کولکاتا - پانچ منزلہ تجارتی عمارت میں بھیانک آگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-28

کولکاتا - پانچ منزلہ تجارتی عمارت میں بھیانک آگ

کولکاتا کے 5منزلہ تجارتی کامپلکس میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس کامپلکس میں زیادہ تر پلاسٹکس اور کاغذات کی اشیاء فروخت ہوتی ہے ۔ شہر کے علاقہ سیلدھا میں واقع اس کامپلکس میں مہیب آگ کے باعث 20افراد ہلاک اور دیگر 10زخمی ہو گئے ۔ یہ آگ 25سالہ قدیم سوریہ سین مارکٹ کامپلکس میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں 3بج کر 50 منٹ پر بھڑک اٹھی۔ یہ عمارت گودان کے علاوہ دفاتر پر مشتمل کامپلکس ہے ۔ آگ بھڑک اٹھنے کے وقت اس مارکٹ میں زیادہ تر مزدور ہی موجود تھے ۔ مہلوکین کی تعداد بھی مزدوروں کی ہے ۔ یہ مزدور جس وقت آگ بھڑک اٹھی تھی محو خواب تھے ۔ مارکٹ کے وائس چیرمین سوشا نتا گھوش نے کہاکہ کامپلکس میں کام کرنے والے مزدور عمارت میں سور ہے تھے مارکٹ کامپلکس کے سینڑوں پر سامان رکھ دیا گیا تھا جس سے راستہ بند ہو گیا۔ آگ لگنے کے بعد لوگوں کو سیڑھوں کے راستے بچ نکلنے میں مشکل ہوئی آتش فرو محکمہ کے عہدیداروں کے مطابق کامپلکس کے گوداموں میں جو گراونڈ فلور اور فرسٹ فلور پر واقع ہیں پلاسٹک، کاغذات اور کپڑوں کی اشیاء کا ذخیرہ رکھا گیا تھا۔ آگ کی وجہہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا۔ تقریباً 200 دکانات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں ۔ گھوش نے کہاکہ اس عمارت میں صرف ایک ہی آمدورفت کا راستہ ہے ۔ یہاں پر ایک ایمرجنسی راستہ بھی ہے لیکن اسے گذشتہ 15سالوں کے دوران کبھی استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ کامپلکس پلاسٹک، پارچہ جات اور گیس سلینڈروں جیسے آتش گیر اشیاء سے بھرا پڑا ہے ۔ اس آگ کی وجہہ کا ابھی پتہ نہیں چلا ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آتشزدگی واقعہ کے بعد اس علاقہ کا دورہ کیا اور پولیس، فائر بریگیڈ اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تین دن کے اندر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلا کر رپورٹ داخل کریں ۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپئے کا معاوضہ کا اعلان کیا۔ زخمیوں کیلئے 50ہزار روپئے دئیے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے عوام پر زوردیا کہ وہ رات کے وقت مارکٹ میں محوخواب نہ رہیں ۔ اگر ضرورت پڑے تو وہ زیادہ سے زیادہ چوکس رہیں اور آتش گیر اشیاء کے قریب آگ لگنے والی اشیاء بھی نہ رکھیں ۔ محکمہ آتش فرو کے وزیر جاوید خاں نے کہاکہ جلتے ہوئے گوداموں سے 6افراد کو بیہوشی کے عالم میں باہر لایا گیا۔ یہ لوگ اندر پھنسے ہوئے تھے ۔ جھلسے ہوئے افراد کو سرکاری دواخانوں میں شریک کر دیا گیا ہے ۔ آگ بجھانے کیلئے 26 آتش فرو گاڑیوں کو مصروف رکھا گیا تھا۔

20 killed, 50 injured in Sealdah market fire

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں