سعودی عرب - تیسری عرب اقتصادی و سماجی ترقیاتی کانفرنس کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-22

سعودی عرب - تیسری عرب اقتصادی و سماجی ترقیاتی کانفرنس کا آغاز

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تیسری عرب اقتصادی، سماجی اور ترقیاتی کانفرنس شروع ہو گئی ہے ۔ اس 2روزہ کانفرنس میں عرب دنیا میں اتھل پتھل کے تناظر میں اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے ہفتے کے روز کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں کہا تھا کہ "اس اقتصادی کانفرنس کو محض ایک معمول کی سرگرمی نہیں ہونا چاہئے "۔ انہوں نے کہاکہ عرب دنیا کو گذشتہ دو سال کے دوران سیاسی اتھل پتھل کا سامنا ہوا ہے لیکن ہم ان کے اقتصادی پہلوؤں کو نظر انداز نہیں کر سکتے ۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ "ہماری دوروزہ کانفرنس میں عام لوگوں کی زندگیوں سے متعلق مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہئے اور ہمیں لوگوں کی خواہشات پر پورا اترنا چاہئے "۔ عرب اقتصادی کانفرنس میں متعدد عرب ممالک کے صدور اور وزراء شرکت کرہے ہیں ۔ واضح رہے کہ بیشتر عرب ممالک کو اس وقت غربت، بے روزگاری اور سماجی ناہمواریوں جیسے مسائل کا سامنا ہے اور انہی مسائل نے تیونس میں 2010ء کے آخر میں مطلق العنان صدر زین العابدین بن علی کی حکومت کے خلاف عوامی انقلابی تحریک کو جنم دیا تھا اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے عرب بہاریہ کے نام سے مصر، لیبیا، یمن، شام اور اردو وغیرہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ واضح رہے کہ معاشی ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ عرب دنیا عوامی احتجاجی تحریکوں سے حاصل ہونے والے شرات سے محروم ہو سکتی ہے اور وہ انقلابات کے بعد ترقی کے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدے اٹھانے میں ناکام رہی ہے ۔ حالیہ اقتصادی رپورٹ کے مطابق 2011 ء میں عرب ممالک میں بے روزگاری کی شرح 15فیصد تھی۔


3rd Arab Social and Economic Development Summit opens in Riyadh saudi arabia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں