قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخوں کی تصویری نمائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-04-05

قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخوں کی تصویری نمائش

abulkalam-azad-oriental-research-institute-hyderabad

قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخوں کی تصویری نمائش کا وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی، ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، باغ عامہ، حیدرآباد میں 8/اپریل بروز جمعہ کو افتتاح کریں گے۔ تقریب کی صدارت مفتی محمد خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ اور جناب محد قمر الدین سابق صدرنشین اقلیتی کمیشن مہمان اعزازی ہوں گے۔


یہ نمائش علمی لحاظ سے ایک اہم ترین نمائش ثابت ہوگی جس میں عہد رسالت مآب میں رائج عربی رسم الخط کے قرآن بھی رکھے جائیں گے۔ اس دور کا رسم الخط "حجازی" سے موسوم تھا جس میں نقطے اور اعراب نہیں لگائے جاتے تھے، مگر جسے اہل عرب بہ آسانی پڑھ لیتے تھے۔ لیکن بعد کے دور میں اسلام عجم کے علاقہ میں پہنچا تو یہاں کے لوگوں نے پڑھنے میں غلطیاں کیں جس کی وجہ سے اعراب اور نقطے عبارت پر لگائے جانے لگے، جس سے غیر عربی دانوں کو قرآن کریم پڑھنے میں سہولت حاصل ہو گئی۔


قرآن کی خطاطی کیلئے حجازی کے بعد جو خط رائج ہوا وہ "کوفی" کہلایا۔ کوفی خط میں قرآن مجید کے نسخے اکثر ممالک میں موجود ہیں۔ نمائش ہذا میں بھی شمالی افریقہ، اسپین مصر جیسے ممالک میں موجود قرآنی نسخوں کے عکس رکھے گئے ہیں جو خط کوفی کے علاوہ نسخ، ثلث، توقیع، رقعہ میں لکھے گئے ہیں۔
نمائش میں رکھے گئے قران کریم کے عکس کویت میں واقع حاجی رجب میوزیم سے اخذ کئے گئے ہیں۔ اور یہ تمام عکسی نمونے ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، باغ عامہ میں ختم رمضان تک عوام کی زیارت کے لئے رکھے گئے ہیں۔
نمائش کا افتتاح بروز جمعہ 8/اپریل کو ہوگا اور اس کے اوقات کار صبح 11 تا 5 بجے دن ہوں گے۔ عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔ پیر کے دن ہفتہ واری تعطیل ہوگی۔


Quran Exhibition at Abul Kalam Azad oriental Institute at Public Gardens, Hyderabad.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں