سحر ہونے تک - آغا جانی کاشمیری کی سونح عمری - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-10-27

سحر ہونے تک - آغا جانی کاشمیری کی سونح عمری - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Sahr-hone-tak_Agha-Jani-Kashmiri

آغا جانی کشمیری (اصل نام: سید واجد حسین رضوی، پ: 16/اکتوبر 1908 ، م: 27/مارچ 1998) اردو کے مقبول ادیب شاعر اور منظرنویس تھے۔
"سحر ہونے تک" آغا جانی کی سوانح حیات ہے جو دراصل ان کا بےتکلف اندازِ گفتگو ہے۔ وہ الفاظ کے پردے میں زندگی کی عریانی کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور یہ ناکامی ہی ان کی کامیابی ہے کہ اس طرح زندگی اور آغا جانی کے تجربات کی دنیا اپنی اصل شکل و صورت میں سامنے آ گئی ہے۔ تھیٹر اور فلم کی رنگین زندگی کے تجربات کے علاوہ لکھنؤ کی ادبی محفلیں، گھریلو صحبتیں، مشاعرے، چہل پہل، محبتیں اور رقابتیں، مذہبی رواداری اور وضع داری ۔۔۔ سب جیتی جاگتی شکل میں اس سوانح عمری کے صفحات میں موجود ہیں۔
تعمیرنیوز کے ذریعے یہ دلچسپ آپ بیتی پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً چار سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 14 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

خواجہ احمد عباس اس کتاب کے پس ورق پر لکھتے ہیں ۔۔۔
میرے دوست آغا جانی ایک بستر، ایک لوٹا، چند کتابیں اور کچھ شیشیاں (سر پر بال اگانے کے تیل کی) لے کر 1937ء میں لکھنؤ سے بمبئی فتح کرنے آئے تھے۔ کئی برس آغا جانی اور میں ایک ہی چال کے ایک ہی کمرے میں بمبئی میں رہے ہیں۔ ان کو ہر صبح بدبودار تیلوں کی سر پر مالش کرتے دیکھ کر میں کہا کرتا تھا کہ آغا جانی اگر اتنی محنت سے تم اپنی روح کی مالش کرتے تو ولی اللہ ہو جاتے۔
کئی برس سے آغا جانی نے سر پر بال اگانے کی ناکام کوشش ترک کر دی ہے، وہ ولی اللہ تو نہیں ہوئے مگر انہوں نے ایک بےحد دلچسپ اور روح کو چونکا دینے والی سوانح عمری "سحر ہونے تک" کے نام سے لکھ ڈالی ہے۔ جس میں آغا جانی کی ساری زندگی کی کاوشوں، محرومیوں اور تجربوں کا نچوڑ ہے اور ان کے مخصوص اندازِ گفتگو کی وہ قیامت کی چاشنی بھی ہے جو لکھنؤ اور بمبئی کی آمیزش سے پیدا ہوئی ہے اور اظہار کی وہ بےپناہ بےباکی بھی ہے جو کسی مصنف کے یہاں صرف اسی وقت آتی ہے جب زندگی کی عدالت میں صرف سچ اور سچ کے سوا کچھ بھی نہیں بولنے کا خطرناک فیصلہ کر لے۔ آپ یقین کریں یا نہ کریں، یہ آپ بیتی آغا جانی نے خود لکھی ہے۔ اس قلم سے نہیں جس سے وہ تجارتی فارمولے کے بےحد کامیاب افسانے، سینریو اور قیامت کے ڈائیلاگ لکھتے ہیں بلکہ خونِ دل میں انگلیاں ڈبو کر۔
خواجہ احمد عباس
28/فروری 1966

***
نام کتاب: سحر ہونے تک (آپ بیتی)
مصنف: آغا جانی کاشمیری
تعداد صفحات: 396
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 14 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Sahr Hone Tak By Agha Jani Kashmiri.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Sahr hone tak, an Autobiography By Agha Jani Kaashmiri, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں