ماقبل بجٹ ہندوستانی معاشی سروے - اہم خد و خال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-28

ماقبل بجٹ ہندوستانی معاشی سروے - اہم خد و خال

حکومت نے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے مسلسل خوراک کی فراہمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے نمٹنے کیلئے زرعی تحقیق، دیہی بنیادی ڈھانچے ، زرعی منڈی اور کسانوں کو قرض کی فراہمی کے شعبوں میں زبردست سرمایہ کاری کرنی پڑے گی۔ پارلیمنٹ میں آج پیش کئے گئے 2012-13 کے اقتصادی سروے میں حکومت نے کہاکہ حالیہ برسوں میں ملک میں زرعی پیداوار میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے ۔ 2011-12 میں اناج کی پیداوار ریکارڈ25کروڑ93لاکھ 20ہزار ٹن رہی ہے ۔ گیارہویں پنچ سالہ منصوبے کے دوران زرعی ترقی کی شرح 3.6فیصد ہے لیکن یہ نشانے سے اب بھی 4فیصد کم ہے ۔ سروے میں کہا گیا ہے ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مسلسل خوراک کی فراہمی ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ مذکورہ شعبوں میں زبردست سرمایہ کاری کی جائے اور کسانوں کی منڈی تک رسائی آسان کی جائے ۔ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسانوں کو قرض کی فراہمی کی سہولتوں کا دائرہ اور وسیع کرنا ہو گا تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار کیلئے ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے ۔ سروے میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ شمالی مشرقی علاقے کی زرعی ترقی کی رفتار دیگر علاقوں کے مقابلے میں سست ہے ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں فصلوں کی پیداوار کے بہتر امکانات ہیں اچھی تکنیک کے استعمال سے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ سروے میں بتایا گیا کہ زرعی منڈی میں سپلائی ایک اہم معاملہ ہے کیونکہ خراب سڑکوں ، منڈیوں کے درست نہ ہونے اور بنیادی ڈھانچے کی کمی کے سبب وہاں تک مال پہنچ ہی نہیں پاتا ہے ۔ مزید یہ کہ بہت زیادہ سخت قوانین کی وجہہ سے بھی کسانوں کومنڈیوں تک پہنچنے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اقتصادی سروے میں جن فکر مندیوں کا ذکر کیا گیا ان میں سب سے اوپر یہ بات تھی کہ کئی دفعہ پوری فصل خراب ہو جاتی ہے جس سے کسانوں کی آمدنی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ اس سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ زرعی پیداوار میں بہتری کے ساتھ ساتھ خوراک کو ڈبہ بند کرنے ، اس کی خردہ فروخت اور دیگر سہولتیں کسانوں کو فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بتہر آمدنی حاصل ہو سکے ۔ سروے میں یہ انکشاف کیا گیا کہ ملک میں فی کس خوراک کی دستیاب کم ہورہی ہے جو حکومت کیلئے تشویش کا سبب ہے ۔

Pre-Budget economical Survey - main points

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں