ریاست تلنگانہ ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل کی تقلید کر رہی ہے - وزیر اعلیٰ کے۔سی۔آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-09-16

ریاست تلنگانہ ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل کی تقلید کر رہی ہے - وزیر اعلیٰ کے۔سی۔آر

cm-kcr-telangana-assembly

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت اپنی ترقی کی کوششوں کے ذریعہ ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل کی تقلید کر رہی ہے۔ انہوں نے ایوان میں بجٹ پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں ریاست کا رول کافی اہم ہے۔ ریاست نے ٹیکس کی شکل میں مرکزی حکومت کے خزانے کو 2.70 کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مرکز کو چاہئے کہ وہ ایف آر بی ایم [FRBM] کی حد تبدیل کرے۔ ریاست کو قرض کے جال کی طرف دھکیل دینے سے متعلق اپوزیشن کی دلیل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور جاپان جیسے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک بھی مقروض ہیں۔ ریاست کے قرض کا بوجھ 21 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لئے گئے قرضہ جات مختلف پراجکٹس بشمول پینے کے پانی کی اسکیم، مشن بھاگیرتا اور کالیشورم پراجکٹ کیلئے صرف کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے مصارف پر اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ حکومت کی جانب سے شروع کرده ترقیاتی اسکیمات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 5 برسوں کے دوران اقلیتوں کی بہبود کیلئے 3994 کروڑ روپے صرف کئے گئے۔

دریں اثنا این ایس ایس کی ایک علیحدہ خبر کے بموجب وزیراعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی صحت اور اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے بارے میں بعض حلقوں میں کئے جانے والے پروپیگنڈے پر آج اسمبلی میں سنسنی خیز بیانات دیئے۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کے بعض دوست یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور یہ کہ وہ علاج کے لئے امریکہ جانے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کا پروپیگنڈہ 20 سال سے کیا جا رہا ہے مگر میں نہیں مرا ہوں، آج بھی میری صحت اچھی ہے اور مجھے کچھ نہیں ہوا ہے۔ اب بھی بعض لوگ بہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے اور کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کریں گے۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ مزید دو میعادوں کے لئے چیف منسٹر بنیں گے اور ٹی آر ایس مزید تین میعادوں کے لئے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عمر اب 66 برس ہے اور وہ مزید دو میعادوں کے لئے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ کانگریس ارکان کی طرف دیکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حلقوں کی جانب سے چاہے کچھ بھی بددعائیں دی جائیں وہ صحت مند و تندرست رہیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر کو آخر کیوں چیف منسٹر بنانا چاہئے۔

Telangana State following economic models of US, China: CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں