صابو صدیق مسافر خانہ - 100 سالہ خدمات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-23

صابو صدیق مسافر خانہ - 100 سالہ خدمات

کسی دور میں حج بیت اﷲ پر جانے کیلئے ہندوستان میں ممبئی ہی ایک ایسی بندرگاہ تھی جہاں سے پانی کے جہاز سے عازمین حج کیلئے روانہ ہوتے تھے ۔ مگر ممبئی میں حاجیوں کے قیام کیلئے کوئی معقول بندوبست نہیں تھا۔ عازمین مختلف کیمپوں میں عارضی طورپر رہتے تھے یہاں پر کسی طرح کا کوئی مسافر خانہ، حج ہاوس وغیرہ کی سہولت نہیں تھی ایسے میں حاجیوں کو مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ پورے ملک سے آنے والے عازمین حج کیلئے یہ ایک اہم مسئلہ تھا۔
جس کا احساس یہاں کے ان مقامی مسلمانوں کو بھی تھا۔ جو کیمپوں میں حجاج کی خدمت کرتے تھے ۔ ان ہی مسلمانوں نے اس وقت عظیم سماجی خدمت گذار اور ملت کا درد رکھنے والے محمد حاجی صابو صدیق یس ممبئی میں حاجیوں کیلئے ایک مسافر خانہ تعمیر کرانے کی درخواست کی۔ انہوں نے جاجیوں کیلئے ایک مسافر خانہ تعمیر کرنے کا وعدہ کیا اور 1909ء میں محمدحاجی صابو صدیق مسافر خانہ کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انگریز گورنر جارج سیڈ نہم کلرک کو مدعو کیا۔ 1912 ء میں مسافر خانہ کی اس شاندار عمارت کو محمد حاجی صابو صدیق کے نام سے منسوب کرنے کے بعد باضابطہ طھورپر حاجیوں کے قیام کیلئے اسے شروع کر دیا گیا۔ اس مسافر خانہ کی عمارت کی تیاری میں اس بات کا خاص طورپر خیال رکھا گیا تھا کہ حاجیوں کے قیام کے ساتھ ساتھ حج سے متعلق ساری دستاویزی کار روائی بھی اسی عمارت کے ایک چھت کے نیچے ہو سکیں ۔
جس وقت یہ مسافر خانہ شروع ہوا تھا اس دور میں ٹرنر موریش شپنگ کمپنی کے ذریعے عازمین کے جہاز سے حج بیت اﷲ کیلئے جایا کرتے تھے ۔ اس لئے اس شپنگ کمپنی کو بھی اس عمارت میں 2 کمرے دئے گئے تھے ۔ تاکہ وہ حاجیوں کیلئے اپنی ضروری کار روائیوں کو یہیں پوری کر سکے ۔ عازمنے حج کے طبی تشخیص کیلئے 3کمروں پر مشتمل ایک چھوٹا سا اسپتال بھی یہاں عارضی طورپر کھولا جاتا تھا۔ عازمین حج کیلئے زر مبادلہ کی سہولت کیلئے یہیں پر ایک بینک بھی تھا اور یہاں ان کی وطن واپسی پر وطن جانے کیلئے ٹرینوں کی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے سنٹرل اور ویسٹرن ریلوئے کے نمائندے ریلوئے ٹکٹ بھی فراہم کرتے تھے ۔ یہیں ان کا دفتر بھی تھا۔ اس کے علاوہ عازمین حج کو احرام، راشن وغیرہ بھی رعایتی دام پر مہیا کیا جاتا تھا۔ ان ساری سہولتوں کو ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرنے کا واحد مقصد یہ تھا کہ عازمین ملک کے مختلف گوشوں سے یہاں جمع ہوتے تھے اور انہیں یہاں کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں ایسی صورت میں اس بات کا ڈر رہتا تھا کہ عازمین کہیں ادھر ادھر نہ بھٹکیں اور پریشان ہوں یا کھونہ جائیں ۔ اس 4منزلہ تاریخی اور آثار قدیمہ جیسی اہمیت رکھنے والی عمارت میں کل 89کمرے ہیں جو گذشتہ 100 برسوں سے قوم و ملت کی خدمت کیلئے استعمال ہورہے ہیں ۔ مسافر خانہ کے منیجر عبدالحمید نے کاکہ یہ مسافر خانہ ہندوستانی حاجیوں کی خدمات کے معاملے میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ جس وقت پورلے ملک میں حاجیوں کیلئے ممبئی واحد بندرگاہ تھی اس وقت سے اس مسافر خانے نے عازمین کیلئے بڑی اہم خدمات پیش کی ہیں غالباً اسی خدمات کی وجہہ سے اس عمارت کو باب مکہ اور دارالحرم کا خطاب بھی دیا جاتا تھا۔ کیونکہ یہ ہندوستان کا واحد مسافر خانہ تھا جہاں سے عازمین حج پر جاتے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب ہوائی جہاز سے حج کا سفر شروع ہوا تو اس وقت بھی ائیر انڈیا کا عارضی دفتر مسافر خانہ ہی میں کھولا گیا تھا۔ یہ ضرور ہے حج ہاوس کے قیام کے بعد اس مسافر خانہ کی اہمیت میں کمی آئی ہے مگر آج بھی اس مسافر خانہ کا استعمال قوم و ملت کی خیر و بھلائی کیلئے کیا جا رہا ہے ۔ حج کمیٹی اور پرائیوٹ ٹورس کے ذریعے جانے والے عازمین، عمرہ پر جانے والے ، علاج کی غرض سے ممبئی آنے والوں کو اس مسافر خانہ میں رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ حج ہاوس کی تعمیر میں متعدد افراد کا تعاون رہا ہو گا مگر اس مسافر خانہ کی تعمیر ملت اسلامیہ کا درد رکھنے والے محمد حاجی صابو صدیق نے اپنی جیب خاص سے کی تھی جو ایک اہم بات ہے ۔ اس مسافرخانہ کے ٹرسٹی ڈاکٹر رؤف سمار نے اس یادگار عمارت کی تعمیر کے 100 مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محمد حاجی صابو صدیق نے ملت کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد کارنامے انجام دئیے ہیں ۔ ان ہی کارناموں میں اس مسافر خانہ کا قیام بھی شامل ہے ۔ میں نے ایک کتاب میں پڑھا تھا کہ اس مسافر خانہ کو تعمیر کرنے کیلئے انہوں نے 1909ء میں اپنی جیب خاص سے 5لاکھ روپئے دئیے تھے اور اپنے سامنے اس عمارت کی تعمیر شروع کی تھی مگ راس عمارت کا تعمیری کام شروع ہونے کے ایک سال بعد ان کا 63برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے قوم کیلئے جو فلاحی اقدامات کئے ہیں ان میں اس مسافر خانہ کے علاوہ صابو صدیق پالی ٹکنک اسکول و کالج، حاجی صابو صدیق اسپتال اور دیگر سماجی ادارے ہیں جو قوم و ملت کیلئے شب وروز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

Saboo Siddiq Musafir khana, mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں