بند کواڑ - کہانیاں از نریندر لوتھر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-12-12

بند کواڑ - کہانیاں از نریندر لوتھر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

نریندر لوتھر (پیدائش: 23/مارچ 1932 ، ہوشیارپور پنجاب)
حیدرآباد کے ایک ممتاز ادیب، مزاح نگار اور مورخ رہے ہیں، جو چیف سکریٹری برائے حکومت آندھرا پردیش کی حیثیت سے سن 1991 میں وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہوئے۔ اردو میں ان کی تحریرکردہ 4 اور انگریزی میں 11 کتابیں طبع ہو چکی ہیں اور مختلف اخبار و رسائل میں ان کے ایک ہزار سے زائد مضامین و کالم شائع ہوئے ہیں۔ انہوں نے سات ڈکیومنٹری فلمیں بھی تخلیق کی ہیں۔ زندہ دلان حیدرآباد، قومی اردو کونسل اور اردو اکیڈیمی (سابقہ متحدہ آندھرا پردیش) کی اعلیٰ انتظامیہ میں وہ شامل رہے ہیں۔ ان کی چاروں اردو کتب کو آندھرا پردیش، اترپردیش، بہار اور ہریانہ کی اکیڈمیوں نے انعامات سے نوازا ہے۔
ان کی کہانیوں اور چند مضامین پر مشتمل اولین شائع شدہ تصنیف "بند کواڑ" (طباعت: 1967) تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کے پیش لفظ میں صاحبِ کتاب نریندر لوتھر لکھتے ہیں ۔۔۔
یہ میری پہلی کتاب ہے اور میرا عقیدہ ہے کہ پہلی کتاب کا دیباچہ بالکل نہیں ہونا چاہیے، خصوصاً جب وہ کہانیوں کی کتاب ہو۔ مصنف کیا لکھتا ہے، کیوں لکھتا ہے، کیسا لکھتا ہے؟ یہ سب کچھ تو دوسرے لوگوں ۔۔۔ نقادوں کو ۔۔۔ کہنا چاہیے۔ مصنف کا کام تو صرف لکھنا ہے، تخلیق کی کاٹ چھانٹ اور تجہیز و تکفین تو دوسروں کا کام ہے۔ ہاں چار پانچ کتابیں لکھ چکنے کے بعد اگر مصنف چاہے تو وہ ایک برنارڈ شاہی دیباچہ اپنے آرٹ کے بارے میں لکھ سکتا ہے جس میں وہ تمام نقادوں کو بھی آڑے ہاتھوں لے سکتا ہے۔
اس کتاب میں دس مضامین اور پانچ کہانیاں ہیں۔ ویسے آپ چاہیں تو سبھی کو کہانیاں سمجھ سکتے ہیں۔ دس مضامین "ہلکے پھلکے" ہیں جنہیں طنز و مزاح کی صنف، جسے ادب کی 'صنف نازک' کہا جا سکتا ہے، میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ پانچ کہانیاں المیہ ہیں۔ ترتیب یہ ہے کہ ایک کہانی کے بعد دو مضامین رکھے گئے ہیں تاکہ پڑھنے والے کا توازن قائم رہ سکے۔ مجھے یہ مشورہ بھی دیا گیا تھا کہ کہانیوں اور مضامین کو علیحدہ علیحدہ چھپواؤں لیکن میں نے دونوں صنفوں کو ملانا ہی مناسب سمجھا۔ یہی قدرت کا بھی اصول ہے۔ اس کے بغیر آپ اور میں یہاں کیسے ہوتے!
اب رہی شکریے کی بات۔ سب سے پہلے میں حیدرآباد اور یہاں کے ادبی ماحول کا ممنون ہوں۔ اردو مجلس، ہندی پرچار سبھا اور دوسرے ادب نواز دوستوں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے میرا شوق فائلوں کے پلندے میں دب کر مرنے سے بچ گیا۔ پھر میں عصمت چغتائی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اپنے طویل دیوانی مقدمے کے درمیان ایک مختصر اور خوبصورت ادبی مقدمے کے لیے وقت نکالا۔ علی جواد زیدی اور فاروقی صاحب نے اپنی قیمتی رائے سے کتاب کو نواز کر بہت ہی عنایت فرمائی ہے۔
میں آل انڈیا ریڈیو اور مختلف رسائل کے مدیروں ۔۔۔ بطور خاص سریتا، آج کل، نیا دور، سیاست، شاعر، دورِ حیات، کلپنا ۔۔۔ کا شکریہ ادا کیے بغیر نہیں رہ سکتا جنہوں نے پہلے کہانیوں اور مضامین کو شائع کیا اور پھر کتابی صورت میں چھاپنے کی اجازت دی۔ تقریباً سب طنزیہ اور مزاحیہ مضامین بطورِ خاص آل انڈیا ریڈیو کی فرمائش پر لکھے گئے تھے اور بعد میں شائع بھی ہوئے۔

عصمت چغتائی اس کتاب کے مقدمہ میں لکھتی ہیں ۔۔۔۔
نریندر لوتھر کی میں نے سات آٹھ کہانیاں ایک نشست میں پڑھ ڈالیں۔ جی نہیں، قطعی کوفت نہیں ہوئی، ہلکا پھلکا پن اور دھیما دھیما پرسکون درد محسوس ہوا۔ بہت زور سے نہیں، یونہی لطیف سی ذہن میں مسکراہٹ رینگ گئی۔ اسے مزاح کہوں تو لفظ بہت بوجھل ہے، بس ایک بڑی خاموش اور نامعلوم قسم کی فرحت کا احساس ہوتا ہے۔ صاف ستھرا شبنم میں ڈوبا پوا کچھ گلابی جاڑوں جیسی کیفیت۔
مگر جس چیز نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ چھوٹے چھوٹے نپے تلے جملے، زبان نہ ہندی نہ اردو۔ بڑی عام فہم بھولی بھالی کوری مٹی جیسی سوندھی سوندھی مٹھاس۔ نریندر لوتھر نے یہ زبان نہ جانے کہاں سے اٹھائی ہے مگر ہے بڑی جانی پہچانی، کتابی زبان سے ہٹ کر کچھ گھریلو سی زبان جس میں ایک بھی بوجھل لفظ نہیں۔
نریندر لوتھر کے یہاں خیالات کی بھرمار ہے۔ مگر وہ عام ڈگر سے سوچنے کی کوشش کرتے ہیں، ہلکے پھلکے مزاح کے ساتھ ایسے ہی اچھوتے انداز میں المیہ بھی لکھ ڈالتے ہیں۔

***
نام کتاب: بند کواڑ (کہانیاں اور مضامین)
از: نریندر لوتھر
تعداد صفحات: 160
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Band Kiwaad by Narendra Luther.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:


بند کواڑ - کہانیاں اور مضامین از نریندر لوتھر :: فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفپیش لفظ5
بمقدمہ8
1دلِ لخت لخت11
2ہم نے بچہ بٹھایا26
3ہم ایڈیٹر بنے39
4بند کواڑ45
5وی۔ آئی۔ پی58
6پانچواں کاف66
7ہم گھر ساجن آئے74
8پولیس کا جوان89
9ایک شریف کتے کا خط انسان کے نام95
10پیت کیے دکھ ہوئے104
11حجام کی دکان117
12گھر کی رونق123
13میں ہوں130
14بدحواسیاں147
15چیستاں ہی چیستاں ہے زندگی اپنی155


Band Kiwaad, short stories by Narendra Luther, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں