سعودی عرب اور فرانس - مالی کی صورتحال پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-29

سعودی عرب اور فرانس - مالی کی صورتحال پر غور

سعودی عرب کے ولیعہد پرنس سلمان نائب زیراعظم اور وزیر دفاع نے بڑی علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں پر فرانسیسی وزیر دفاع ژاں وائی ویلسی دریان کے ساتھ مذا کرات کئے ۔ ریاض میں ایک فرانسیسی سفارتکار نے بتایا کہ مذا کرات میں مالی میں مداخلت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پرنس سلمان اور ویلسی دریان نے مشترکہ مفاد اور علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر حالیہ تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی پریس ایجنسی نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ فرانسیسی وزیر دفاع نے ولیعہد کو صدر فرانس اولاند کا ایک پیام حوالے کیا ہے جو خادم الحرمین الشریفین کے نام ہے ۔ اس خط میں مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت کے محرکات اور اسباب و علل بیان کئے گئے ہیں اور سعودی عرب سے اس ضمن میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔ فرانسیسی وزیر دفاع سعودی حکام سے شام‘ عراق اور یمن میں جاری بحرانوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ واضح رہے کہ فرانس مالی میں جنگ مسلط کرنے کے بعد اب خلیجی ممالک سے اس کے اخراجات برداشت کرنے کی اپیلیں کر رہا ہے ۔ فرانس سے قبل امریکہ‘ عراق‘ کویت اور افغانستان میں جنگوں کے فوجی اخراجات پورے کرنے کیلئے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے رقوم اینٹھنے کے کامیاب تجربات کر چکا ہے اور اب فرانس بھی اس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جنگ کیلئے دوسرے ممالک سے رقوم حاصل کرنے کا طالب ہے لیکن ابھی تک اس سے کوئی ٹھوس وعدے نہیں کئے گئے ہیں ۔

Mali Crisis In Spotlight At Saudi-French Defense Talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں