ممبئی پولیس کے رسالے میں فرقہ پرستی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-23

ممبئی پولیس کے رسالے میں فرقہ پرستی

ممبئی میں 11اگست 2012ء کو آزاد میدان تشدد کے بعد مسلمانوں اور پولیس میں خلیج اب اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اس کی علامت پولیس کے مراٹھی ماہنامہ اخبار "ممبئی پولیس سنواد" میں بھی نظر آنے لگی ہے ۔ ممبئی پولیس کا یہ اخبار پولیس محکمہ کیلئے ہی تقسیم ہوتا ہے اور سارے پولیس اسٹیشنوں میں اس اخبار کو نہایت ہی دلچسپی سے پڑھا جاتا ہے ۔ کیونکہ اس اخبار میں پولیس کی سرگرمیوں سے متعلق جامع تفصیلات شائع کی جاتی ہیں ۔ اب اسی اخبار میں آزاد میدان تشدد پر اشتعال انگیز نظم بھی شائع کی گئی ہے ۔ جس کے سبب سیکولر اور روشن خیال پولیس والوں کو متعصب بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس سے مسلمانوں میں اضطراب و ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔ ممبئی پولیس محکمہ کے اخبار میں "آزاد میدان "عنوان کے تحت ایک نظم شائع کی گئی ہے جس میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے متعلق اشتعال انگیزیاں کی گئی ہیں ۔ اس نظم میں نفرت پھیلانے کی کوشش کے علاوہ پولیس محکمہ کے ذہنوں کو پراگندہ کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے ۔ جس سے پولیس اور مسلمانوں میں مزید خلیج پیدا ہونے کا امکان روشن ہو گیا ہے ۔ ممبئی پولیس اور مسلمانوں کے تعلقات کچھ حدتک خوشگوار ہوئے تھے لیکن آزاد میدان تشدد کے یہ تعلقات ایک مرتبہ پھر تلخ ہو گئے اور دونوں میں دوریاں بڑھ گئی ہیں لیکن اسے دوبارہ معمول پر لانے کی وشش بھی شروع کی گئی ہے ۔ اس کے باوجود اب پولیس کے ہی اخبار میں اشتعال انگیزنظم شائع کی جا رہی ہے ۔ جس سے تعلقات مزید ابتر ہونے کا امکان ہے ۔ نومبر 2012ء کے ممبئی پولیس سنواد کے مراٹھی ماہنامہ شمارہ نمبر 38 میں ٹریفک محکمہ کی پولیس انسپکٹر سجاتا پاٹل کی تحریر کردہ ایک نظم شائع کی گئی ہے ۔ جس میں سجاتا پاٹل نے آزاد میدان تشدد کے پس منظر میں اشتعال انگیزی کی ہے ۔ اس نظم کا عنوان "آزاد میدان "ہے ۔ مراٹھی ماہنامہ ممبئی پولیس سنواد میں یہ نظم ہندی زبان میں شائع کی گئی ہے جو انتہائی حیرت انگیز ہے ۔

Controversial poem in Mumbai police magazine samvad - Azad maidaan.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں