اقبال کی اردو نثر - ترتیب از ڈاکٹر عبادت بریلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-11-09

اقبال کی اردو نثر - ترتیب از ڈاکٹر عبادت بریلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

iqbal-ki-urdu-nasr
علامہ اقبال (پ: 9/نومبر 1877ء ، م: 21/اپریل 1938ء)
ایک عظیم شاعر ہیں۔ انہوں نے انسانی زندگی کے ہر پہلو کی ترجمانی اپنی شاعری میں کی ہے اور انسان کو بلندی سے ہمکنار کرنے کا ایک مکمل لائحہ عمل پیش کیا ہے۔ اس میں شبہ نہیں کہ ان کی عظمت ان کی شاعری کی ساحری ہے۔ لیکن ان کی نثرنگاری بھی کچھ پیچھے نہیں رہی، اس میں بھی وہ سب کچھ موجود ہے جو ان کی شاعری میں ہے۔ ان کے افکار و خیالات اور نظریات و تصورات ان کی نثر میں بھی پوری طرح واضح ہوتے ہیں بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ ان سب کی تفصیل اور جزئیات ہمیں ان کی نثر ہی میں ملتی ہیں۔ چونکہ نثر میں تحلیل و تجزیہ کی نسبتاً زیادہ گنجائش ہوتی ہے اس لیے اقبال کا مفکرانہ انداز اور تجزیاتی مزاج ان کی نثر ہی میں اپنے آپ کو پوری طرح رونما کرتا ہے۔ اقبال کی مفکرانہ اور شاعرانہ عظمت سے صحیح طور پر آشنا ہونے کے لیے ان کی نثر ایک بہت بڑا ذریعہ بلکہ سہارا ہے۔
ڈاکٹر عبادت بریلوی نے 1977ء میں شائع شدہ اپنی کتاب "اقبال کی اردو نثر" میں اقبال کی نثر کا ادبی، تحقیقی اور تنقیدی جائزہ لیا ہے۔
علامہ اقبال کے 143 ویں یومِ پیدائش پر یہی کتاب اقبال کے مداحین اور باذوق قارئین کے لیے تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً سوا دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 10 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ڈاکٹر عبادت بریلوی اپنی مذکورہ کتاب کے آخری باب "اردو نثر میں علامہ اقبال کا مرتبہ" میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔
علامہ اقبال بنیادی طور پر ایک شاعر اور ایک عظیم شاعر ہیں۔ ان کی شاعرانہ عظمت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اردو شاعری کو فکر و فلسفہ کے فنکارانہ اظہار و ابلاغ سے آشنا کیا ہے۔ وہ صحیح معنوں میں ترجمان حقیقت ہیں۔ انہوں نے انسانی زندگی کے بنیادی مسائل کو شعر کے سانچے میں ڈھالا ہے۔ شاعری کو انہوں نے اپنی فکر سے بلند کیا ہے اور فلسفے سے عظیم بنایا ہے۔
عظمتِ انسانی ان کا خاص موضوع ہے۔ طاقت کو وہ انسانی عظمت کے لیے لازمی قرار دیتے ہیں۔ قوم اور ملت کو بلندیوں سے ہمکنار کرنا ان کا نصب العین ہے۔ افراد میں خودی کو بیدار کرنا ان کا خاص موضوع ہے کیونکہ اسی سے انسان کامل اور مرد مومن بنتا ہے۔ ان تمام موضوعات کی تفصیل و جزئیات ان کی شاعری کا موضوع ہے اور ان کو پیش کرنے کے لیے انہوں نے شاعری میں بھی ایک نیا اسلوب پیدا کیا ہے جو ان کی فنکارانہ عظمت پر دلالت کرتا ہے۔

نثر انہوں نے کم لکھی ہے۔ دراصل بات یہ ہے کہ شاعری نے انہیں اتنا وقت نہیں دیا کہ وہ نثر کی طرف باقاعدگی سے توجہ کرتے۔ پھر بھی انہوں نے اپنے خیالات و نظریات کے اظہار کے لیے نثر کو استعمال کیا اور کچھ مضامین لکھے۔ سوائے "علم الاقتصاد" کے، ان کی کوئی مستقل تصنیف نثر میں نہیں ہے۔ صرف چند مضامین ہیں جو انہوں نے "مخزن"، "اخبار وطن" یا "وکیل" میں لکھے یا پھر بعض مقدمے اور دیباچے ہیں جو انہوں نے اپنی شعری تصانیف پر تحریر کیے۔ البتہ ان کے خطوط کا خاصا بڑا ذریعہ نثر میں موجود ہے جس کے کئی مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ بس ان کی نثر کی کل کائنات یہی ہے جس سے اردو نثر میں ان کے مرتبے کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

علامہ اقبال نے علمی نثر میں اظہار و ابلاغ کا جو معیار قائم کیا ہے، اس نے ان کے اسلوبِ نثر میں وہ خصوصیت پیدا کر دی ہے جس کے اسلوب پر بعض لکھنے والوں نے صفائی یا precision سے تعبیر کیا ہے۔ ان کے خیالات اس نثر میں بہت واضح نظر آتے ہیں، ان میں کوئی پیچیدگی نہیں ہوتی اور کسی قسم کا ابہام نہیں پایا جاتا۔ وہ ذہن کو روشن کرتی ہے، فکر میں حرکت پیدا کرتی ہے اور اعصاب کو متاثر کرنے کا کام انجام دیتی ہے۔ اقبال نے جو اسلوب اپنی نثر میں اختیار کیا ہے اس کو بیک وقت ایک ذہنی اور جذباتی تجربے کے امتزاج سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

علامہ اقبال کے اسلوبِ نثر کی اہمیت اس وجہ سے بھی ہے کہ اس میں اعتدال اور توازن کی خصوصیت پڑھنے والے پر سکون کا اثر چھوڑتی ہے۔ چونکہ اس میں پرشور کیفیت نہیں ہے اس لیے اس سے ہیجان پیدا نہیں ہوتا بلکہ وہ پڑھنے والے میں ذہنی، جذباتی اور جمالیاتی طور پر تہذیب پیدا کرتی ہے۔ سبب اس کا یہ ہے کہ اقبال نے اپنے عہد کے افادی رجحان کے ساتھ رومانی تحریک کے اثرات کو آپس میں اس طرح شیر و شکر کیا ہے کہ ان کا اسلوب ان دونوں کا ایک سنگم سا بن گیا ہے اور میں مجموعی طور پر بڑی ہی متوازن کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ یہی توازن اس کا حسن ہے جو دامن دل کو اپنی طرح کھینچتا ہے۔

***
نام کتاب: اقبال کی اردو نثر
مرتب: ڈاکٹر عبادت بریلوی
تعداد صفحات: 226
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 10 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Iqbal Ki Urdu Nasr by Ibadat Bareilvi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Iqbal Ki Urdu Nasr by Dr. Ibadat Bareilvi, pdf download.

1 تبصرہ:

  1. علامہ محمد اقبال کی نثری خدمات پر یہ چھوٹا سا بلاگ ملا شکریہ
    برائے مہربانی اِس پر تفصیلی بلاگ لکھئے
    شکریہ

    جواب دیںحذف کریں