ہنوماکنڈہ ضلع میں سرکاری اساتذہ کا سہ روزہ تربیتی پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-08-03

ہنوماکنڈہ ضلع میں سرکاری اساتذہ کا سہ روزہ تربیتی پروگرام

training-program-for-government-teachers-hanamkonda-warangal

حکومت تلنگانہ کی جانب سے ضلع ہنوماکنڈہ (سابقہ نام: ہنمکنڈہ) میں پرائمری سطح پر اردو میڈیم اساتذہ کرام کا سہ روزہ تربیتی پروگرام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پٹرول پمپ، ہنوماکنڈہ میں 30 جولائی تا 2 اگسٹ 2022 منعقد ہوا۔ جس کا مشاہدہ جناب اے سری نواس ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد پرائمری سطح پر طلباء کے معیار تعلیم کو بڑھانا ہے۔ خصوصاً وبائی مرض کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں جو مکمل تالہ بندی کی گئی تھی اور جس کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم کا نقصان ہوا ونیز تعلیمی معیار شدید متاثر ہوا تھا ، لہذا حکومت نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی غرض سے foundational literacy and numeracy (F.L.N) بنیادی خواندگی و اعداد شناسی کے نام سے ریاستی سطح پر ٹیچرز کے لئے سہ روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔
انہوں نے اساتذہ سےکہا کہ تربیتی پروگرام میں نہ صرف شریک رہیں بلکہ دوران تربیت دلچسپی اور سرگرمی کے ساتھ حصہ لیں، اور دوران تربیت جو بھی سکھایا گیا ہو بعد ازاں اس کو اپنے اسکولوں میں پوری ایمانداری کے ساتھ روبہ عمل لائیں۔

training-program-for-government-teachers-hanamkonda-warangal-2

پروگرام کے آخر میں جناب سید عظیم قریشی (اردو پنڈت) نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مکمل تالہ بندی کے بعد طلباء کا جو تعلیمی نقصان ہوا تھا اس کی بھرپائی بہت ضروری تھی اور ایسے ہی پروگرام کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ انشاءاللہ یہ تربیتی پروگرام اساتذہ کے لیے بچوں کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں معاون رہے گا۔


جناب محمد سلیم احمد (اردو معلم) نے مندوبین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیت سے اساتذہ کو خاطرخواہ فائدہ ہوگا۔ اس تربیتی پروگرام میں محترمہ آمنہ اختر ، محمد نہال ، محترمہ آسیہ صدیقہ اور جناب محمد صابر الدین نے ڈسٹرکٹ رسورس پرسنز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ محترمہ وی پدماوتی اسکول کامپلیکس ہیڈ مسٹرس نے پروگرام کی نگرانی فرمائی اور تمام اساتذہ کو تربیتی پروگرام کے کامیاب اختتام پر مبارکباد دی۔


Three days training program for government teachers at Hanumakonda District.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں