ملی مسائل پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-04

ملی مسائل پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا اجلاس

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے آج دعوی کیا کہ مسلم نوجوانوں کی بڑی تعداد کو دہشت گردی کے الزامات میں جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے ۔ ان کے خلاف اب تک کوئی چارج شیٹ بھی داخل نہیں کی گئی۔ 10 سال قبل ان مسلم نوجوانوں کو گھروں سے اٹھالئے جانے کے بعد جیلوں میں محروس رکھا گیا ہے ۔ صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا سید محمد رابع حسن ندوی کی زیر صدارت منعقدہ بورڈ کے عاملہ اجلاس میں بے قصور مسلم نوجوانوں کی بڑی تعداد کو جیلوں میں محروس رکھنے کے مسئلہ پر غور و خوص کیا گیا۔ کئی برسوں سے مسلم نوجوان کسی جرم کے بغیر جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند ہیں ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری مولانا عبدالرحیم قریشی نے کہاکہ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ بے قصور مسلمانوں کے خلاف ایک دہا بعد بھی واحد چارج شیٹ پیش نہیں کی گئی۔ یہ جمہوری ملک میں مسلم نوجوانوں کو کسی جرم کے بغیر سزا دینا باعث شرم ہے ۔ پولیس 12 سال سے جیلوں میں بند مسلم نوجوانوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ اس کے باوجود یہ نوجوان رہائی کو ترس رہے ہیں ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ نے تمام بے قصور مسلم نوجوانوں کی فوری رہائی اور انہیں معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو میں منعقدہ اجلاس میں 51 رکنی مجلس عاملہ کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجلس عاملہ نے اتفاق رائے سے مسلم مطلقہ کے تعلق سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں کچھ نکات مرکزی حکومت کو پیش کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ مرکز کے تیار کردہ ڈائرکٹ ٹیکسیس کوڈ قانون پر بھی غور کیا گیا۔ اس قانون کا اطلاق مسجد، مدرسہ، درگاہ اور خیراتی ادارہ پر بھی ہو گا۔ بورڈ نے اس قانون کی مخالفت کی اور کہاکہ یہ حق بجانب نہیں ہے ۔ بورڈ نے مسجد، مدرسہ، درگاہ اور خیراتی ادارہ کا اس قانون سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ مسلمانوں کیلئے لازمی نکاح رجسٹریشن قانون پر بھی اعتراض کیا گیا۔ بورڈ کے رکن ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہاکہ بورڈ نے لازمی نکاح رجسٹریشن قانون کے خلاف حکومت سے نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں مولانا کلب صادق، مولانا اشرف، مولانا نظام الدین، مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی اور دیگر نے شرکت کی۔ بورڈ کا آئندہ اجلاس 22تا24 مارچ اجین میں منعقد ہو گا۔

All India Muslim Personal Law Board convention on muslim issues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں