حیدرآباد بم دھماکے - پارلیمنٹ میں مباحثہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-23

حیدرآباد بم دھماکے - پارلیمنٹ میں مباحثہ

مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج دہشت گرد کا مقابلہ کرنے سے متعلق حکومت کے قول و قرار کی ازسر نو توثیق کی اور کہاکہ حیدرآباد میں جڑواں دھماکوں کے پیچھے کار فرما سازشی اور اس جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرموں کو قانون کے سامنے جوابدہ بنانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ کل حیدرآباد میں پے درپے 2دھماکوں میں کم ازکم16 افراد ہلاک اور 117 زخمی ہوئے ہیں ۔ شنڈے نے کہاکہ آج صبح انہوں نے مرکزی محکمہ داخلہ کے سکریٹری آر کے سنگھ کے ساتھ جائے واردات کا معائنہ کیا اور پھر اسپتال گئے جہاں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ نے کل رات ہی مہلوکین کے ورثاء کیلئے 2'2لاکھ روپیہ اور زخمیوں کیلئے پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپیہ تک کا اعلان کیا ہے ۔ اب حالات قابو میں ہیں ۔ شنڈے نے ہلاک شدگان کے لوگوں کیلئے تعزیت اور ہمدردی کا اعلان کیا۔ حیدرآباد کے دلسکھ نگر میں کل ہوئے زبردست بم دھماکوں کے پیش نظر پارلیمنٹ نے آج دنیا کو یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پورا ہندوستان متحد ہے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں آج کام کاج کے پہلے روز کار روائی پہلے 12بجے تک اور اس کے بعد دن میں ڈھائی بجے تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیرمین حامد انصاری نے اپنے بیان میں کہاکہ حیدرآباد 2طاقتور بم دھماکوں میں معصوم جانوں کے ضائع ہو جانے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ اس سے زیادہ سنگین اور وحشیانہ حرکت ہو ہی نہیں سکتی۔ ڈاکٹر انصاری نے کہاکہ ہمیں دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے یہ عزم کرنا چاہئے کہ ہم دہشت گردی کی ہر صورت کے خلاف متحدہ ہو کر جنگ کریں گے ۔ لوک سبھا کی اسپیکر میرا کمار نے اسے بزدلانہ حرکت قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ ایوان اس دہشت گردانہ اور بزدلانہ حرکت کی ایک آوازہو کر مذمت کرتا ہے ۔ ارکان نے ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں دو منٹ کی خاموشی منائی۔

Hyderabad blasts discuss in parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں