پولیس کانسٹبل کی تقرری کی گئی ہے ۔ کولکتہ میں غالباً طویل عرصہ کے بعد ایک ہی سال میں اتنی بڑی تعداد میں پہلی مرتبہ مسلمانوں کی سرکاری ملازمت میں تقرری ہوئی ہے ۔ ممتا بنرجی کے مذکورہ فیصلہ کی وجہہ سے 445مسلم پولیس کانسٹبل کا کولکتہ محکمہ پولیس تقرری ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 1970ء میں مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شدھارتھا شنکر رے نے ایک سوکیولر کے ذریعہ یہ حکم جاری کیا تھا کہ ریاست کے سبھی پولیس اسٹیشنوں میں کم ازکم ایک مسلمان کی تقرری ہونی چاہئے ۔ ان کے اس سرکیولر کا مقصد پولیس میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ کرنا تھا۔ 445 کامیاب مسلم امیدواروں میں سے 222مسلم امیدواروں کا تعلق جنرل زمرہ میں شامل 1143 امیدواروں میں سے ہے ۔ جبکہ دیگر مسلم امیدواروں کا تعلق پسماندہ طبقات اور قبائل سے ہے ۔ مسلمانوں کے و وٹ کو اپنی پارٹی کے حق میں ہموار کرنے کیلئے ممتابنرجی گذشتہ دنوں رائٹرس بلڈنگ پہنچیں اور وہاں سے انہوں نے پنچایت الیکشن کیلئے ٹکٹ کا اعلان کرتے ہوئے اقلیتوں کیلے بھی اس الیکشن میں خصوصی طورپر ٹکٹ کے پیکیج کا اعلان کیا۔ ممتا بنرجی نے ساوتھ 24پرگنہ میں منعقدہ ایک عوامی جلسہ میں بھی اس بات کو دہرایا کہ سچر کمیٹی کی سفارشات میں سے 99فیصد پر ہماری پارٹی عمل کر چکی ہے ۔ کچھ سفارشات پر عمل باقی رہ گیا ہے ۔ اس پر جلد ہی عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کی جانب سے مسلمانوں کیلئے کئے گئے کاموں کی فہرست ایک کتاب کی شکل میں شائع کرنے کا بھی اعلان کیا۔

18 percent muslim constables appointed in kolkata police department

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں