موسمی پرندے - افسانے از انل ٹھکر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-04-06

موسمی پرندے - افسانے از انل ٹھکر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Mausmi Parindey - Short stories by Anil Thakkar

انل ٹھکر (پ: 6/جون 1934، گجرات - م: 4/اپریل 2020 ، کرناٹک)
اردو کے جانے مانے ڈرامہ نگار اور ادیب ہیں۔ وہ ہندی میں بھی لکھتے ہیں لیکن اردو ان کا پہلا عشق ہے۔ ان کے ڈراموں کے تین مجموعے (خالی خانے، اندھے رشتے، چوتھی دیوار)، افسانوں کے تین مجموعے (گرم برف، موسمی پرندے، صفر ضرب صفر) اور دو ناول (اوس کی جھیل، خوابوں کی بیساکھیاں) شائع ہو چکے ہیں۔ انل ٹھکر اردو افسانے کی اس حقیقت پسند روایت کے امین ہیں جو 1930 کے بعد ہندوستانی زبانوں میں حاوی رجحان قرار پایا اور جسے اردو میں پریم چند، بیدی، عصمت، منٹو، رام لعل اور غیاث احمد گدی جیسے افسانہ نگاروں نے بڑی عمدگی سے برتا ہے۔
انل ٹھکر کے 9 منتخب افسانوں کا مجموعہ "موسمی پرندے" تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

زیرنظر افسانوی مجموعہ کے پیش لفظ میں ڈاکٹر حامدی کاشمیری لکھتے ہیں ۔۔۔
انل ٹھکر ایک اچھے افسانہ نگار ہیں، ان کے افسانے کہانی پن کی زندہ مثال ہیں۔ وہ افسانے پر کہانی کو طاری کرنے کے لیے کد و کاوش نہیں کرتے بلکہ غیرمعمولی خلاقی سے افسانہ کی خلقی افسانویت کو دریافت کرنے کے عمل کو روا رکھتے ہیں۔ دریافت کے اسی اکتشافی عمل میں وہ ایک مصنف کی حیثیت سے پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور افسانہ خود اپنی افسانویت کی یافت اور تحفظ کرتے ہوئے اپنے کلی وجود کا اثبات کرتا ہے۔ یہی وہ عمل ہے جو افسانے کو افسوں بناتا ہے اور قاری غیرارادی طور پر اس کے حاوی اثر کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ اس نکتے کی قدرے تفصیل بیان کی جائے، تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ انل ٹھکر افسانہ نگار کی حیثیت سے افسانے پر حاوی ہوتے ہیں نہ اس میں دخل اندازی کرتے ہیں۔ افسانہ ان کی تخلیقی شخصیت جو ثقافتی، علاماتی اور اساطیری عناصر کا مرکب ہے، سے اس کے تمام تر آب و رنگ کی کشید کر کے، اپنے فنی لوازم کا احترام کرتے ہوئے اپنی تکمیل کو پہنچتا ہے۔ اور ایک زندہ، خود کفیل اور حرکی وجود کی طرح دھڑکتا ہے، پھیلتا ہے، اور آس پاس کی فضا کو مرتعش و منور کرتا ہے۔ "معجزہ" ، "ہزاروں خواہشیں ایسی"، موسمی پرندے" اور "آرائش" اس کی خوبصورت مثالیں ہیں۔

معروف افسانہ نگار انور خاں اس افسانوی مجموعہ کے مقدمہ میں لکھتے ہیں ۔۔۔
انل ٹھکر جانے مانے ڈرامہ نگار اور ادیب ہیں۔ ان کے افسانوں کا زیرنظر مجموعہ آج کی نسل کا نمائندہ مجموعہ ہے جو سچائیوں سے آنکھیں چرانا پسند نہیں کرتی، نہ ہی منافقت اور ریاکاری کی قائل ہے۔ تلخ حقیقتوں کو زبان و بیان کا ملمع چڑھا کر قابل قبول بنانا بھی اسے گوارا نہیں۔
ہمارے ملک ہندوستان کی گذشتہ پچاس سال کی تاریخ خواب سے حقیقت کا سفر ہے۔ آزادی کے وقت ہم نے ہر طرح کے تعصبات سے پاک مساوات اور اخوت اور آزادی کے علم بردار ایک سماج کا خواب دیکھا تھا۔ آج کا ہندوستان شکستِ خواب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ انل ٹھکر کے افسانے اس منظر کو پیش کرتے ہیں۔ جن حقائق سے ہم آنکھیں چرانا چاہتے ہیں وہ انہیں اپنی تمام تر تلخی اور بھیانک پن کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔
مثلاً افسانہ "ننھے شہسوار" کا ادیب، جس نے معاشی آسودگی کی خاطر اپنے بچوں کو انگریزی اسکولوں میں پڑھایا، آج وہ آزردہ ہے کہ اس کی ادبی کامیابی میں اس کے بچے شریک ہونے سے قاصر ہیں کیونکہ وہ اس کی تخلیقی سرگرمی کی اہمیت کی زبان سے ناواقفیت کے باعث اندازہ لگانے سے قاصر ہیں۔ اسی طرح افسانہ "موسمی پرندے" کا مرکزی کردار ایک ایسا شخص ہے جس کا لڑکا روزگار کی خاطر امریکہ میں بس گیا ہے۔ برسوں بعد بیٹا اپنے بچوں کے ساتھ ہندوستان آیا ہے اور وہ اپنے پوتوں کو دیکھ کر نہال ہو رہا ہے لیکن انہیں چھوتے، پیار کرتے ڈرتا ہے کہ وہ ایک اجنبی تہذیب کے سائے میں پل رہے ہیں۔ اس کے پیار سے کہیں انہیں وحشت نہ ہو۔ "معجزہ" مذہبی جنون و تشدد اور بےراہ روی کا آئینہ ہے جس نے ہمارے سماج کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اس افسانے میں بندر وحشت و تخریب کا استعارہ بھی ہیں اور فطرت کے اصولِ تخلیق کا بھی جس میں لطافت بےکثافت جلوہ پیدا کر نہیں سکتی۔ "آرائش" میں یہی اصولِ تخلیق ایک بالکل نئے اور نازک زاویے سے بیان ہوا ہے۔ افسانے "گونگی چیخ" اور "ابھی نریندر مرا نہیں" آج کے سیاسی ماحول کی تلخ سچائیوں کا اظہار ہے اور انل ٹھکر کے فنی قابو کا شاہد ہے۔

یہ بھی پڑھیے:
اردو دنیا کے ممتاز ڈراما نگار اور ادیب انل ٹھکر چل بسے
اردو ڈراما کی تاریخ میں انل ٹھکر کا نام اہمیت کا حامل
اردو جریدہ : چہارسو - انل ٹھکر نمبر

***
نام کتاب: موسمی پرندے (افسانے)
مصنف: انل ٹھکر
تعداد صفحات: 144
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Mausmi Parindey - Short stories by Anil Thakkar.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

موسمی پرندے - افسانے از انل ٹھکر :: فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفپیش لفظ (ڈاکٹر حامدی کاشمیری)9
بمقدمہ (انور خاں)15
1ننھا شہسوار17
2معجزہ25
3ہزاروں خواہشیں46
4موسمی پرندے62
5ابھی نریندر مرا نہیں75
6کریلا اور نیم چڑھا87
7گونگی چیخ101
8آرائش111
9سانسیں اپنی قبروں میں119

Mausmi Parindey, urdu short stories by Anil Thakkar, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں