بچوں کے غالب - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-07-19

بچوں کے غالب - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

bachchon-ke-ghalib

مرزا غالب اردو زبان و تہذیب کا ایک نمایاں، مقبول اور ہردلعزیز نام ہے اور جس کی شخصیت ہر مذہب و ملت کی آئینہ دار بھی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کو بھی غالب سے روشناس کرایا جائے تاکہ غالب کے ادب و کلچر سے ہماری طرح نئی نسل بھی آشنا ہو۔
مرزا غالب کو بچوں سے روشناس کرنے اور ان کی شاعری و انشا پردازی کو اجاگر کرنے کا آسان طریقہ یہی ہے کہ ۔۔۔ غالب کے دلچسپ حالات زندگی کے بارے میں بتایا جائے، خطوط اور نثر لکھنے میں جو طریقہ غالب نے اختیار کیا اس سے بچوں کو آگاہ کیا جائے، بیت بازی یا دوسرے طریقوں سے بچوں کو غالب کے آسان اشعار یاد کرائے جائیں۔
کتاب "بچوں کے غالب" اسی لیے تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 6 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کا تعارف کراتے ہوئے "حرفِ آغاز" میں مصنف لکھتے ہیں ۔۔۔
گزشتہ نصف صدی کے دوران غالب پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور آئیندہ بھی بہت کچھ لکھا جائے گا۔ نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں غالب کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ دنیا کے ہر گوشے میں ان کی عظمت تسلیم کی جا چکی ہے اور ان کے مداح و ثنا خوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو غالب سے کس طرح روشناس کرائیں تاکہ وہ بھی ہماری طرح غالب پر فخر کر سکیں۔ اس خیال کے تحت اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ آسان زبان میں غالب اور ان کے فن کو نمایاں کیا جائے۔
سوال یہ ہے کہ نئی نسل میں ادبی مذاق کس طرح پیدا کیا جائے اور ان کا ذہنی معیار و کردار کس طرح بلند ہو اور وہ ادب یا کلچر جو ہم کو غالب یا دوسری عظیم شخصیتوں سے وراثت میں ملا ہے کس طرح نئی نسل کے ذہنوں میں محفوظ کیا جائے؟
جواب ایک ہی سمجھ میں آتا ہے کہ جس طرح مرزا غالب نے کچھ پرانی اور کچھ نئی قدریں اپنا کر ایک نئی منزل اور ایک انوکھے راستے کی تلاش کی ہے، ہم لوگ بھی کچھ نئی اور کچھ پرانی قدریں ساتھ لے کر چلیں اور ان سے نئی نسل کے چراغ جلائیں۔
مرزا غالب کو بچوں سے روشناس کرنے اور ان کی شاعری و انشا پردازی کو اجاگر کرنے کا آسان طریقہ یہی ہے کہ ہم بچوں کو غالب کے دلچسپ حالات زندگی کے بارے میں بتائیں، خطوط اور نثر لکھنے میں انہوں نے جو طریقہ اختیار کیا ہے اس سے بچوں کو آگاہ کیا جائے، بیت بازی یا دوسرے طریقوں سے بچوں کو غالب کے آسان اشعار یاد کرائے جائیں۔

یہ کتاب دو حصوں میں تقسیم کی گئی ہے۔
پہلے حصے میں مرزا غالب کی زندگی اور ان کے اخلاق و عادات کا بیان ہے۔ مرزا غالب کی شاعری اور اس کی افادیت و انفرادیت ، لطیفے ، انشا پردازی، خطوط کی اہمیت اور دیگر تصانیف پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
دوسرے حصہ میں ایک ڈراما "بازیچۂ اطفال" کے نام سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ ڈراما غالب کی زندگی اور ان کے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ تمام مکالمے جو غالب کی نثر اور خطوط کی جان ہیں، اس ڈرامے میں آ جائیں۔ یہ ڈراما غالب کی شخصیت اور ان کی رنگا رنگ زندگی کا آئینہ دار ہے۔
اس کے علاوہ غالب کی صد سالہ برسی کے موقع پر بچوں نے جشن غالب منایا ہے اور تقریریں و مضامین پیش کیے ہیں۔ بیت بازی کا ایک مقابلہ بھی پیش کیا ہے جس میں بچوں نے صرف غالب کے اشعار استعمال کیے ہیں۔

اس کتاب میں بچوں کے اخلاق و کردار کو بلند کرنے کے لیے مرزا غالب کے بلند و پاکیزہ خیالات کا اظہار کیا گیا ہے۔ اردو کے طالب علموں کے لیے بھی یہ کتاب مفید ثابت ہوگی۔ بہرکیف غالب کے درج ذیل شعر سے کتاب کا آغاز ہے :
بازیچۂ اطفال کے دنیا مرے آگے
ہوتا ہے شب و روز تماشا مرے آگے

(فرید عشرتی)

***
نام کتاب: بچوں کے غالب
از: فرید عشرتی لکھنوی
تعداد صفحات: 144
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 6 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
BachchonN ke Ghalib.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

- فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1حرفِ آغاز3
1پہلا باب : مختصر حالات زندگی5
2دوسرا باب : غالب اور ان کا کردار14
3مرزا غالب کی ظرافت اور ان کے لطیفے27
4مرزا غالب کی نثر اور ان کے خطوط37
5مرزا غالب کی شاعری اور اس کی انفرادیت48
6غالب کی تصنیفات76
7غالب اور مختلف مقامات کا سفر82
8حالات غدر و کتاب دستنبوہ91
9مرزا غالب اور منشی نول کشور93
10بازیچۂ اطفال (ڈرامہ از: فرید عشرتی)95
11غالب کے اشعار سے بیت بازی کا مقابلہ131

BachchoN ke Ghalib, Autobiography of Mirza Ghalib for children, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں