مسجد اقصیٰ کے تحفظ کی ذمہ داری امت مسلمہ پوری کرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-24

مسجد اقصیٰ کے تحفظ کی ذمہ داری امت مسلمہ پوری کرے

فلسطین اور مصر کے جید علماء اور مبلغین نے امت مسلمہ سے مسجد اقصیٰ اور القدس کو اسرائیلی ریشہ دوانیوں اور آئے دن کے جارحانہ حملوں سے بچانے کے لیے مدد نصرت کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ غزہ میں مصری و فلسطینی علماء کی چوتھی عالمی کانفرنس میں کیا گیا ۔ جمعہ کی شام ہونے والی اس عظیم الشان کانفرنس میں فلسطین اور مصر کے سینکڑوں جید علماء اور داعیان دین نے شرکت کی ۔ فلسطینی وزیر اوقاف ومذہبی امور ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے کہا کہ یہ کانفرنس اور اس میں مصری علماء کی شرکت ہمارے درمیان گہرے تعلقات کی نشاندہی کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کانفرنس مصری وزرات اوقاف کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے نتیجے میں منعقد کی جارہی ہے ۔ علماء کرام کے یہ اجتماع بھی غزہ کے محاصرے کو توڑنے کی ایک کوشش ہے ۔ انہوں نے قبلہ اول اور القدس کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسرئیل نے القدس اور مسجد اقصی کو یہودی رنگ میں رنگنے کی کارروائیوں اور سازشوں کا سلسلہ وسیع کر رکھا ہے ۔ گنبد صحرہ کو شہید کرکے اس کی جگہ ھیکل سلیمانی تعمیر کرنے کی دھمکیاں تیز ہوتی جارہی ہیں ۔ یہودی آبادکاروں اور سکیورٹی فورسز نے مسجد اقصی پر حملے تیز کردیے ہیں ، صہیونی حکومت اہالیان القدس اور دیگر فلسطینیوں کو حرم قدسی میں نماز پڑھنے سے مسلسل روک رہا ہے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی امور کی سپریم کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صلاح سلطان کا کہنا تھا کہ غزہ نے اسرائیل کی چیرہ دستیوں اور معاشی ناکہ بندی کے خلاف تاریخی مزاحمت کر کے امت مسلمہ کے سامنے ایک عزم و ثبات کا ایک انوکھا ماڈل پیش کردیا ہے ۔

aqsa mosque security - responsibility of all muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں