غالب - ناول از قاضی عبدالستار - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-10-29

غالب - ناول از قاضی عبدالستار - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Ghalib_Qazi-Abdul-Sattar

قاضی عبدالستار (پ: 8/فروری 1933 - م: 29/اکتوبر 2018)
کی پہلی برسی پر ان کا ایک یادگار ناول پیش ہے۔
عصر حاضر کے اس ممتاز افسانہ نگار اور ناول نویس نے معروف تاریخی شخصیات کی زندگی اور ان کے عہد کو بنیاد بنا کر متعدد ناول تحریر کیے تھے جن میں "غالب" ، "داراشکوہ"، "حضرت جان"، "خالد بن ولید" اور "صلاح الدین ایوبی" اہم ہیں۔
1974ء میں صدر جمہوریہ عزت مآب فخرالدین علی احمد نے قاضی عبدالستار سے فرمائش کی تھی کہ: آپ نے جس طرح 'صلاح الدین ایوبی' اور 'دارا شکوہ' لکھی ہے، اسی طرح 'غالب' پر بھی لکھیے۔
صدر جمہوریہ کی وفات کے بعد، قاضی صاحب نے اسی فرمائش کے زیراثر نہ صرف یہ معرکۃ الآرا ناول لکھا بلکہ ناول کا انتساب بھی سابق صدر جمہوریۂ ہند فخرالدین علی احمد کے نام کیا ہے۔
تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہ بےمثال ناول "غالب" پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈھائی سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 11 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس ناول کے مقدمہ میں قاضی عبدالستار لکھتے ہیں ۔۔۔
جب مجھے صدر جمہوریہ عزت مآب فخرالدین علی احمد کی عنایتیں یاد آئیں تو میں نے طے کیا کہ میں 'غالب' پر ناول لکھوں گا اور صدر جمہوریہ کے نام نامی سے انتساب کروں گا۔
۔۔۔ غالب پر ناول لکھنا اس لیے بھی مشکل تھا کہ 'میرزا غالب' نام کی فلم بن چکی تھی۔ فلم کی کہانی منٹو جیسے صاحبِ قلم نے لکھی ہے اور ایک ڈومنی کو میرزا کے کندھوں پر سوار کر دیا ہے۔ اور سب ۔۔۔ اسی کی محبت کی کہانی سننا چاہتے ہیں۔ جو میرے نزدیک سراسر بہتان ہے۔
غالب، مغل تہذیب کا فرزند جلیل ہے، جس کی آستینوں سے اس تھکے ہوئے زرنگار کلچر کا پسینہ بہہ رہا ہے۔۔۔ جو شاعر ہے، نثرنگار ہے، شرابی ہے، جواری ہے، گنہ گار ہے، صوفی ہے، موحد ہے، شیعہ ہے، سنی ہے، کافر ہے، عالم ہے، ہنسوڑ ہے، نواب ہے، عاشق ہے، خودغرض ہے ۔۔۔ چٹکی بھر مسرت کی تلاش میں احسانوں کا کھلیان پھونک دیتا ہے۔ وہ سب کچھ ہو سکتا ہے لیکن اپنے ہم چشموں کی صحبت میں ایک ڈومنی کی کمر میں ہاتھ ڈال کر نہیں آ سکتا کہ یہ اس کی تہذیب کی شریعت کا سب سے بڑا کفر ہے۔
پھر مجھے ایک شعر ملا جس کی روشنائی نے پلاٹ کو منور کر دیا۔ بیگم حمیدہ سلطان صاحبہ (سابق صدر جمہوریہ عزت مآب فخرالدین علی احمد کی ہمشیرہ) نے 'ترک بیگم' کا ذکر کیا ، جن کا افسانہ انہیں اپنے خاندان کی وراثت میں ملا۔ اور جس کی صداقت پر اپنے عہد کے سب سے بڑے محقق قاضی عبدالودود نے شک کا اظہار کیا۔ انکار کا نہیں۔

۔۔۔ میں نے اپنے تمام ناولوں میں ان کے موضوعات کے مطابق اسلوب نگارش کی تخلیق کی کوشش کی ہے۔ جس طرح مصور کے پاس رنگ ہوتے ہیں اور وہ ہر موزوں تصویر کی مناسبت سے رنگ کا استعمال کرتا ہے، اسی طرح مصنف کے پاس لفظ ہوتے ہیں، جن کے انتخاب اور ترتیب سے وہ اپنے اسلوب کو سجاتا اور سنوارتا ہے۔ نہ اکبر، بدھو کی زبان میں گفتگو کر سکتا ہے اور نہ بدھو، اکبر کی زبان بول سکتا ہے۔ جن حضرات نے ممواں لالہ، سینگ، روپا، ٹھاکر دوارہ، پہلا اور آخری خط، شب گزیدہ، صلاح الدین ایوبی اور دارا شکوہ کا مطالعہ کیا ہے، انہیں "غالب" کی نثر بھی مختلف معلوم ہوگی۔

"غالب" کی اشاعت بھی ایک مسئلہ بن گئی۔ انجمن ترقی اردو پاکستان کے جنرل سکریٹری جناب جمیل الدین عالی نے انجمن کی مجلس عاملہ سے بطور خاص "غالب" کی اشاعت کی منظوری حاصل کر لی۔ میں مسودہ بھیجنے والا تھا کہ ایک بزرگ نے مشورہ دیا کہ صدر جمہوریہ سے نسبت رکھنے والے ناول کا پہلی بار پاکستان میں شایع ہونا مناسب نہیں ہے۔ میں نے چاہا کہ 'ایوانِ غالب' شایع کر دے۔ سب کچھ ہو بھی کیا۔ لیکن کتابت کی تصحیح کا جھگڑا باقی رہا۔ بالآخر میں نے اسد یار خاں صاحب کی پیش کش منظور کر لی۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ کتابت کی غلطیاں کم سے کم ہوں گی۔

غالب پر یہ کتاب بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے :

***
نام ناول: غالب
مصنف: قاضی عبدالستار
تعداد صفحات: 260
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 11 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Ghalib- a novel by Qazi Abdul Sattar.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Ghalib, a novel by Qazi Abdul Sattar, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں