Protest on innocent prophet hindi version of youtube
متنازعہ فلم انوسنس آف اسلام اور اس جیسی اشتعال انگیز فلموں کو گوگل اور یوٹیوب پر شائع کرنے کے خلاف مختلف عدالتوں کی جانب سے حکومت کو سخت تنبیہ اور نگرانی کی ہدایت کے باوجود ملعون پاکستانی نژاد عمران فراست کی گھناونی فلم کو ہندوستان میں یوٹیوپ پر کاسٹ کیا جا رہا ہے ۔ انتہائی اشتعال انگیز اور اہانت پر مشتمل ہندی ترجمہ کے ساتھ 6منٹ 47سیکنڈ پر مبنی اس فلم کو یوٹیوب پر بغیر کسی روک ٹوک کے دکھایاجا رہا ہے ۔ دریں اثناء دہلی پولیس نے فلم کی شکایت ملنے پر ایف آئی آر درج کر لی ہے ۔ دہلی پولیس کے ذریعہ ایف آئی آر درج کرنے کی کار روائی اس وقت ہوئی جب جمعیۃ علماء ہند دہلی کے مولانا غیور قاسمی، مولانا اسلام الدین، مولانا جاوید سلیم اور ہندی صحافی انس صدیقی نے فلم کے خلاف دہلی پولیس ہیڈکوارٹر میں تحریری شکایت داخل کی۔ انس صدیقی نے بتایاکہ ہماری شکایت پر دہلی پولیس نے فلم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ واضح ہوکہ ملعون عمران فراست کی فلم کو یوٹیوب پر کاسٹ کئے جانے کی خبر آتے ہی تنظیمی اور انفرادی سطح پر پولیس اور متعلقہ محکموں کو مختلف تحریری شکایتیں دی گئی ہیں ۔ جمعیۃ علماء ہند سے موصول اطلاع کے مطابق تنظیم کے صدر قاری عثمان منصور پوری نے وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے نام مکتوب لکھ کر فلم پر فوراً پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مولانا منصور پوری نے مطالبہ کیا ہے کہ اہانت رسول (نعوذ باﷲ) کی انتہائی شکل پر مبنی اس فلم میں ایسے اشتعال انگیز کارٹون دکھائے گئے ہیں جس سے ہیجان اور تشدد کا اندیشہ ہے ۔ اسی وجہہ سے اس فلم کو فوراً یوٹیوب سے ہٹایاجائے ۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ملعون فلم کو فوراً ہٹا کر یوٹیوب اور گوگل پابندی لگائی جائے تاکہ وہ آئندہ اس طرح کی فلمیں یا اسلام مخالف چیزیں براڈ کاسٹ نہ کریں ۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں