حیدرآباد بم دھماکوں کی ملک گیر جانچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-24

حیدرآباد بم دھماکوں کی ملک گیر جانچ

حیدرآباد میں جمعرات کو ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی جانچ کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تفتیشی ایجنسیوں نے اترپردیش، بہار اور جھارکھنڈ میں بھی مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ مہاراشٹرا کے ناندیڑاور دیگر کئی علاقوں میں کومبنگ آپریشن اور متعدد افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ ادھر حیدرآباد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اہم سراغ ملنے کا دعویٰ اور جلد ہی کیس کو حل کر لینے کی امید ظاہر کی ہے ۔ حیدرآباد پولیس نے دھماکوں کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے 10لاکھ روپئے کے انعام کا بھی اعلان کیا ہے ۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ دلسکھ نگر بم دھماکوں سے قبل مرکز کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ این کرن کمار ریڈی کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ "ہمیں اہم سراغ ملے ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ کیس کو بہت جلد حل کر لیاجائے گا"۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر انوراگ شرما نے بھی تفصیلات میں جانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ "ہمیں کچھ ثبوت اورکچھ سراغ ملے ہیں ۔ ہمیں دھماکہ کی جگہ سے سی سی ٹی وی کا فوٹیج ملا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے "۔ دھماکوں کے تعلق سے گرفتاریوں کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ "ابھی ہم نے کسی کو گرفتار نہیں کیا، ہر طرح کے ثبوتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے "۔ میڈیا میں دھماکوں کیلئے انڈین مجاہدین کو ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انوراگ شرما نے کہاکہ "ابھی جانچ چل رہی ہے ۔ جب تک جانچ مکمل نہیں ہو جاتی تب تک ہم کوئی نتیجہ اخذ نہیں کر سکتے "۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں امنویم نائٹریٹ اور ٹائمر ڈیوائس کا استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس کمشنر انوراگ شرما نے بتایا کہ بم دھماکوں کی جانچ کیلئے 15خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ ہر ٹیم میں 10سے 15اہلکار شامل ہیں ۔ پی ٹی آئی کے مطابق تفتیش کار سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملنے والے اشاروں پر کام کر رہے ہیں ۔

Hyderabad blasts: Cops get 'clear clues', question 30 people

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں