ماہنامہ نیا دور لکھنؤ - اندرا گاندھی نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-10-31

ماہنامہ نیا دور لکھنؤ - اندرا گاندھی نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

naya-daur-indira-gandhi-number

اندرا گاندھی (پ: 19/نومبر 1917 ، م: 31/اکتوبر 1984)
کی 35 ویں برسی پر حکومت اترپردیش کے سرکاری رسالے "نیا دور" کا "اندرا گاندھی نمبر" پیش ہے۔ "نیا دور" کے خصوصی شماروں کی تاریخ میں اس نمبر کی حیثیت ایک دستاویزی شمارے کی ہے جس کے ذریعے محترمہ اندرا گاندھی کو خراج عقیدت اور ان کی حیات اور کارناموں کو نظم، نثر اور تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی نمبر جنوری/فروری/مارچ 1985 کے مشترکہ شمارے کے بطور شائع کیا گیا تھا۔
تعمیرنیوز کی جانب سے "نیا دور" کے متذکرہ شمارے کی پی۔ڈی۔ایف فائل پیش خدمت ہے۔ 286 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم تقریباً 17 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس خصوصی شمارے کے اداریے "اپنی بات" کے تحت مدیر امیر احمد صدیقی لکھتے ہیں ۔۔۔
ہماری محبوب وزیراعظم محترمہ اندرا گاندھی کا دردناک قتل ہمارے دور کا انتہائی بہیمانہ اور عدیم المثال جرم تھا جس نے ہندوستان ہی کو نہیں بلکہ ساری دنیا کو اس صدی کی ایک عظیم ترین رہنما کی خدمات سے محروم کر دیا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اگر دنیا کے عظیم ترین سیاسی رہنماؤں کی کوئی بھی فہرست مرتب کی جائے گی، اس میں اندرا گاندھی کے نام کو بھی جلی حروف میں شامل کرنا لازمی ہوگا۔ بعض دوسرے عظیم سیاسی رہنماؤں کے ناموں کے سلسلے میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن اندرا گاندھی کے نام کے بارے میں اختلاف ممکن نہیں ہے کیونکہ اندرا گاندھی دشمن سے مدافعانہ جنگ میں بھی عظیم تھیں، عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں بھی عظیم تھیں اور ملک کو معاشی اور اقتصادی پستی سے نکالنے میں بھی عظیم تھیں۔
اگرچہ اندرا گاندھی کو بچھڑے ہوئے پانچ چھ ماہ سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے لیکن ملک ہی نہیں دنیا کے حساس ذہنوں میں ان کی جدائی کا غم ابھی تازہ ہے۔ پنچھی اڑ گیا لیکن ڈالی اب بھی جھول رہی ہے۔ ان کی زندگی اس بیش بہا تراشے ہوئے ہشت پہلو نگینے کی طرح تھی جس کا ہر رخ "منظرِ سامان صد نشاط" ہوتا ہے۔ وہ مختلف رنگوں کا ایک ایسا امتزاج تھیں کہ تاریخ عالم میں اس طرح کی نادر شخصیتیں کم ہی نظر آتی ہیں۔ ان کی نگاہ ہمالہ کی طرح بلند تھی۔ دل گنگا کی طرح مقدس اور سرسوتی ان کی روح کی گہرائیوں میں موجزن تھی۔ بلاشبہ وہ ایک عظیم باپ کی عظیم بیٹی تھیں۔ ایسی بیٹی جس پر بھارت کے ساٹھ کروڑ انسانوں کو ناز ہے۔ دنیا کو ناز ہے۔ انہوں نے جو نقوش قدم چھوڑے ہیں وہ آنے والی نسلوں کی سدا رہبری کرتے رہیں گے۔
اس سانحۂ عظیم کے سلسلے میں ایک حیرت ناک بات یہ بھی دیکھنے میں آئی کہ ہمارے اردو شعرا ، اس سے جس انداز میں متاثر ہوئے، اس سے اقلیتوں میں محترمہ اندرا گاندھی کی مقبولیت کا پتا چلتا ہے۔ ملک کے گوشے گوشے سے سینکڑوں کی تعداد میں منظومات موصول ہوئیں مگر افسوس ہے کہ تنگئ صفحات کے سبب ان میں سے صرف ایک چوتھائی تخلیقات کی اشاعت ہی ممکن ہو سکی۔ اس خصوصی نمبر میں اہم انگریزی اور ہندی مضامین کے تراجم بھی شامل ہیں۔ چند اچھی چیزیں جو چھپ چکی ہیں، روایت کے خلاف مگر افادیت کے خیال سے اس نمبر میں شائع کی جا رہی ہیں تاکہ یہ ایک مکمل دستاویز بن جائے۔

اس وقت کے گورنر اترپردیش محمد عثمان عارف نے اس خصوصی نمبر کے لیے ارسال کردہ اپنے پیغام میں لکھا تھا ۔۔۔۔
محکمہ اطلاعات و رابطۂ عامۂ اترپردیش کے ادبی جریدے ماہنامہ "نیا دور" نے اندرا جی کی ہمہ گیر شخصیت کو اجاگر کرنے کے لیے جو خصوصی نمبر نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کے لیے یہ محکمہ مبارکباد کا مستحق ہے۔
آنجہانی وزیراعظم شریمتی اندرا گاندھی کی پوری زندگی جہد و عمل سے عبارت تھی۔ جنگ آزادی سے شہادت تک وہ ملک کے وقار، اتحاد و سالمیت کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہیں۔ بلاشبہ وہ ہماری بیش قیمت گنگا جمنی ثقافت و تہذیب کا اعلیٰ نمونہ تھیں۔ ملک کو معاشی اعتبار سے خوشحال اور خود کفیل بنانے کے لیے وہ ہمیشہ کوشاں رہیں۔ غریب اور پسماندہ طبقہ کو اوپر اٹھانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے شریمتی گاندھی نے ہر ممکن کوشش کی۔
ہندوستان میں جدیدیت، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا ثبوت انسیٹ ایک-بی ، انٹارکٹیکا مشن، خلائی تحقیقاتی پروگرام، قومی سائنسی لیبارٹریز ہیں جن پر شریمتی گاندھی کی ہی مہر ثبت ہے۔
بین الاقوامی سطح پر انہوں نے عالمی امن اور اقوام عالم کے درمیان دوسری اور تعاون کے جذبے کو تقویت پہنچانے کے لیے متعدد کوششیں کیں۔ نظریاتی اختلافات کے باوجود تمام عالمی لیڈر ان کو احترام و عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ ناوابستہ تحریک کی سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے ترقی پذیر اور تیسری دنیا کے لوگوں کی سربلندی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ شریمتی اندرا گاندھی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے ایک تھیں۔
مجھے امید ہے کہ اس گراں قدر خصوصی نمبر کے ذریعہ تاریخ عالم کی اس عظیم شخصیت سے متعلق نئے گوشے سامنے آئیں گے اور یہ خصوصی نمبر آنے والی نسلوں کو عمل کا پیغام دے گا۔

***
نام رسالہ: نیا دور - جنوری/فروری/مارچ 1985
مدیر: امیر احمد صدیقی
تعداد صفحات: 286
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 17 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Naya Daur Indira Gandhi Number.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

ماہنامہ 'نیا دور' - اندرا گاندھی نمبر :: فہرست
نمبر شمارتخلیقصفحہ نمبر
1اپنی بات.
2پیغامات.
3مضامین (مصباح الدین عبدالرحمن، مالک رام، میکش لکھنوی).
4منظومات (عثمان عارف نقشبندی، نذیر بنارسی، جگن ناتھ آزاد).
5تاثرات و احساسات کے آئینے میں (نثر و نظم).
6اک تو نہیں تو سارا زمانہ اداس ہے (نثر و نظم).
7اقلیتیں اور اندرا گاندھی (نثر و نظم).
8اردو سے لگاؤ اور دلچسپی (نثر و نظم).
9یک جہتی اور عالمی امن کی علمبردار.
10ذات و صفات (نثر و نظم).
11شخصیت و بصیرت (نثر و نظم).
12بات چیت اور انٹرویو (نثر و نظم).
13روشنیِ فکر (نثر و نظم).
14سائنس سے لگاؤ (نثر و نظم).
15گلاب، چنار ، خوشبو (نثر و نظم).
16ملاقاتیں (نثر و نظم).
17یادوں کے پس منظر میں (نثر و نظم).
18سوانح (نثر و نظم).
19اک دھوپ تھی کہ ساتھ گئی آفتاب کے (مضامین).

Naya-Daur magazine Lucknow, issue: Jan-Feb-Mar-1985, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں