اردو ادب کو قرۃ العین حیدر کی خدمات - سمینار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-28

اردو ادب کو قرۃ العین حیدر کی خدمات - سمینار

آکاش وانی نجیب آباد کے زیر اہتمام "اردو ادب کو قرۃ العین حیدر کی خدمات" موضوع پر منعقدہ سمینار کو خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اردو ناول نگار قرۃ العین حیدر کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ وہ ایک عظیم ناول نگار تھیں جنہوں نے اپنے ناولوں میں سماج کا کرب، سماجی زندگی،معاشرہ کی خرابیوں کو اجاگر کیا ہے ۔ شکیل جمالی نے کہاکہ قرۃ العین حیدر کی کہانیوں میں ہندوستان کی تقسیم کا بہت درد ملتا ہے وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ہندوستان تقسیم ہو، کیونکہ یہ عہد جدید کا سب سے بڑا سانحہ تھا جس کو انہوں نے اپنی کہانی کا موضوع بنایا ہے ۔ ڈاکٹر نیر جلال نے کہاکہ اردو ادب میں قرۃ العین حیدر وہ پہلی ناول نگار ہیں جن کے ناولوں میں زندگی کی بقا بھی ملتی ہے اور فنا بھی ہے ۔ جنہوں نے اپنے ناولوں میں مستقبل، حال اور ماضی، بدلتی تہذیب اور کردار کو بڑی ہی خوش اسلوبی کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے ناول آگ کا دریا، سفیہ غم دل، آحر شب کے ہمسفر، جلاوطنی، یہ باتیں وغیرہ بڑے ہی مقبول ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر افشاں ملک نے کہاکہ قرۃ العین حیدر کی تصنیف کا موضوع مشترکہ تہذیب رہی ہے ۔ انہوں نے اپنے ناولوں میں ہندومسلم اتحاد، شیشے کا گھر میں تہذیب اور اتحاد کے منظر کو پیش کیا ہے اور مشترکہ تہذیب کو بچانے کا کام کیا ہے ۔ مگر سیاست کے سوداگروں نے چند لمحوں میں اس کو ختم کرنے کا کام کیا ہے ۔ راشد جمال فاروقی نے کہاکہ انہوں نے اپنی کہانیوں میں موسموں کے بدلنے کا منظر، مغربی تہذیب اور مشرقی تہذیب کی پینٹنگ کو بڑی مہارت کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ ڈاکٹر عرفان نے اپنے خطاب میں کہاکہ قرۃ العین حیدر بین الاقوامی سطح کی ایک عظیم ترین خاتون شخصیت تھیں ۔ جنہوں نے اپنے ناولوں میں کردار نگاری کا خاص کارنامہ انجام دیا ہے ۔

Seminar on Qurratul ain Haider in najibabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں