اردو ، کمپیوٹر اور انٹر نیٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-01

اردو ، کمپیوٹر اور انٹر نیٹ

ان اردو ادیبوں کو۔ چاہے ان کا تعلق جدیدیت سے ہو یا ما بعد جدیدیت سے، میں جدید ادیب ماننے سے انکار کرتا ہوں جن کو کمپیوٹر سے ذرا بھی تعلق نہیں رہا ہو۔ آج کا ادیب اکثر اپنے مضامین اردو سافٹ ویر ان پیج یا صفحہ ساز میں ٹائپ کروا کے پرنٹ لے کر رسائل کو بھیجتا ہی ہے، وہ زمانہ تو اب چلا ہی گیا ہے کہ ہاتھ سے لکھیں اور کئی کاپیاں بنائیں۔ اب تو کمپیوٹر کا دور دورہ ہے۔ اور اگر اس دور میں بھی کوئی اس حقیقت سے انکار کرے تو مجھے اس کی اردو دوستی پر شک ہے۔ صفحہ ساز اور ان پیج کا یہ احسان تو ماننا ہی پڑے گا کہ اس نے اردو کو کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کی دنیا سے جوڑ دیا ہے۔ لیکن اب، جب کہ اکیسویں صدی کی پہلی دہائی ختم ہو رہی ہے، اب کسی مخصوص سافٹ وئر کو استعمال کرنا در اصل اردو کے ساتھ دشمنی ہے، یہ میرا ذاتی خیال ہے۔مجھ کو تو کبھی کبھی یہ شک ہوتا ہے کہ اس دور میں ان پیج اردو کی ترقی میں رکاوٹ کر رہا ہے ، کم از کم انٹر نیٹ کی حد تک۔ یہ تو درست ہے کہ اب تک اردو نستعلیق کو سپورٹsupport کرنے والا مقبول ڈی ٹی پی (desk-top publishing) پیکیج سامنے نہیں آیا ہے ، (اگرچہ مائکرو سافٹ پبلشر اردو کو مکمل سپورٹ کرتا ہے اور لینکس پر کارگر 'سکرائبس' (Scribus) بھی، لیکن ان کی مقبولیت کورل ڈرا ، اڈوبی السٹریٹر اور پیج میکر جیسی نہیں جو عام طور پر پبلشنگ میں کام آتے ہیں ۔)لیکن انٹر نیٹ اور عام استعمال کے لئے اب بھی ان پیج یا کسی اور سافٹ وئر کا استعمال کرنا یقیناً اردو کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ خاص کر اب نومبر، دسمبر 2008 میں علوی اور جمیل نستعلیق خطوط کے اجرا ء کے بعد۔ یہ نہیں کہ نستعلیق فانٹ اس سے پہلے نہیں تھے، نفیس نستعلیق، فجر نوری نستعلیق، سی ڈیک (C-Dac)کا نبیل نستعلیق، یہ سب قابلِ استعمال تھے۔ لیکن ان میں بنائی جانے والی دستاویزیں بھی سست رفتاری سے کام کرتی تھیں کمپیوٹر پر۔ انٹر نیٹ کی تو بات ہی چھوڑیئے۔ جب میں نے اپنے جریدے 'سمت' کا پہلا شمارہ اس فانٹ میں رکھا تھا، تو بہت سے لوگوں کا کمپیوٹر ہی 'کریش' ہو گیا!! بعد میں میں نے اسے نسخ اور 'ایجادِ بندہ 'نسق' (نسخ اور نستعلیق کا مرکب، اگرچہ لفظ نستعلیق ہی نسخ اور تعلیق سے مل کر بنا ہے) فانٹ میں پیش کیا، اور اب علوی نستعلیق اور جمیل نستعلیق فانٹس کے اجراء کے بعد جنوری 2009 کے شمارے سے نستعلیق میں نکل رہا ہے۔ اور اب اپریل مئی 2009 تک اکثر بڑی بڑی ویب سائٹس جیسے وائس آف امریکہ ، پاکستان کا اخبار جنگ وغیرہ بھی نستعلیق میں ہو گئی ہیں، بس یہ ضروری ہے کہ آپ کے سسٹم میں وہ فانٹ انسٹالڈ ہو اگر آپ کو نستعلیق میں ہی وہ ویب سائٹ دیکھنی ہو تو!۔ ورنہ یہ سب اردو کی ویب سائٹس نسخ میں ہی نظر آئیں گی۔ عربی نما نسخ در اصل ٹائمز نیو رومن یا ایریل فانٹ ہوتا ہے جو آپ کا براؤزر (انٹر نیٹ پر ویب صفحات دکھانے والا سافٹ وئر، جیسے انٹر نیٹ اکسپلورر، فائر فاکس، گوگل کروم یا اوپیرا وغیرہ) متعینہ (Default) طریقے سے دکھا دیتا ہے، اور اس میں بھی اگر آپ کا آپریٹنگ سسٹم یا براؤزر اگر پرانا ہے اور اپ گریڈ نہیں کیا گیا ہے، تو ممکن ہے کہ آپ کو اردو پڑھنے میں دقت پیش آئے۔ جگہ جگہ ے، ٹ، ہ وغیرہ کی جگہ ڈبے نظر آئیں۔
آپ کہیں گے کہ نوری نستعلیق فانٹ تو ہے، یہ در اصل ان پیج کا فانٹ ہے جو در اصل لاطینی (لیٹن سکرپٹ) کا ہی فانٹ ہے، اس میں انگریزی حروف کی جگہ یہ نظم کیا گیا ہے کہ آپ مثلاً H ٹائپ کریں تو یہ 'ح' میں بدل دے، کہ اس حرف کے ساتھ اس فانٹ میں 'ح' کی شکل جڑ ی ہوئی ہے ، لیکن اصل میں کمپیوٹر اس کو H کے طور پر ہی شناخت کرتا ہے۔ در اصل ہم فانٹ سے زیادہ زبان کو اہمیت دینا چاہتے ہیں، کہ وہ زبان جس کو کمپیوٹر بھی اردو زبان کے طور پر پہچانے، آپ ان پیج سے متن کاپی کریں اوت نوٹ پیڈ میں یا اپنے ای میل میں پیسٹ کر کے دیکھیں، انگریزی کے 'جنک کیریکٹرس' آتے ہیں یا نہیں۔ جب کہ اگر آپ کا کمپیوٹر بھی اردو کو بطور زبان پہچان سکے، یہ صرف یونی کوڈ میں ممکن ہے۔ لیکن ہم ذرا کچھ آگے بڑھ گئے، پیچھے چل کے شروع سے سمجھائیں۔
مختصر یہ کہ اردو دو طریقوں سے ممکن ہے، ایک تو اردو کے سافٹ وئر کہلوانے والے سافٹ وئر کے ذریعے، جیسے ان پیج۔ اور دوسرے اردو زبان جس کی شناخت اردو زبان کے طور پر ہی کمپیوٹر خود پہچان سکے۔ اب یہ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ اردو کی ترقی کس صورت میں پسند کرتے ہیں۔ ایک مخصوص سافٹ وئر کے ذریعے، یا اس طریقے سے جس میں کمپیوٹر آپ کی اردو زبان پہچان سکے۔ ظاہر ہے آپ بھی کہیں گے کہ اردو کو زبان کے طور پر پہچاننا بہتر ہے۔
اب یہاں دو باتیں یاد رکھنے کی ہیں۔کمپیوٹر کے طور پر یہ دونوں چیزیں الگ الگ ہیں۔ زبان اور خط۔ زبان کی اردو کے طور پر پہچان بارہ تیرہ سال سے ممکن ہے (جی ہاں، یونی کوڈ کا پہلا ورژن 1996 میں رلیز ہوا تھا، اردو کی مکمل سپورٹ بھی 1999 بھی شامل ہو گئی، اور ونڈوز 2000 پہلا آپریٹنگ سسٹم تھا جس میں اردو کی سپورٹ رکھی گئی تھی، یونی کوڈ ایسا کیریکٹر کوڈ ہے جس میں ہر زبان شامل ہے۔) ، لیکن نستعلیق اب جا کر قابلِ استعمال ہوا ہے۔ یہی دوسرا پہلو ہے، یعنی اردو خط۔ کہ اگر آپ نستعلیق کو ہی اردو سمجھیں اور نسخ کو اردو ماننے سے انکار کر دیں (حالانکہ ہر لحاظ سے وہ بھی اردو ہی ہے، کمپیوٹر اردو زبان کے طور پر ہی پہچانتا ہے اسے)، تو اردو خطوط انسٹال کرنے کی ضرورت ہو گی۔ بہت ممکن ہے کہ قریب ہی وہ دن آئے کہ آپ اردو زبان منتخب کریں، اور نستعلیق فانٹ اپنے آپ سامنے آ جائے۔ فی الحال تو یہی دور ہے کہ نستعلیق فانٹ (خطوط) آپ کو الگ سے اضافہ کرنے ہوں گے۔ کم از کم ونڈوز میں۔ اردو سلیکس آپریٹنگ سسٹم میں علوی نستعلیق میں ہی سب کچھ نظر آتا ہے، ڈیسک ٹاپ، وغیرہ سب کچھ۔ اس کا ذکر بعد میں۔ لیکن یہ فی الحال صرف ایک بار کرنا ہوگا، مثلاً ایک بار آپ عموی نستعلیق یا جمیل نستعلیق فانٹ ڈاؤن لوڈ کر لیں، تو ان فانٹسکی ہر سائٹ آپ کو نستعلیق میں ہی دکھائی دے گی۔
اب آئیے انٹر نیٹ کی طرف۔ اردو کی ویب سائٹس کہلانے والی ویب سائٹس دو اقسام کی ہیں، ایک تصویری اردو کی، دوسری تحریری اردو کی۔ تصویری اردو کی ویب سائٹ کو میں اردو زبان کی ویب سائٹ نہیں مانتا۔ یہ ویب سائٹس ان پیج میں ٹائپ کر کے اس کے ہر صفحے کو تصویری شکل میں امپورٹ کر کے بنائی جاتی ہیں۔ یوں یہ پڑھنے میں تو آ جاتی ہیں، لیکن اس میں ذیل کی مشکلات ہیں:
1۔تصویری شکل کی ہونے کی وجہ سے یہ ویب صفحات کافی دیر میں لوڈ ہوتے ہیں
2۔ اسی وجہ سے اگر آپ کو کسی صفحے سے تھوڑا سا حصہ، مثلاً پوری غزل کا ایک ہی شعر نقل (کاپی) کر کے اپنے کمپیوٹر پر محفوظ کرنا ہے تو آپ نہیں کر سکتے، اور نہ آپ اس طرح اشعار اپنے مضمون میں " کوٹ'" کر سکتے ہیں۔
3۔ تلاش کے خانے میں بھی تلاش اس کی ہو گی جو آپ ٹائپ کریں گے۔ فرض کیجیے آپ شمیم حنفی کے بارے میں کچھ تلاش کریں ، تو دیکھیں کتنے طریقوں سے یہ ممکن ہے:
Shameem Hanafi (1,210(
Shamim Hanafi (774(
Shameem Hanfi (1650(
Shamim Hanfi (2900(
قوسین میں ویب صفحات کی تعداد ہے جو اس تلاش میں برآمد ہوتے ہیں، اس میں سارے شمیموں اور حنفیوں کا شمار شامل ہے جو چاہے Shameem ہوں یا Shamim ، Hanafi ہوں یا Hanfi۔ اس کے بر عکس اردو میں 'شمیم حنفی' لکھ کر تلاش کریں تو کل ملا کر 14,700 ویب صفحات کا نتیجہ آتا ہے، اور یہ سب کے سب ہمارے شمیم بھائی کے ہی بارے میں ہیں، جس میں ان کا 'جامِ نور' میں شائع مضمون بھی شامل ہے۔ اور یہ سب آج کی تلاش ہے، 12 مئی 2009 کی، آپ کسی اور دن تلاش کریں تو صفحات کی تعداد مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔
حیدر قریشی صاحب کے نام سے تلاش کریں گوگل پر تو کیا ہجے کریں۔دیکھئے الگ الگ ہجے ٹائپ کرنے سے گوگل کے کیا نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
Hyder Qureshi (19,200)
Hyder Quraishi(840 )
Haider Qureshi (34,100)
Haider Quraishi (17,300)
یا
Haidar Qureshi (81,500)
اور ہر بار آپ کو کچھ نہ کچھ نتائج ضرور مل جائیں گے۔ لیکن ان میں بہت کم مواد وہ ہوگا جو آپ واقعی تلاش کرنا چاہتے تھے۔ لیکن اردو میں ایک ہی طریقہ ممکن ہے، بشرطیکہ آپ اردو میں ٹائپ کر سکیں۔ شمیم حنفی یا حیدر قریشی،ٹائپ کریں۔ اگرچہ حیدر قریشی کے نام سے صرف 21200 صفحات ملیں گے، لیکن سارے ہمارے حیدر قریشی کے ہی۔ جن کے بارے میں آپ نے تلاش کرنی چاہی تھی۔ ان کے انگریزی ہجوں سے (اوپر کے پانچوں ممکنات کو انگریزی میں ٹائپ کرنے پر جتنے صفحات کا نتیجہ آتا ہے۔ وہ بریکٹس میں دیا گیا ہے) جن میں سے کارآمد کچھ ہی ہوتے ہیں۔

اب خدا کے فضل سے گوگل تلاش اتنی 'ذہین' ہو گئی ہے کہ میں نے ایک بار 'کابوس' کے لفظ کی تلاش کی، یہ سوچ کر کہ کسی نے شعر میں اسے کیسے برتا ہے، تو کابوس کے ساتھ اس کی تلاش کے نتائج کے طور پر Nightmare کے مواد کی تلاش بھی شامل تھی!!
4۔ کیوں کہ جو کچھ آپ کے سکرین پر نظر آتا ہے، وہ محض تصویر ہے، اس لئے آپ انٹر نیٹ پر تلاش نہیں کر سکتے۔ مثلاً آپ کو غالب کا نقش فریادی والا شعر یاد نہیں آ رہا ہے۔ اب اگر وہ غزل تصویر کی صورت میں ہے تو آپ کا تلاش والا انٹر نیٹ انجن، جیسے گوگل، ظاہر نہیں کر سکے گا۔ آپ چاہے اردو میں لکھیں یا انگریزی میں۔ لیکن جب آپ اردو میں یہی لفظ لکھ کر تلاش کریں تو گوگل کی تلاش میں پہلی جگہ پر ہی صحیح نتیجہ برآمد ہوگا۔
اب یہی بات دیکھ لیں۔ میرے اسی مضمون کو آپ کاغذ پر پڑھ رہے ہیں، اس کو تصویری اردو میں تبدیل کر کے سائٹ پر لگا دیا جائے تب بھی اس میں دئے گئے روابط (Links) آپ کو دیکھ کر اپنے براؤزر کی اڈریس بار میں ٹائپ کرنے پڑیں گے۔ اور اگر کہیں ہجے کی غلطی ہو گئی تو آپ ان صفحات تک پہنچ نہیں سکیں گے۔ اب اگر یہی صفحہ تحریری اردو میں ہو گا تو آپ یہاں سے کاپی کر کے اپنے براؤزر کے پتے کے خانے میں پیسٹ کر سکیں گے۔ اس میں غلطی کا احتمال نہیں ہے۔ (بشرطیکہ خود میں نے روابط ٹائپ کرنے میں غلطی نہ کر دی ہو)
یہی نہیں بلکہ اب گوگل بھی اردو میں دستیاب ہے، اپنی زبان کی ترجیحات اردو منتخب کریں تو گوگل کا اپنا صفحہ بھی آپ اردو میں دیکھ سکتے ہیں۔
ایک عالمی پروجیکٹ ہے جسے وکی پیڈیا کا نام دیا گیا ہے اور جو ایساآن لائن انسائکلو پیڈیا ہے جس میں آپ خود بھی اضافہ یا تبدیلی کر سکتے ہیں، اس کا بھی اردو چینل دستیاب ہے جسے http://ur.wikipedia.org پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ بھی اسی یونی کوڈ کے سبب ممکن ہو سکا ہے۔ اسی طرح کا ایک پروجیکٹ اردو وکی اردو ویب پر بھی ہے جسے یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
http://urdulibrary.org
اسی سائٹ پر انگریزی میں کتابوں کی انٹر نیٹ لائبریری کے پروجیکٹ گٹن برگ کی طرح ایک پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ کتاب گھر(http://www.kitaabghar.com) پر بھی جہاں پہلے کتابیں ان پیج سے پی ڈی ایف فارمیٹ میں تبدیل کر کے آن لائن دستیاب کی جا رہی تھیں، اب اردو تحریر میں بھی دستیاب ہیں۔

ایک اچھی کوشش اردو ویب کی فورم محفل (http://urduweb.org/mehfil) کی صورت میں ہے جو اردو کی پہلی مکمل یونی کوڈ فورم ہے ۔ اس کو اردو کا مکمل پورٹل بنانے کی کوشش جاری ہے ۔ اسی سائٹ (http://urduweb.org)پر ہی اردو وکی بھی ہے اور اردو سیارہ بھی جس میں اردو کے کئی بلاگس بھی موجود ہیں۔ (بلاگس ذاتی نوعیت کے جرنلس یا ڈائری ہوتی ہے جسے مصنف دوسروں کے ساتھ شئر کرنا چاہتا ہے ۔ اور اب اس میں بھی طرح طرح کے تجربے کئے جا رہے ہیں، مثلاً کچھ جریدے بھی دراصل اس کے بلاگ کی شکل میں شائع کئے جاتے ہیں۔) ۔
اردو تحریر کو کمپیوٹر پر لکھنے پڑھنے کی مدد کے لئے اکثر اردو تحریری ویب سائٹس پر امداد بھی مل سکتی ہے ۔ بہت سی ایسی فورمس ہیں جو ان لوگوں کو اردو میں تحریر کرنے کے لئے سائٹ پر ہی نوٹ پیڈ مہیا کرتی ہیں جہاں آپ صوتی طور پر (جیسے ایم کی کنجی سے میم اور این کی کنجی سے نون) اردو تحریر ٹائپ کر سکتے ہیں۔ اردو لائف ای میل کی سہولت بھی اسی طرح دیتی ہے ۔ اردو لائف، اردو ویب وغیرہ پر ایسی سہولت موجود ہے ۔ اردو تحریر کو قابل عمل بنانے کے لئے بھی کچھ فعال گروہ ہیں۔ ایسا ہی ایک بے حد فعال گروہ اس احقر کا یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ (http://groups.yahoo.com/group/urdu_computing)ہے . یہاں آپ کو صوتی کی بورڈ اور فانٹس بھی دستیاب ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان کا مرکز تحقیقات اردو (http://crulp.org)پر بھی ونڈوزا ور لینکس کے کلیدی تختے اور فانٹس دستیاب ہیں۔

Urdu, Computer & Internet, Article by: Aijaz Obaid

2 تبصرے:

  1. اچھا مضمون ہے

    جواب دیںحذف کریں
  2. نذرِ( بابائے اردو ثانی) محترم اعجاز عبید صاحب
    احمد علی برقی اعظمی
    مشفقِ من، محترم، عالی مقام
    آپ کی برقی نوازی کو سلام
    آپ ہیں ملکِ ادب کے شہریار
    آپ کی خدمات ہیں نقشِ دوام
    آپ کا کوئی نہیں نعم البدل
    آپ ہیں اردو نوازوں کے امام
    دوسرے بابائے اردو آپ ہیں
    آپ کا ہے زندۂ جاوید نام
    آپ کو اللہ دے اجرِ عظیم
    آپ کا برقی ہے اک ادنیٰ غلام

    جواب دیںحذف کریں