پیام سالک - اشٹاوکر گیتا کا اردو ترجمہ از معجز دہلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-05-25

پیام سالک - اشٹاوکر گیتا کا اردو ترجمہ از معجز دہلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

payame-salik-ashtavakra-gita-urdu

پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی ایک ممتاز علمی خاندان کے فرد تھے۔ وہ شاہجہان آباد کی ان مایۂ ناز شخصیات میں تھےجنھوں نے اپنی علمی و اَدبی خدمات کے ذریعے اِس تاریخی شہر اور اس کی تاریخ کو فضیلت بخشی۔ آپ کا تعلق کشمیر کے ایک مقتدر اور صاحبِ علم خاندانی سلسلے سے تھا جسےدہلی کی سماجی زندگی میں"مدن فیملی" کے نام سے جانا جاتا تھا۔ اِس خانوادے کے ارکان شروع سے ادبی مشاغل میں مصروف رہے۔
معجز دہلوی کی علمی حیثیت اور ادبی فضیلت کا اعتراف اس وقت کی ممتاز شخصیات نےکیا ہے۔ ان کے علمی ورثے میں نثر کے ساتھ ادبی منظوم تراجم بھی شامل ہیں۔ "مخزنِ اسرار"، "پیامِ سالک" کے علاوہ ایک مجموعۂ غزلیات بنام "گلزارِ معانی" ان کے علمی و ادبی مرتبے کے گواہ ہیں، ایک ایسا کمال جو علمی بھی تھا اور فنی بھی۔


مخزنِ اسرار - شریمد بھگوت گیتا کے اٹھارہ ادھیاؤں کا اردو میں نظم میں نہایت سلیس اور عام منتر وار فہم ترجمہ ہے جو بلحاظ چستی و بندش اور اختصارِ مضمون اپنی نظیر آپ ہے۔
معجزدہلوی نے مہامنی اشٹاوکر کی گیتا کا "پیامِ سالک" کے نام سے اردو نظم میں ترجمہ کیا ہے اور تشریح بھی درج کی ہے۔ اس کی اشاعت ستمبر 1932ء میں عمل میں آئی۔ "پیامِ سالک" اشٹاوکر گیتا کا اردو نظم میں ایک قابلِ قدر ترجمہ ہے۔ یہ متبرک صحیفہ 1298 اَشلوکوں پر مشتمل ہے۔ اس میں مہامنی اشٹاوکر جی نے راجہ جنک والئیِ متھلا دیش (موجودہ اضلاع بہار) کو حق و حقیقت کے اسرار و رموز تلقین کیے ہیں اور نجات کی راہ سجھائی ہے۔


یہ ترجمہ روحانی غرض و غایت کے ساتھ ساتھ ادبی اظہار و بیان کا بھی مظہر ہے۔ کسی مذہبی و روحانی تصنیف کے منظوم ترجمہ کے جو تقاضے ہیں، معجز ان سے نہ صرف واقف بلکہ عملی تجربہ بھی رکھتے تھے۔ "پیامِ سالک" کے دیباچے میں معجز دہلوی لکھتے ہیں:
"شریمد بھگوت گیتا کے منظوم اردو ترجمہ مخزنِ اسرار کی تکمیل اور اشاعت کے بعد مؤلف ہیچمداں کے دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ وہ سالکِ گرامی قدر وحید العصر مہامنی اشٹاوکر کی تصنیف کردہ گیتا کو اردو نظم کا لباس پہنائے اور شائقینِ علم توحید کو اس بزرگ ہستی کی نادر اور دلکش روحانی تعلیم سے حتی المقدور آگاہ کرے۔"


مذہبی کتب کے تراجم میں دلچسپی رکھنے والے قارئین اور اسکالرز کی خدمت میں تعمیرنیوز کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ اہم اور دلچسپ کتاب تقریباً ڈیڑھ سو صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

یہ بھی پڑھیے ۔۔۔
پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی - مترجم گیتا کی ادبی خدمات

***
نام کتاب: پیام سالک (اشٹاوکر گیتا کا منظوم اردو ترجمہ)
مرتبہ: پنڈت دینا ناتھ مدن معجز دہلوی
سن اشاعت: ستمبر 1932ء
تعداد صفحات: 162
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Ashtavakra Gita Urdu Payame Salik.pdf
Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Ashtavakra Gita Urdu Payame Salik by Pundit Deenanath Mojiz Dehlvi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں