مسلمان اور دیگر مذاہب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2023-07-24

مسلمان اور دیگر مذاہب

مسلمان اور دیگر مذاہب
معاصر اسکالرشپ کے نقطہ نظر سے ابتدائی اور ماقبل اسلام پر چند تاثرات


اسلامی تعلیم کے بنیادی ذرائع ، قرآن اور سنت (روایت) کس طور سے مسلم تشخص اور دیگر مذہبی متبادل( مذاہب) کے درمیان تعلق کو دیکھتے ہیں ؟
اس سوال کا جواب دینے کے لیے اُس ماحول کے بارے میں مزید کہنے کی ضرورت ہے جس میں قرآن پاک کا ظہور ہوا اور ابتدائی روایت سامنے آئی۔قرآن کے وحی ہونے کی حیثت سے، اس کے مواد کا سرسری جائزہ لینے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اس سیاق و سباق سے جڑا ہوا تھا جس میں اس کی جہت بھی شامل ہے جو مسلمانوں اور دیگرمذاہب کے درمیان تعلقات کے مرہون منت ہے۔ صحیفہ کے علاوہ ، اس سوال کے سلسلے میں تاریخ میں مختلف مسلمانوں کا نقطہ نظر بھی مختلف رہا ہے۔


ابتدائی اسلام میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے مابین تعاملات کی نوعیت کو ایک معروف اسکالر زیوف ماگین نے مسلمانوں اور ان کی معیاری روایت اور غیر مسلموں کے مابین تعلقات کے پس پردہ سیاق و سباق اور محرکات کو بیان کیا ہے ، جس کے ساتھ قرآن نے اہل کتاب (اہل کتاب-عیسائی ، یہودی اور دیگر) کو مندرجہ ذیل انداز میں دیکھا ہے۔
اہل کتاب کے ساتھ اسلام کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ جزیرہ نما عرب کے باشندوں کی ارد گرد توحید (کی مختلف شکلوں) کے نظریات ، اداروں اور طبقوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی واقفیت ، اس کے بعد مسلم امت کے ساتھ بڑھتے ہوئے شدید مقابلوں نے یہودیت ، عیسائیت اور زرتشتیت کے بارے میں رویوں کی پیچیدہ شکل کو جنم دیا جو عقیدے کے کتابوں کے ذریعے قابل فہم ہے۔ بنیادی تحریریں اور اصناف: قرآن ، روایت ، تفسیر ، شریعت اور فقہ، مذہبی و ثقافتی "دیگر (متبادل)"کے مقابلے میں ایک کثیر الجہت اوربے ہنگم کیفیت کو ظاہر کرتی ہے جو کہ تشدد سے زیادہ جدلیاتی ہے۔


ماگھین کے تجزیے کی بنیاد پر ، معروف باحث یوحنا فرائیڈمین اور زاک وارڈنبرگ کے مطالعات کے علاوہ کئی عمومی نکات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
سب سے پہلے ، جیسا کہ اوپر مختصر طور پر ذکر کیا گیا ہے ، اسلام کے ظہور اور اسکا سیاق ایسا تھا کہ یہ پہلے سے ہی قائم دیگر مذاہب کے ساتھ ظہور پذیر ہوا ، جن میں سب سے اہم ،ماقبل قرآنی عقیدے کے علاوہ ، یہودیت ، حنیفیہ (دین حنیفی) اور عیسائیت تھی۔ قرآن میں موجود پیغام کی نوعیت غیر مسلموں کے بارے میں مسلمانوں کے بہت سے واقعات اور رویوں کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔
دوسرا ، جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے ، اس بات کی نشاندہی کرنا ضروری ہے کہ غیر مسلموں کے بارے میں قرآن کا رویہ (اور محمدﷺ کا عمل) خاص سیاق پر منحصر ہے۔ اس طرح ، علماء نے قرآن میں نجات کے لحاظ سے جامع اور خصوصی آیات کی موجودگی کے بارے میں بات کی ہے۔


مزید برآں ، مدینہ میں مسلمانوں کے 'ابتدائی دور' کے بڑے حصے کے لیے ، مسلمانوں ، عرب مشرکوں ، بڑے یہودی قبائل ، عیسائیوں اورمنافقین کے درمیان تنازعات ، جھگڑا اور دشمنی کا ماحول برقرار رہا جس کے تحت مسلمان اپنی بقا کے لئے مسلسل فکر مند تھے۔
ابتدائی اسلامی دور کے ایک معروف اسکالر ولیم مونٹگمری واٹ نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان، خاص طور پر اسلام کے پیغمبر اور مدینہ میں یہودیوں کے درمیان تعلقات کے پیچھے حالات اور محرکات کو مندرجہ ذیل انداز میں بیان کیا۔
"مدینہ میں محمد ﷺکے پہلے دو سالوں میں یہودی ان کے نبی ہونے کے دعوے کے سب سے خطرناک مخالف تھے ، اور ان کے ماننے والوں کا مذہبی جوش و خروش ، جس پر بہت زیادہ انحصار تھا ، اس وقت تک بہت کم ہونے لگا تھا جب تک کہ یہودی تنقید کو خاموش نہ کیا گیا یا عبث باور نہ قرار دے دیا گیا۔۔۔۔ جیسے جیسے یہودیوں نے اپنا رویہ بدلا اور اپنی دشمنی ختم کرنے لگے ،انہیں جانے دیا گیا"۔


یہ سیاق اکثر دوسرے مذاہب کے تئیں رجعت پسند ، مخالفانہ قسم کی شناخت میں ظاہر ہوتا رہا ہے۔ اس کا ثبوت نہ صرف قرآن میں بلکہ اسلامی لٹریچر جیسے کہ حدیث اور اسلامی فقہ میں بھی ملتا ہے۔ اس سے نظریات اور مذہبی/قانونی تصورات کی نشوونما ہوئی ہے جیسے کہ الولاء والبراء اور تشبہ بالکفار جس نے دوسرے مذاہب کے تعلق سے مسلمانوں کی امتیازی حیثیت پر زور دیا۔
جدید تناظر میں ، اسلامی بنیاد پرست اور انتہا پسند گروہوں نے ان تصورات کو نہ صرف خود کو ان لوگوں سے دور کرنے کے لیے استعمال کیا ہے جنہیں وہ کافر (کفار) سمجھتے ہیں بلکہ ان لوگوں سے بھی جنہیں وہ منحرف مسلمان سمجھتے ہیں۔ اسلامی اعتدال پسندی کے حامی اور ترقی پسند ان تصورات پر خاص سیاق اور تاریخی عینک استعمال کرکے ان پر دوبارہ غور کرتے رہے ہیں ، اس طرح یا تو وہ ان کے اطلاق کومحدود کر رہے ہیں یا ان کی صداقت کو چیلنج کر رہے ہیں۔


دوسرے مذہبی نقطہ نظر کی طرف کتب سماوی کے اس سیاق پرانحصار (اور اسلئے ، مذہبی شناخت کے مضمرات کی وجہ سے) کو دیکھتے ہوئے زاک وارڈن برگ نے اس بات پر زور دیا کہ 'موجودہ مذہبی برادریوں کے ساتھ نئی اسلامی مذہبی تحریک کے تعامل کو دیکھتے ہوئے ، ہم سماجی و سیاسی عناصر کی اہمیت سے متاثر ہیں'۔
مسلمان اور دیگر مذاہب کے درمیان رشتوں کی نوعیت کو سمجھنے میں مذہبی نظریات بھی اہم تھے ، کیونکہ ، جیسا کے اوپر اشارہ کیا گیا ہے ، قرآن کی اسلامی شناخت دوسروں ، خاص طور پر یہودیوں اور عیسائیوں کی مذہبی شناخت سے جڑی ہوئی ہے۔ اس طرح ، قرآن کے ماحول میں مختلف مذاہب کے درمیان تعاملات مسلمانوں کی مذہبی تشخص کی تشکیل کی وجہ بنے اور اس میں خاص طور پر اہم کردار ادا کیا۔


مثال کے طور پر ، اس سوال پر اپنے مطالعے میں کہ قرآن پاک نےکس حد تک امتیازی اعتراف پر ابھارا ، باحث فریڈ ڈونر نےاس بات پر زور دیا کہ ،نصوص کے اعتبار سے (یعنی ، قرآن کے شواہد پر مبنی) اور ابتدائی اسلام میں ، جسے ڈونر مومنین کا نام دیتے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ مومنین کا تصور اصل میں اعتراف کی شناخت سے مبرا ہو کرتصور کیا گیا تھا۔ (بظاہر پہلی صدی کی تیسری دہائی کے دوران مومنوں کی جماعت میں رکنیت اعتراف کی شناخت کے طور پر دیکھا جانے لگا: ایک مومن اور مسلمان ہونے کا مطلب یہ ہوا کہ ایک شخص عیسائی یا یہودی بھی نہیں ہو سکتا) دوسرے لفظوں میں ، ڈونر نے کافی ثبوت پیش کیے کہ یہ دلیل دی جا سکتی ہے کہ قرآن کے اعتبار سے (کچھ) یہودی اور عیسائی مومنین ایک مسلمان (جو خود کو خدا کے سپرد کردے) کے درجے کو پہنچ سکتے ہیں۔


فریڈمین نے اسلامی روایت میں اسی طرح کی ایک قدیم پرت کی طرف توجہ دلائی ہےجس کے دوران مسلمانوں کے حدود کو قطعی طور پر بیان نہیں کیا گیا تھا اور جس کے مطابق 'یہودی اور عیسائی محمدﷺ کی دین سے تعلق رکھتے تھے۔ روایت کی یہ قدیم پرت۔۔۔ عام طور پر اہل کتاب کے تئیں کسی قدر حساس ہے جو بالآخر منظم قانون بن گئی۔
مسلم مذہبی شناخت کے مقابلے دوسرے مذاہب کی تاریخی ترقی میں ایک اور اہم رجحان پیغمبر اسلام اور ان کی ابتدائی جماعت کا بتدریج بڑھتا ہوا مذہبی شعور تھا۔ اگرچہ مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کی کوششیں محمدﷺ کی زندگی کے ابتدائی ادوار کے دوران زیادہ کثرت سے ہوئیں ، بعد کے ادوار میں اعتراف اور خود آگاہی والے مسلم تشخص پر زیادہ زور دیا جانے لگا۔
غور کرنے کے لیے ایک اضافی نقطہ دین حنیف/ملت ابراہیمی کا قرآنی تصور ہے۔ قرآن کے لحاظ سے اس عقیدے کے نظام کو ایک ابتدائی ، وحدانیت پسند مذہب کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو ایک ، سچے خدا پرست پر مبنی ہے جیسا کہ حضرت ابراہیم کے پیغام کے ذریعہ پیش کیا گیاہے۔۔۔جسے عالمگیر عقیدہ نظام اور ممکنہ طور پر مذہبی اور دوسرے مذاہب کے بارے میں قرآن کے رویے میں حتمی ارتقاء سمجھا جاتا ہے جیسا کہ وارڈن برگ نے یاد دہانی کرائی ہے ، تاہم ، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا قرآن نے اس بات کی نشاندہی کی جو تاریخی طور سے اسلام کی شبیہ بن گیا جیسا کہ زمین پر ابتدائی مذہب یا واحد مذہب دین حنیف ہی تھا۔


ابتدائی اسلام سے ذرا پرے

وحی کے بعد کے زمانے میں ، مسلم اور دوسرے مذاہب کے درمیان تعلقات کی نشاندہی کرنے والی اہم خصوصیت یہ تھی کہ اسلام ایک سامراجی عقیدہ بن گیا ، اور یہ کہ بہت سے حوالوں کے ساتھ ہی مسلمان حکمران اشرافیہ سے تعلق رکھتے تھے۔ لہذا ، مسلمان اس پوزیشن میں تھے کہ 'دوسروں کےساتھ اپنے تعلقات کی نوعیت کا تعین ان کے عالمی نقطہ نظر کے مطابق اور ان کے عقائد کے مطابق کریں۔' مسلمانوں نے اس رشتے کا تعین کس طرح کیا اس کے بارے میں مختلف آراء ہیں ، جس میں تکثیریت اور استثنیائیت دونوں کی اخلاقیات کی مثالیں شامل ہیں۔ میری توجہ تکثیریت کی اخلاقیات پر ہوگی۔
تکثیریت کی اخلاقیات کا تصور جو میں یہاں استعمال کرتا ہوں وہ انسانوں کے درمیان اندرونی مابعدالطبیعی اتحاد کے خیال میں جاگزیں ہے۔ یہ اس دلیل کے مترادف ہے کہ ہر انسان کی روح میں الہیاتی شعلہ کی ایک رمک باقی رہتی ہے جو سب کو الہ واحد کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے بھی جوڑتی ہے۔ پوری انسانی نسل کے اس روحانی اتحاد کا ایک نتیجہ دوسرے مذاہب کا احترام کرنے اور اس بنیاد پر مشترکہ مقاصد اور مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی فکرہے۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب دوسرے مذاہب کے حوالے سے بقائے باہمی اور باہمی احترام معمول ہو۔ اسلام میں تکثیریت کی یہ اخلاقیات ماضی اور موجودہ مسلم معاشروں میں کامیابی کی مختلف سطحوں پر نافذ کی گئی تھی۔ اسلام کے مورخین اموی اسپین ، فاطمی مصر ، عثمانی ترکی ، اور مغلیہ ہندوستان کو مسلمانوں کی مثالوں کے طور پر پیش کرتے ہیں 'جنہوں نے اقلیتوں کے بارے میں اپنی پالیسیوں کی بنیاد قرآن کی اندرونی طور پر انسانیت پسندانہ اخلاقیات پر رکھی ، جس کی مثال پیغمبر اسلام نے مدینہ کے لوگوں میں پیش کی تھی۔
عصری دور میں ، مسلم سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی کچھ کوششیں جیسے کہ مسلم اکثریت میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مراکش اعلامیہ کو تکثیریت کی اس اخلاقیات کے ساتھ جڑے رہنے کے طور سے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس تعلق سے براہ راست ایک سیاق جس نے اس ڈھانچے کے قیام کو دیکھا اسمیں داعش جیسے مسلم متشدد گروپ کا ابھرنا تھا، لیکن یہ اعلامیہ خود 1400 سال پہلے منشورِ مدینہ کے پاس ہونے کے دن پر پیش کیا گیاتھا۔ یہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ، خدا، اور مدینہ کے عوام کے مابین ایک آئینی معاہدہ کے طور پر سمجھاجاتا ہے ، جس نے عقیدے سے قطع نظر سب کی مذہبی آزادی کی ضمانت دی۔
اعلامیے میں مختلف قومی مذہبی جماعتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے باہمی مسائل کا حل کریں جو ایک ہی سرزمین پر صدیوں سے مشترکہ زندگی گزارنے کی روایت میں آڑے آتے ہیں۔ ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اعتماد کی اس روایت کو زندہ کرکے ماضی کی تعمیر نوکریں ، اور اپنے مشترکہ اعتماد کو بحال کریں جو انتہا پسندوں نے دہشت گردی اور جارحیت کی کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا ہے' اور 'اس بات کی تصدیق کریں کہ مسلم ممالک میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کو مجروح کرنے کے مقصد سے مذہب کو استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
کچھ عصری ترقی پسند مسلم جماعتوں نے تکثیریت کو اس کی اخلاقی، قانونی اور سماجی و سیاسی جہتوں سے آگے لے کر ایک اسلامی عقیدہ نجات اور تکثیری دینیات تیار کیا ہے۔


مسلمان

ابتدائی اسلام کئی بنیادی واقعات کا شاہد رہا ہے جنہوں نے نہ صرف مسلمان اور دوسرے مذاہب کے درمیان تعلقات کو نمایاں طور پر تشکیل دیا ، بلکہ اندروں مسلم کے مخالف خیال کو بھی تشکیل دیا۔ خاص طور پر اسلام کی پہلی دو سے تین صدیوں میں گوناگوں مسلم مذہبی اورشرعی فکری مکاتب کے عروج کا سامنا کرنا پڑا (جن میں سے کچھ اسلامی قدامت پسندی کو نافذ کرنے کی بہت سی کوششوں کے باوجود آج بھی موجود ہیں) جب اسلامی تعبیری روایت نے ایک اہم سوال کی شکل اختیار کرنا شروع کی جس نے بہت سے مسلم اسکالر/عالم دین کے ذہنوں کو تفریح فراہم کی کہ اس کا حقیقی مسلمان ہونے کا کیا مطلب ہے اور عقیدے کے حدود کیا ہیں۔ ان سوالات کے جوابات قبل از جدیدیت کے مسلم باحث نے دئیے ہیں مثال کے طور سے، شہرستانی (متوفی 1153 عیسوی)،جو اسلام کے بدعات و کفریات، تقابلی مذہب اور فلسفہ کے مختلف مدارس کے اولین باحثین میں سے ہیں ( کتاب الملل)۔


یہ بات قابل ذکر ہے کہ ، تاریخی طور پر ، اسلام کے بڑے دینیاتی مکاتب فکر نے مذہبی طور پر ایک فرقہ ناجیہ کےتصورمیں کافی توانائی خرچ کی ہے، یہ ایک ایسا رجحان ہے جو آج بھی اطہری/سلفی اور اشعری مکاتب فکر میں موجود ہے جو مذہبی طور پر مثالی مومن کے تصور کی ایک بہت ہی محدود تعریف فراہم کرتے ہیں۔ متعلقہ طور پر ، کفر کے الزامات ، بشمول جو آج اسلامی روایت کے لیے مرکزی نقطہ نظر سمجھے جاتے ہیں ، شاذ نہیں تھے۔
صحیح عقیدے کے سوالات کا جواب متنازعہ رہتا ہے جیسا کہ آج تک (سنی) اسلامی قدامت پسندی کا برتاو رہا ہے ، جو ہمیں وقت کے ساتھ ساتھ اسلامی فرقوں کی ایک بہت ہی مختلف تعداد کی حقیقت کی یاد دلاتا ہے۔ پچھلی دو دہائیوں کے دوران ہم نے اسلامی فرقہ واریت میں اضافہ دیکھا ہے اور اسلامی عالمگیریت کو بڑھانے کی معمولی کوششوں کے باوجود موجودہ سماجی و سیاسی اور مذہبی حقیقت سے پتہ چلتا ہے کہ بڑے مذہبی محرکات اسلامی تاریخ کے اپنے اپنے ورژن میں بہت زیادہ توانائی صرف کر رہے ہیں تاکہ وہ اس فرقہ وارانہ ورثے پر قابو پا سکیں جسے وہ ڈھو رہیں ہیں اور کئی طریقوں سے اس کے علمبردار بھی ہیں۔


خلاصہ

اخیر میں یہ نتیجہ اخذ کرنا مناسب ہوگا کہ مسلمان اور دوسرے مذاہب کے درمیان تعلق خاص سیاق پر مبنی تھا اور اس میں کئی تبدیلیاں اور پیشرفت ہوئیں جو قرآن پاک کے نازل ہونے کی نوعیت اور ابتدائی مسلم تاریخ دونوں میں واضح ہیں۔ تاریخی ذرائع کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ، ان تبدیلیوں کی صحیح تاریخوں کا یقین کے ساتھ تعین نہیں کیا جا سکتا اور اس لیے ان رشتے کی نوعیت پر کوئی یکساں معیاری موقف نہیں نکالا جا سکتا۔ یہ نتیجہ مختلف مسلم جماعتوں کے درمیان جاری مباحثوں میں جھلکتا ہے کہ دوسرے مذاہب کے بارے میں یہ رویہ یا نقطہ نظر کیا ہونا چاہیے۔ مذکورہ بالا مراکش اعلامیہ ، اسلامی انتہا پسند اور ترقی پسند جماعتوں کا راستہ اس کی مثالیں ہیں۔
اسی طرح اہم بات یہ ہے کہ اسلامی روایت ، کسی بھی دوسرے عالمی مذہب کے برعکس ، مسلمانوں کے درمیان اختلافات ، مذہبی یا دوسری صورت میں ، سے متعلق مباحثوں میں بھی الجھا ہوا ہے ، اور اس نے اسلامی فرقوں اور جماعتوں پر ایک غیر معمولی رنگ بھی چڑھایا ہے۔ اس سلسلے میں آج مسلمان ہونے کے مختلف طریقے اور اسلامی قدامت پسندی کی تشکیل کے بارے میں اس سے وابستہ مباحثے ایک بروقت قدم ہے ؛کہ مذہب اسلام اور دوسرے مذاہب کے درمیان معیاری تعلقات کا سوال ایسی چیز نہیں ہے جو تمام مذہبی روایات پر لاگو کیا جا سکے بلکہ یہ اسلام سمیت ہر مذہبی روایت کی انتہائی متحرک ، تاریخی طور پر عارضی فہم کا ایک لازمی جزو بھی ہے۔

***
انگریزی مقالہ: پروفیسر عدیس ددریجا۔ گرفتھ یونیورسٹی، آسٹریلیا
اردو ترجمہ: ڈاکٹر سعد احمد، جامعہ ملیہ اسلامیہ۔
اسسٹنٹ پروفیسر، نیلسن منڈیلا مرکز برائے امن، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی
ای-میل: saadfarouqee[@]gmail.com

The Muslim and religious 'Other': Reflections on early Islam and beyond from the perspective of contemporary scholarship

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں