شعر چیزے دیگر است - مضامین از عمیق حنفی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-11-03

شعر چیزے دیگر است - مضامین از عمیق حنفی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

sher-cheez-e-deegar-ast-ameeq-hanafi
عمیق حنفی (پ: 3/نومبر 1928 ، م: 13/اگست 1985)
ہندوستانی فلسفے اور موسیقی سے گہری دلچسپی رکھنے والے ایسے ادیب ہیں جو جدید اردو نظم اور تنقید کا ایک اہم نام بھی ہے۔ بی اے کے بعد 1952 میں سیاسیات میں اور 1954 میں تاریخ میں انہوں نے ایم۔اے کی ڈگری حاصل کی تھی، پھر ایک طویل عرصہ تک آل انڈیا ریڈیو کی ملازمت سے وابستہ رہے۔ شاعری کے علاوہ عمیق حنفی نے تنقید بھی لکھی ہے۔ "شعر چیزے دیگر است" عمیق حنفی کی تنقیدی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ اس کتاب نے مغربی اور مشرقی خاص کر سنسکرت شعری روایت کے روشنی میں شعر کو سمجھنے اور تخلیقی عمل کی اصل ماہیت کو دریافت کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
عمیق حنفی کے بانوے یومِ پیدائش پر انہیں خراج عقیدت کے بطور اردو شعر و ادب کے باذوق قارئین اور محققین کے لیے عمیق حنفی کی یہی کتاب تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے۔
تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اندور میں پیدا ہونے والے عمیق حنفی کی تعلیم و تربیت مدھیہ پردیش کے شہر مہو میں ہوئی۔ 1946 میں انہوں نے ہائی اسکول کا امتحان پاس کیا تھا اور میو میں قیام کے دوران ہی شعر و ادب سے انہیں گہری دلچسپی پیدا ہو گئی تھی۔
سگریٹ جسے سلگتا ہوا کوئی چھوڑ دے
اس کا دھواں ہوں اور پریشاں دھواں ہوں میں

1958 میں ان کا پہلا شعری مجموعہ "سنگ پیرہن" کے نام سے شائع ہوا۔ اس مجموعے کی نظموں میں ترقی پسند فکر کے اثرات نمایاں ہیں۔ عمیق حنفی نے مارکسزم کا مطالعہ بہت گہرائی اور سنجیدگی سے کیا تھا۔ اسی لئے ان کے یہاں ترقی پسند فکر سے اکتساب کے ساتھ نئے تجربات کرنے کا جذبہ بھی بھرپور نظر آتا ہے۔ ایک تخلیقی اور فنکارانہ جسارت عمیق حنفی کی شاعری کی سب سے زیادہ نمایاں شناخت ہے۔ وہ نہ تو نامانوس تجربوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی نامانوس لفظوں سے۔ "سنگ پیرہن" سے "شجر صدا" اور "شب گشت" ان کی اسی تخلیقی انفرادیت کے نقوش نظر آتے ہیں۔

نامور مزاح نگار مجتبیٰ حسین عمیق حنفی پر تحریر کردہ اپنے ایک خاکے میں لکھتے ہیں ۔۔۔
مجھے ان تین برسوں میں عمیق حنفی کو مختلف زاویوں سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ شاعر عمیق حنفی، تاریخ داں عمیق حنفی، فلسفہ شناس عمیق حنفی، ناقد عمیق حنفی، ریڈیو کے فیچر نگار عمیق حنفی، ہندی اور سنسکرت کے ماہر عمیق حنفی، مذہب پرست عمیق حنفی، سکیولر عمیق حنفی، منہ پھٹ عمیق حنفی، مقروض عمیق حنفی، پریشان حال عمیق حنفی، عجیب عمیق حنفی، غریب عمیق حنفی، جس شخص کی ذات میں اتنے سارے عمیق حنفی ہوں ، اس سے ملتے ہوئے عموماً بڑی پریشانی ہوتی ہے۔ اکثر ایسا ہوا کہ میں شاعر عمیق حنفی سے ملنے گیا تو دیکھا کہ مقروض عمیق حنفی بیٹھے ہیں۔ کبھی ناقد عمیق حنفی سے ملنے کے ارادہ سے نکلا اور ملاقات ہوئی مذہب پرست عمیق حنفی سے ۔ غرض ایک آدمی کی ذات میں اتنے سارے آدمی بیٹھے ہیں کہ مجھے تو سالم عمیق حنفی کچھ Over Populated سے لگتے ہیں۔

نشاۃ ثانیہ کے بعد عموماً اس قسم کے انسانوں کی نسل ناپید ہوتی جارہی ہے۔ غلطی سے دوچار پیدا ہوجاتے ہیں تو بالآخر لوگ ان کا بھی "عمیق حنفی" بنا ڈالتے ہیں۔
ادب ، فلسفہ ، آرٹ، سیاست ، تاریخ، تنقید ، لسانیات اور مذہب کا شاید ہی کوئی ایسا شعبہ ہوگا جس کے بارے میں عمیق حنفی ضروری اورغیر ضروری ، جائز اور ناجائز ، اہم اور غیراہم معلومات نہ رکھتے ہوں۔ آدمی جب "ریفرنس لائبریری" بن جائے تو پھر لوگ اس کے ساتھ وہی سلوک کرتے ہیں جو عموماً لائبریریوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ میرے اور عمیق حنفی کے ایک مشترک دوست ہیں جنہیں "علم" حاصل کرنے کا نہ صرف شوق بلکہ ہُوکا سا ہے۔ جب تک دہلی میں رہے، ہر دوسرے تیسرے دن میرے پاس آتے اور کہتے "چلو یار، آج ذرا عمیق حنفی سے اکتساب علم کریں۔ تین دن سے دماغ میں ایک بھی نیا خیال نہیں آیا "۔ ڈیڑھ برس تک وہ دہلی میں رہے اور وہ وقفہ وقفہ سے عمیق حنفی کے آگے زانوئے ادب تہہ کرتے رہے اور جب جانے لگے تو اپنا زانو اپنے ساتھ لے گئے اور ادب کو پھر عمیق حنفی کے پاس چھوڑ گئے۔
کتاب میں شامل مضامین کے عنوانات ہیں:
شعر چیزے دیگر است، شاعری اے شاعری، شعر کی ماہیت، خوشبو کا بدن، آہنگِ زمان و سینۂ شعر، سحرِ حلال، قدیم ہندوستانی تصورِ شعر، اصنافِ قدیم و جدید، اور پھر بیاں اپنا، اختتامیہ


***
نام کتاب: شعر چیزے دیگر است
مصنف: عمیق حنفی
تعداد صفحات: 160
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Sher Cheez E Deegar Ast - by Ameeq Hanafi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Sher Cheez E Deegar Ast, by Ameeq Hanafi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں