خاکے - از عوض سعید - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-07-02

خاکے - از عوض سعید - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Khaake_Awaz-Sayeed

عوض سعید (پ: 6/دسمبر 1933 ، م: 2/جولائی 1995)
کا شمار حیدرآباد (دکن) کے جدید افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے۔ وہ ان چند افسانہ نگاروں میں سے ہیں جنہوں نے اردو میں مختصر کہانی کی سطح کو بلند کیا ہے۔ کہانی کے فن پر قدرت رکھنے کے علاوہ وہ زبان کو تخلیقی انداز میں برتنے کی اعلیٰ صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ان کے افسانوں کے پانچ مجموعے اور شخصی خاکوں پر مبنی کتاب "خاکے" شائع ہو چکی ہے۔ اس کتاب پر مشفق خواجہ نے نومبر 1986 میں اپنے مشہور کالم "خامہ بگوش کے قلم سے" تعریفی رائے سے نوازا ہے۔
عوض سعید کی 25 ویں برسی پر ان کی اسی یادگار اور دلچسپ کتاب "خاکے" کا تازہ ایڈیشن پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

عوض سعید نے افسانہ نگاری کا آغاز ترقی پسند تحریک کی سرگرمیوں کے دور میں کیا۔ لیکن ان کے ابتدائی افسانوں میں رومانیت کا گہرا پرتو ملتا ہے۔ ان کے افسانوں کی تعداد تقریباً سو (100) ہے جن میں ہر رنگ کے افسانے ہیں۔ رومانی افسانوں کے بعد نفسیاتی افسانے ہیں جن کے کردار کی تخلیق میں عوض سعید اپنا جواب نہیں رکھتے۔ ان افسانوں کا موضوع سماج ہے اور دلچسپ انداز میں سماج کی بیماریوں کی نشاندہی کرتے رہے ہیں۔ ان افسانوں میں جدید دور کے انسان کی نفسیاتی کشمکش، رومانی کرب اور زندگی کی بےمعنویت کے احساس کو بڑی ہی فنکاری کے ساتھ پیش کیا ہے۔
عوض سعید کے خاکوں کی اہم صفت ان کا خلوص ہے جسے وہ ہر شخص میں تلاش کرتے ہیں۔ وہ اپنے انداز کے دل آویز افسانہ نگار ہی نہیں، مرقع نگار کی حیثیت سے بھی ان کا قد اونچا ہے۔

ڈاکٹر خلیل الرحمن اعظمی نے ان کی شخصیت اور افسانوں کے بارے میں لکھا ہے ۔۔۔
عوض سعید ایک ایسا افسانہ نگار ہے جس کی کہانیاں پڑھنے والوں کو اسے ڈھونڈنے پر اکساتی ہیں اور جب ملنے پر بھی اس سے ملاقات نامکمل رہ جاتی ہے تو اس کی تحریروں میں اسے دوبارہ تلاش کرنے کو جی چاہتا ہے۔

ڈاکٹر عالم خوندمیری کہتے ہیں ۔۔۔
عوض سعید ان چند افسانہ نگاروں میں سے ہیں جنہوں نے اردو میں مختصر کہانی کی سطح کو بلند کیا۔ کہانی کے فن پر قدرت رکھنے کے علاوہ وہ زبان کو تخلیقی انداز میں برتنے کی اعلیٰ صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ اپنی مخصوص علامت نگاری کے ذریعہ ہمعصر انسانی صورتحال کو تخیلی انداز میں پیش کرتے ہیں۔ جدید دور میں اردو افسانے کو ایک نیا موڑ دینے میں انہوں نے نمایاں حصہ لیا ہے۔

نامور کالم نگار خامہ بگوش (مشفق خواجہ) اپنے 27/نومبر 1986 کے کالم "حیدرآباد فرخندہ آباد کی سیر" میں عوض سعید کے اسی مجموعہ "خاکے" کا تعارف کرواتے ہوئے لکھتے ہیں ۔۔۔
۔۔۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں کم از کم دو مجموعے ضرور ایسے شائع ہوئے ہیں جن میں اچھے خاکے ، خراب خاکوں کی نسبت زیادہ ہیں۔ ان میں سے ایک مجموعہ پاکستان میں شائع ہوا ہے اور دوسرا ہندوستان میں۔ پاکستانی مجموعہ بزرگ افسانہ نگار ممتاز مفتی کا ہے "اوکھے لوگ" (اوکھے، پنجابی لفظ ہے جس کا مطلب ہے"مشکل") ہندوستانی مجموعے کا نام "خاکے" ہے اور اس کے مصنف ہیں عوض سعید۔
عوض سعید کے بارے میں عرض ہے کہ وہ خاصے پرانے اور اہم افسانہ نگار ہیں۔ پاکستانی رسالوں خصوصاً میرزا ادیب کے زمانے کے"ادب لطیف" میں ان کی کئی کہانیاں شائع ہوچکی ہیں۔ اب تک ان کے افسانوں کے چار مجموعے منظر عا م پر آچکے ہیں، جنہیں ادبی حلقوں میں بے حد سراہا گیا۔ ان چاروں مجموعوں کو ہندوستان کی مختلف اردو اکیڈیمیوں کے انعامات بھی مل چکے ہیں۔
اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں شخصیات کے حوالے سے حیدرآباد دکن کی ثقافتی فضا اور ادبی ماحول کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ ہم نے تو حیدرآباد دکن کو مرزا ظفر الحسن مرحوم یا پھر خواجہ حمید الدین شاہد کے حوالے سے دیکھا ہے ، مرزا صاحب نے حیدرآباد کی تہذیبی زندگی پر بہت سی یادگار تحریریں چھوڑی ہیں۔ خواجہ حمید الدین شاہد کو خدا سلامت رکھے کہ حیدرآبادی تہذیب کا چلتا پھرتا نمونہ ہیں۔ اس شہر بے مثال کے بارے میں اب عوض سعید نے ہماری معلومات میں اضافہ کیا ہے۔ ان کی کتاب پڑھتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ قاری اپنے کلبہ افزاں سے دور، حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی گلیوں، کوچوں اور ادبی محفلوں کی سیر کررہا ہے۔ کہیں کسی ہوٹل میں ادیب جمع ہیں اور کہیں کسی قیام گاہ پر محفل گرم ہے۔ غرض ہر طرف گہما گہمی دکھائی دیتی ہے اور زبان بھی وہی سنائی دیتی ہے جو حیدرآباد میں بولی جاتی ہے۔

عوض سعید کی تصانیف:
  • سائے کا سفر (افسانوی مجموعہ - 1969)
  • تیسرا مجسمہ (افسانوی مجموعہ - 1973)
  • رات والا اجنبی (افسانوی مجموعہ - 1977)
  • کوہِ ندا (افسانوی مجموعہ - 1979)
  • بےنام موسموں کا نوحہ (افسانوی مجموعہ - 1984)
  • خاکے (شخصی خاکے - 1986)

***
نام کتاب: خاکے
از: عوض سعید
تعداد صفحات: 150
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5.5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Khaake Awaz Sayeed.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

خاکے - از عوض سعید :: فہرست
الفعوض سعید (خلیل الرحمن اعظمی)5
1مخدوم محی الدین8
2ابراہیم جلیس20
3خورشید احمد جامی23
4عالم خوندمیری29
5سلیمان اریب39
6قاضی سلیم50
7اقبال متین57
8مغنی تبسم65
9جیلانی بانو76
10عزیز قیسی81
11وحید اختر84
12شہریار94
13راشد آذر102
14نعیم زبیری110
15مصحف اقبال توصیفی117
16حبیب حیدرآبادی123
17انور رشید133
18نرمل جی140

Khaake, by Awaz Sayeed, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں