سال 2022ء - ایک جائزہ از زیبا شبیر احمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2023-01-29

سال 2022ء - ایک جائزہ از زیبا شبیر احمد

تبدیلی کائنات کا اصول ہے۔ اگر زندگی میں تبدیلی نہ ہو تو ہر انسان زندگی سے اکتا جائے گا کیونکہ کسی بھی شے میں جمود اکتاہٹ کا سبب بنتی ہے ۔۔۔۔ہر شے کی طرح زمانے میں بھی تبدیلی اور اتار چڑھا ہوتا رہتا ہے ہر صبح ایک نئی امید کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے روشن ہوتی ہے۔


سال نو یعنی 2023 کی آمد سے سال گذشتہ یعنی 2022 کہیں پیچھے رہ گیا مگر بہت ساری تلخ اور شیریں یادیں اور باتیں چھوڑ گیا ویسے تو ہر آنے والا پل گزر جانے کے لئے ہی ہوتا ہے ہے مگر یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے آنے والے وقت کو کس طرح کارآمد بنا کر اپنے مستقبل کو تابناک اور روشن بناتے ہیں۔۔۔
سال 2022 جہاں بہت ساری خوشیاں اور رعنائیاں لئے ہوئے تھا وہی کسی کے لیے دکھ اور پریشانی اور کبھی نا ختم ہونے والا خسارہ بھی دے گیا ،
فلمی دنیا کی بات اگر کی جائے تو سال 2022 میں بالی ووڈ نے بہت بڑے بڑے خسارے اٹھائے جن میں سر فہرست سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر کی موت سب سے بڑا خسارہ رہا اسکے علاوہ بھی فلمی دنیا نے بہت سارے اداکار اور اداکارہ کو کھویا۔۔
اور وہیں دوسری طرف کھیل کے میدان میں سال 2022 ہر لحاظ سے بازی لے گیا کیونکہ اس سال ہونے والا _فیفا ورلڈ کپ_ لوگوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑ گیا۔۔۔


سال 2022 کی اہم خبروں میں ۔۔۔

  • لتا منگیشکر کی موت
  • فیفا ورلڈ کپ
  • راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا
کو قرار دیا جا سکتا ہے
لتا منگیشکر کا سانحہ ارتحال۔۔۔۔

ایسا کہاں سے لائیں کہ تجھ سا کہیں جسے
سال 2022 میں ہندوستان کی سب سے مشہور آواز بھارت رتن لتا منگیشکر، جنہیں پیار سے لتا دیدی کہتے ہیں۔ جنکی پیدائش 28 ستمبر 1929 میں اندور میں ہوئی انکے والد دینا ناتھ منگیشکر خود ایک بہت مشہور ہستی تھے ۔ لتا منگیشکر کے بارے میں یہ قصہ بہت مشہور ہے کہ شروع میں لتا منگیشکر کو سنگیت نہیں سیکھایا جاتا تھا اور انکے والد بہت سارے بچوں کو سنگیت سکھاتے تھے۔۔۔ ایک بار کچھ یوں ہوا کہ اپنے والد کی غیر موجودگی میں لتا نے کسی بچے کے غلط گانے پر اسے صحیح کرنے کی ترغیب دی اور اس بچے کو بتایا کہ "یہ راگ یوں نہیں یوں گایا جاتا ہے " اس وقت وہ بچی اس بات سے بےخبر تھی کہ اسکے پیچھے اسکے والد کھڑے اسے بچے کی راگنی صحیح کرتے ہوئے دیکھ اور سن رہے تھے تب انکے دل میں یہ خیال گذرا کہ میں باہر کے بچوں کو پڑھاتا ہوں مگر میرے اپنے گھر میں ایک "گویّا" موجود ہے اور اس دن سے ہی اپنے والد کے زیر نگرانی لتا جی کی سنگیت کی تعلیم شروع ہوئی۔۔ اور یوں لتا جی بچپن میں ہی اپنے والد کے ساتھ اسٹیج پرفارم کرتیں تھیں۔۔ انہوں نے 30 سے زیادہ زبانوں میں فلمی اور غیر فلمی گانے گائے۔ وہیں انکو ملے ایوارڈز کی بات کریں تو فلم فیئر، راشٹریہ پرسکار ، پدم بھوشن ، پدم ویبھوشن جیسے ایوارڈز سے نوازا گیا
انکے مشہور گانوں میں۔۔۔۔
لگ جا گلے،
عجیب داستاں ہے یہ،
ایسا دیش ہے میرا
ایک پیار کا نغمہ ہے،
اے میرے وطن کے لوگوں وغیرہ قابل ذکر ہیں


لتا منگیشکر کی زندگی کوئی آسان نہیں تھی انہوں نے اپنی زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے، بہت سی تکلیفیں سہہ کر یہ مقام اور مرتبہ حاصل کیا۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ سال 2022 فلمی دنیا کے لئے بہت بڑے خسارے کا سال رہا۔ کیونکہ اس سال 6 فروری کو لتا منگیشکر اس فانی دنیا کو الوداع کہہ کر اپنے آخری سفر پر روانہ ہو گئیں۔۔۔


فیفا ورلڈ کپ

قطر میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 2022ء میں فرانس کو شکست دے کر ارجنٹائنا نے بظاہر فتح حاصل کی لیکن اصل فاتح قطر بن کر نمودار ہوا۔ تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل گیم کی اوپننگ قرآن کی تلاوت سے کی گئی کسی عرب ملک میں فیفا ورلڈ کپ کا انعقاد کوئی چھوٹی بات نہیں تھی لیکن جب قطر کو ورلڈکپ کرانے کی ذمہ داری ملی تو لوگ حیران تھے کہ جس ملک میں ایک بھی اسٹیڈیم موجود نہ ہو، وہاں اتنا عالیشان ورلڈ کپ کیسے ہو سکتا ہے ؟ لیکن کچھ دنوں میں ہی قطر نے ایسا انتظام کیا کہ دنیا حیران رہ گئی قطر نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران اپنے ملک کی روایات کی خوب پاسداری کی۔۔۔۔ اسٹیڈیم کے اندر شراب پینے اور چھوٹے کپڑے پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ان پابندیوں پر دنیا بھر کے لوگوں نے واویلا کیا لیکن قطر نے نہایت دانش مندی سے اپنا دفاع کیا ۔۔۔ یوں سال 2022کا فیفا ورلڈ کپ ایک یادگار ترین ورلڈ کپ رہا جو ہزار مخالفت کے باوجود لوگوں کے دلوں پر ایک انوکھی چھاپ چھوڑ گیا۔۔۔۔


راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ۔۔۔

توڑ نہ پائے جس کو دنیا پیار کی وہ زنجیر بنیں
7/ ستمبر 2022 میں راہل گاندھی کی قیادت میں ایک یاترا شروع ہوئی جسے بھارت جوڑو یاترا کا نام دیا گیا۔ اور واقعی اس یاترا نے لوگوں کے دلوں کو ہی جوڑنے کا کام کیا۔ یہ یاترا کنیا کماری سے شروع ہوکر اپنے 150 دنوں میں تین ہزار پانچ سو ستر کلو میٹر کا سفر طے کر کے اپنے آخری پڑاؤ یعنی کشمیر کے سری نگر میں رواں سال 30 جنوری 2023 میں جا کر ختم ہوگی۔


یوں ادب اور زبان نے ہمیں بہت کچھ دیا وہیں جاتے جاتے بہت کچھ لیا آئیے صحافت کی دنیا پر ایک سرسری نظر ڈالتے ہیں۔
جہاں ایک طرف ملک میں اردو صحافت کے دو سو سال مکمل ہونے پر صحافت کا جشن منایا گیا۔ وہیں صحافت پر ایسی کتب بھی منظر عام پر آئیں جو اردو صحافت کے ماضی، حال اور مستقبل کی کہانی بیان کرتی ہیں
وہیں دوسری طرف دھرتی پتر نیتا جی ملائم سنگھ یادو کا اس وقت ہمیں چھوڑ جانا سماجوادی آندولن کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اور ایک ایسے عہد اور باب کا خاتمہ ہے جسکی تلافی آنے والے کئی سالوں میں ہونا ممکن نہیں۔۔۔
جہاں ایک طرف ہمارے ملک میں بہنوں نے حجاب کی بقا کے لئے لڑائی لڑی وہیں دوسری طرف کچھ لوگوں نے حجاب کی بے حرمتی کی۔۔
لڑکیوں کی تعلیم کے تعلق سے بھی سال گذشتہ قابل ذکر رہا، حقیقت میں تو تعلیم ہی وہ زیور ہے جس سے عورت اپنے مقام اور مرتبے کو پہچانتی ہے اور معاشرے کا مقدر سنوارتی ہے، مگر افسوس کچھ لوگ خواتین کی تعلیم کے خلاف ہی ہوتے ہیں۔۔ طالبان کا لڑکیوں کی تعلیم پر روک اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مذہب اسلام نے عورت کو مرد کے برابر مقام و مرتبہ عطا کر اسکی حیثیت بھی متعین کردی ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا نے طالبان کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی۔۔


یوں سال 2022 بہت ساری تلخ اور شیریں یادوں کے ساتھ رخصت ہوا۔ اور امید ہےکہ آنے والا یہ سال ہمارے لئے خوشیوں اور محبتوں کا ایک انوکھا جہان لئے ہوئے ہوگا۔ اس آنے والے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہمیں گزرے سال کی روشنی میں اپنا بھی محاسبہ کرنا چاہئے کہ ہم نے گذرے سال میں کونسی غلطیاں اور نادانیاں کیں جسے اس برس دہرانے کی غلطی نا ہو۔۔۔

نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس ائے
خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے
نئے سال میں پچھلی نفرت بھلا دیں
چلو اپنی دنیا کو جنت بنا دیں

***
زیبا شبیر احمد (مئو ، اترپردیش)
raihanahmad9044[@]gmail.com
The year 2022, at a glance. - Essay: Zeba Shabbir Ahmed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں