نیٹ کے سوالیہ پرچہ کی اردو میں عدم فراہمی اصولاً غلط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-04

نیٹ کے سوالیہ پرچہ کی اردو میں عدم فراہمی اصولاً غلط

سرکاری ادارہ سنٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے ملک بھر کے مختلف میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسس کے داخلہ جاتی امتحان "نیٹ۔ 2013(نیشنل ایلی جیبلٹی کم انٹرنس ٹسٹ) میں اردو زبان میں سوالیہ پرچہ فرام کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ بورڈ کے اس اعلان کو اردومیڈیم کے جونیر کالجوں کے اساتذہ اور پرنسپل حضرات نے خطرناک قرار دیا ہے اور اسے اصولاً غلط بتایا ہے ۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اس فیصلے سے اردو میڈیم کے ہزاروں طلبہ مہاراشٹرا میں 69 میڈیکل کورسیس سے محروم ہو سکتے ہیں ۔ یہ امتحان 5 مئی کو لیا جائے گا۔ اس تعلق سے رئیس ہائی اسکول و جونیر کالج (اردو میڈیم) بھیونڈی کے پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہاکہ "یہ اصولاً غلط ہے کہ جس اردو میڈیم کے مہاراشٹرا میں 168 سائنس جونیر کالج اور کم ازکم 6ہزار طلبہ ہیں ان کیلئے اردو زبان کا پرچہ نیٹ2013 میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب مراٹھی میڈیم کا سوالیہ پرچہ فراہم کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔ جس کا پورے مہاراشٹرا میں ایک بھی جونیر کالج نہیں ہے ۔ لہذا جہاں ایک جانب قومی سطح پر اردو کے فروغ کیلئے اردو کونسل قائم کی جا رہی ہیں وہیں دوسری جانب اردو کے طلبہ کیلئے اس طرح کا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے ۔ نیٹ کے امتحان میں اردو کا پرچہ نہ دینے سے ارد و میڈیم کے طلبہ کو یقینا پریشانی ہو گی کیونکہ جنہوں نے 12 سال تک ارد میں ہی تعلیم حاصل کی ہے انہیں اچانک انگریزی یا دیگر زبان میں پرچہ دینا دشوار ہو گا۔ اس سلسلے میں ملیہ جونیر کالج (اردو میڈیم) بیڑکے لیکچر ر محمد نجم الدین سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ "مرکزی حکومت کی جانب سے میڈیکل کورسس کے لئے داخلہ امتحان نیٹ 2013 میں اردو میں سوالیہ پرچہ نے دینے سے کئی طلبہ فارم نہیں بھر رہے ہیں
۔ اتنا ہی نہیں قومی سطح پر منعقد کئے جانے والا یہ امتحان ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسس کیلئے منعقد کیاجا رہا ہے اور مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ چاہیں تو اس نیٹ کو ریاستی پیمانہ پر نافذ کریں یا علیحدہ امتحان لیں لیکن حکومت مہاراشٹرا نے اسی امتحان کو دیگر کورسس کیلئے بھی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایسے کرنے سے اردو میڈیم کے طلبہ میڈیکل ایجوکیشن کے کل 29 کورسس سے محروم ہو جائیں گے جو بہت بڑی محرومی ہو گی۔ " انہوں نے مزید کہاکہ اردو میڈیم کے طلبہ کو اس محرومی سے بچانے ، ان کا حق انہیں دلانے اور نیٹ میں اردو کا پرچہ شامل کرنے کیلئے ہم سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضداشت (پی آئی ایل) داخل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں "۔

Row over NEET 2013 Question paper in URDU Language

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں