برہانی کالج بزم اردو - خواتین تحفظ سے متعلق اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-21

برہانی کالج بزم اردو - خواتین تحفظ سے متعلق اجلاس

ہماری زندگی میں عورت کا کردار ایک خاص اہمیت کاحامل ہے ۔ ہمیں عورتوں کی عزت کا پورا خیال رکھنا چاہئے کیونکہ وہی ہمارے معاشرہ کو مہذب اور با کردار بنانے میں اہم رول ادا کرتی ہیں ۔ ہمیں ان کی قربانیوں کی قدر کرنا چاہئے وہ عورت ہی ہوتی ہے جو ایک مرد کو کامیابی اور سروخروئی سے ہمکنار کرتی ہے لہذا ہمیں اپنی ماں اور بہنوں کے پیار و ایثار کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے اور انہیں ان کے حقوق سے محروم نہیں کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار ممبئی یونیورسٹی کے وائس چانسلر راجن ویلوکر نے بدھ کو برہانی کالج میں بزم اردو کی جانب سے "خواتین کی اہمیت اور ان کے حقوق " کے موضوع پر منعقدہ پروگرام میں کیا۔ اس پروگرام میں وائس چانسلر ویلو کر نے مزید کہاکہ میں آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ عورتوں کی عزت و احترام کا خاص خیال رکھیں اور انہیں ان کے حق سے محروم نہ کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کسی بھی تعمیری تحریک کا آغاز ہمیں اپنے گھروں سے کرنا چاہئے لہذا اگر ہمیں عورتوں کی عزت واحترام سے متعلق اپنی سنجیدگی اور بالیدگی کا اظہار کرنا ہے تو ہمیں اپنے گھر کی عورتوں کو پہلے ترجیح دینی چاہئے اور ان کی عزت کرنی چاہئے ۔ ممبئی کے پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر لیتے ہیں اور زندگی کی بنیادی سچائیوں کو نہیں سمجھتے ہیں تو اس تعلیم کا کوئی مقصد نہیں رہ جاتا، اگر ہم اپنے بزرگوں اور عورتوں کا احترام نہیں کرتے ہیں تو سمجھ لیجئے کہ آپ کی تعلیم بے فیض ہے ۔ اس پروگرام میں مشہور صحافی اور سماجی کارکن جاویدآنند، انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی، سید جمشید علی، ممبئی یونیورسٹی کی جوائنٹ ڈائرکٹر منجولا مالوئی، سہیل لوکھنڈ والا، انجمن اسلام اکبر پیر بھائی کالج کے پرنسپل محمود الحسن وغیرہ نے شرکت کی جبکہ برہانی کالج انتظامیہ کے ذمہ داروں شامل میں سیموئیل بھائی، شعیب بھائی اور پرنسپل ڈاکٹر فرخ وارث وغیرہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر مذکورہ عنوان پر انٹر کالجیٹ مباحثہ، پوسٹر اور سلوگن مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں شہر و بیرون شہر کے متعدد کالجوں نے حصہ لیا اور کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ ان مقابلوں میں جج کے فرائض مشہور آرکٹیکٹ دیپا سنسارے ، عائشہ ظہیر قاضی، ٹائمزآف انڈیا کے سینئر رکن محمد وجیہ الدین، مشہور صحافی اسلم کرتپوری، روزنامہ صحافت کی اسوسی ایٹ ایڈیٹر شیریں دلوی اور راقم الحروف نے انجام دئیے ۔ نظامت پروفیسر قاسم امام نے کی۔

A meeting on Womens safety in Burhani College by its Bazm-e-Urdu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں