مابدولت - شوکت تھانوی کی آپ بیتی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-10-20

مابدولت - شوکت تھانوی کی آپ بیتی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

mabadolat_shaukat-thanvi

شوکت تھانوی (پ: 2/فروری 1904 ، م: 4/مئی 1963)
کی یہ بقلم خود آپ بیتی ہے جو اس کتاب "مابدولت" کے ذریعے جون 1945ء میں اشاعت پذیر ہوئی تھی۔ بقول مصنف کے، یہ ان کی آپ بیتی کا پہلا حصہ ہے جو ان کی پیدائش سے وسط 1938 تک کے دورِ اخبار نویسی پر محیط ہے۔ مصنف کہتے ہیں کہ اس کتاب میں انہوں نے تمام موٹے موٹے واقعات پیش کر دئیے ہیں، چھپانے اور دبانے کی کوشش محض ان واقعات کے سلسلے میں کی گئی ہے جن سے مصنف کے علاوہ کسی اور کو کسی قسم کا کوئی نقصان پہنچ سکتا تھا۔
تعمیرنیوز کے ذریعے 207 صفحات کی یہ دلچسپ کتاب پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے جس کا حجم تقریباً 10 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس آپ بیتی کا ایک دلچسپ باب بعنوان "اخبار پھول" ذیل میں ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔
اسی زمانہ میں بھائی جان نے ہمارے نام لاہور کا اخبار "پھول" منگانا شروع کر دیا اور یہ اخبار ہماری تمام اسکولی کتابوں سے زیادہ ہمارے لیے مفید ثابت ہوا۔ اخبار پر ہمارا پتا اور چھپا ہوا نام، یہ وہ باتیں تھیں جن کو دیکھ دیکھ کر ہم کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہونے لگا تھا، کہ ہم بھی وہ ہیں جس کا نام چھپا ہوا اخبار پر لپٹ کر اس طرح آتا ہے۔ اخبار کی کہانیاں پڑھ کر گھر بھر کو سنانے کی کوشش کرتے تھے۔ اور اخبار کا ایک ایک پرچہ بڑی احتیاط سے رکھا کرتے تھے۔ اب بھائی جان نے ایک نئی ترکیب کی۔ چھوٹی چھوٹی کہانیاں خود لکھتے تھے اور ہمارے نام سے "پھول" میں چھپنے کو بھیج دیا کرتے تھے۔ اب تو ہمارا پوچھنا ہی کیا۔ مضمون نگار ہو گئے تھے۔ اپنے نام سے چھپی ہوئی کہانیاں سب کو دکھاتے پھرتے تھے۔ دراصل ادبی ذوق اسی وقت بھائی جان نے، معلوم نہیں جان بوجھ کر یا غیر ارادی طور پر ان صورتوں سے ہم میں پیدا کیا تھا۔ جس کو بعد میں وہ دوسری صورتوں سے ابھارتے رہے مگر ان کو یہ خیال کبھی بھی نہ تھا کہ یہی ذوق اس لڑکے کا مستقبل بن جائے گا۔ وہ بیچارے نجی طور پر ادیب اور شاعر سب ہی کچھ تھے اور باضابطہ طریقہ پر وکیل اور کورٹ انسپکٹر وغیرہ تھے۔
اخبار "پھول" کے لیے ہم کو یاد نہیں پڑتا کہ خود ہم نے بھی کچھ لکھا ہو۔ مگر پھول سے اپنی دلچسپی ہم کبھی نہ بھول سکیں گے۔ کیا مجال کہ پھول کا کوئی پرچہ ذرا سا بھی میلا ہو جائے یا کہیں کوئی اٹھا کر لے جائے۔ لوگ کہا کرتے تھے کہ ان حضرت کی اولاد ہے تو یہی اخبار، اور جائداد ہے تو یہی اخبار۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ جس طرح بچے اپنی کتابوں پر اپنا نام لکھتے پھرتے ہیں، ہم نے کبھی اپنے اخبار پھول پر اپنا نام بھی نہیں لکھا کہ اخبار خراب ہو جائے گا۔ مختصر یہ کہ ہم اپنی سب سے بڑی درسی کتاب اسی اخبار پھول کو سمجھتے تھے۔

شوکت تھانوی کی یہ کتب بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
قاعدہ بےقاعدہ - شوکت تھانوی - پی۔ڈی۔ایف کتاب ڈاؤن لوڈ
بار خاطر - شوکت تھانوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
شیش محل - خاکے از شوکت تھانوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام کتاب: مابدولت (شوکت تھانوی کی آپ بیتی)
مصنف: شوکت تھانوی
تعداد صفحات: 207
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 10 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Mabadolat (Shaukat Thanvi ki Aapbeeti).pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Mabadolat, autobiography of Shaukat Thanvi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں