گجرات کی تمدنی تاریخ - از مولانا سید ابو ظفر ندوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-01-29

گجرات کی تمدنی تاریخ - از مولانا سید ابو ظفر ندوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

gujarat-ki-tamadduni-tareekh
گجرات سے مسلمانوں کے تجارتی تعلقات، یہاں ان کی حکومت کے قیام کے صدیوں پہلے سے تھے۔ محمد بن قاسم کی فتح سندھ کے بعد تعلقات اور بڑھے، محمود غزنوی اور شہاب الدین غوری نے اپنے زمانہ میں گجرات پر فوج کشی کی مگر وہ مستقل نہ تھی۔
سلطان علاءالدین خلجی نے 1317ء (696ھ) میں اس کو مستقل فتح کیا اور وہ حکومت دلی کا ماتحت صوبہ بن گیا۔ مگر اس کی تاریخی اہمیت اور اس کی ترقی کا دور اس وقت سے شروع ہوا، جب خاندانِ تغلق کے زوال کے بعد اس کے ایک امیر ظفر خاں نے 1394ء (773ھ) میں یہاں اپنی آزاد حکومت قائم کر لی۔ یہ حکومت تقریباً دو سو برس تک قائم رہی۔ اس میں بڑے بڑے اولوالعزم فرمانروا پیدا ہوئے، جنہوں نے بڑی عظمت و شان حاصل کی، وہ علم و فن کے بڑے قدردان و سرپرست تھے اور ان کو ملک کی ترقی سے بڑی دلچسپی تھی، اس لیے ان کے زمانہ میں گجرات علم و فن، صنعت و حرفت، تجارت و زراعت وغیرہ ہر شعبہ میں تہذیب و ثقافت کا مرکز بن گیا اور اس کی خاک سے ہر فن کے ایسے ایسے علما اور اربابِ کمال پیدا ہوئے جن کے فیض سے پورا ہندوستان سیراب ہوا، اور آج بھی گجرات کو کوئی خطہ اسلامی دور کے آثار سے خالی نہیں ہے۔ لیکن اس کی اس تاریخی اہمیت کے باوجود اردو میں اس کی کوئی مستقل تاریخ نہیں تھی۔
اگر حکیم مولانا سید عبدالحئیؒ کا رسالہ "یادِ ایّام" نہ ہوتا تو بہتوں کو گجرات کی علمی و تمدنی اہمیت کا علم بھی نہ ہوتا۔ اس لیے دارالمضنفین نے جب تاریخِ ہند کا سلسلہ شروع کیا تو گجرات کو بھی اس میں شامل کر لیا اور اس کی تمدنی تاریخ کی تالیف مولانا سید ابو ظفر صاحب ندوی کے سپرد کی جو گجرات کی تاریخ کے ماہر خصوصی تھے اور اس سے پہلے گجرات کی سیاسی تاریخ لکھ چکے تھے جو ندوۃ المصنفین دہلی سے شائع ہوئی۔
مولانا سید ابو ظفر صاحب ندوی، جو علامہ سید سلیمان ندویؒ کے سگے بھتیجے بھی رہے ہیں، نے بڑی تلاش و تحقیق اور محنت و جستجو سے تمدنی تاریخ لکھی ہے جس کا اندازہ قارئین کو کتاب کے مطالعہ سے ہوگا، مگر افسوس کہ کتاب کی اشاعت سے قبل مصنف کا انتقال ہو گیا ہے۔ لہذا اس کی نظرثانی اور ضروری ترمیم و تصحیح کا کام راقم معین الدین احمد ندوی (ناظم دارالمصنفین و ڈائرکٹر شعبۂ تاریخِ ہند) کو انجام دینا پڑا۔
اس کتاب کی اشاعت سے ہندوستان کے عہد وسطیٰ کی تاریخ کا ایک اہم رخ سامنے آئے گا جو عام نگاہوں سے اب تک مستور تھا۔

***
نام کتاب: گجرات کی تمدنی تاریخ
مصنف: مولانا سید ابو ظفر صاحب ندوی
تعداد صفحات: 346
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 13 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Gujarat Ki Tamadduni Tareekh.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Gujarat Ki Tamadduni Tareekh by Syed Abu Zafar Nadvi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں