عجائبات فرنگ - اردو کا پہلا سفرنامہ - یوسف خان کمبل پوش - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-07-23

عجائبات فرنگ - اردو کا پہلا سفرنامہ - یوسف خان کمبل پوش - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

tareekh-yusufi-ajaibaat-firang

تاریخ یوسفی المعروف بہ عجائباتِ فرنگ، اردو کا پہلا سفرنامہ ہے جسے یوسف خان کمبل پوش نے 1847 میں شائع کروایا تھا۔ یوسف خان بہادر (ولد رحمت خان غوری) کا اصل وطن حیدرآباد دکن تھا بعد میں وہ لکھنؤ جا کر بس گئے۔ سیاحت کی غرض سے انگلستان، فرانس، اسپین، پرتگال اور جرمنی گئے اور ترکی اور عرب ممالک کے راستے ہندوستان واپس آئے۔ انہی ملکوں کے حالات پر ان کا یہ سفرنامہ مشتمل ہے۔ تعمیرنیوز کے ذریعے اردو کا یہ اولین سفرنامہ پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تین سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 13 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کے مقدمہ میں مرتب ڈاکٹر مظہر احمد لکھتے ہیں ۔۔۔
سفرنامہ ایک نوع کی "خودنوشت" ہے کہ اس میں سیاح اپنی زندگی کے حالات قلم بند کرتا ہے۔ یوں خودنوشت بھی دراصل زندگی کے سفر کی ہی روداد ہے۔ ایک کامیاب سفرنامہ سیاحت اور ادب کی خوبصورت آمیزش سے عبارت ہے۔ ذوقِ سفر سیاح کو آمادۂ سفر کرتا ہے اور وہ اپنے قوتِ مشاہدہ کی بدولت زندگی کے سرد و گرم کو نہایت باریک بینی سے دیکھتا ہے اور ہر منظر، عمارت اور ملک کے حالات پیشِ نظر رکھتا ہے۔ یہ کام قوت باصرہ کا ہے اور پھر سیاح ان جزئیات کو خوبصورت اور دلکش اسلوب میں پیش کرتا ہے۔ زبان و بیان پر اس کی قدرت اور اسلوب پر اس کی گرفت سفرنامے کو ادبی رنگ عطا کرتی ہے اور یوں تمام مناظر و مقامات متحرک ہو جاتے ہیں اور سیاح کا تجربہ قاری کا تجربہ بن جاتا ہے۔
ایک کامیاب سفرنامہ میں خارجی واقعات کے ساتھ ساتھ داخلی احساسات و فکری میلانات کی آمیزش بھی ہوتی ہے۔ سیاح تقابل و تجزیہ کے ذریعے مختلف و متضاد تہذیبوں پر اظہار خیال کرتا ہے اور ایسا کرتے ہوئے اپنے نظریۂ حیات کی تبلیغ و اشاعت بھی کرتا ہے۔ سیاح کے یہ تبصرے اگر غیرجانبدار ہوئے تو ایک خوشگوار فضا وقوع پذیر ہوتی ہے ورنہ سفرنامہ محدود ذہنی و فکری خیالات کا مجموعہ ہو کر رہ جاتا ہے۔ زماں و مکاں سے بلند ہو کر سوچنے والا سیاح تاریخ نویسی کے ساتھ سفرنامے کو ایک وسعت عطا کرتا ہے اور یہی وسعت ایسے سفرنامے کو ادب عالیہ بنا دیتی ہے۔
برصغیر ہند و پاک کے متعدد سیاح ، آوارہ گرد اور مسافر ، سیر و سیاحت ، تلاش حق ور نئے جہانوں کی سیر کی غرض سے رختِ سفر باندھتے رہے ہیں (حالانکہ خود برصغیر دنیا کے سیاحوں کی تلاش و جستجو کا ایک اہم مرکز رہا ہے)۔ ان میں سے بیشتر سیاح مسلمان تھے، بطور خاص انیسویں صدی کے ابتدائی برسوں میں کئی مسافروں نے برطانیہ (لندن) کی راہ اختیار کی۔
"یوسف خان کمبل پوش" سے قبل انگلستان کا سفر اختیار کرنے والوں نے اپنے سفرنامے فارسی زبان میں تحریر کیے۔ لہذا "تاریخِ یوسفی المعروف بہ عجائباتِ فرنگ"، اردو کا پہلا سفرنامہ ہے۔ حالانکہ کمبل پوش نے اسے پہلے فارسی ہی میں تحریر کیا تھا ، بعد ازاں اردو کے قالب میں ڈھالا۔ اردو میں سفرناموں کا نقشِ اول ہونے کے باوجود یہ سفرنامہ فنِ سفرنامہ نگاری کے جدید معیارات پر پورا اترتا ہے۔ اس کا اسلوب ، اندازِ بیان ، تحیر و تجسس اور حیرت انگیز معلومات نے اسے آج بھی قابل مطالعہ بنایا ہوا ہے۔ کمبل پوش کی صاف گوئی اور سچائی کے ساتھ عجائباتِ عالم دیکھنے اور دکھانے کی لگن خاص طور پر قابلِ غور ہے۔

اردو کے ایک معتبر تاریخ نویس حامد حسن قادری نے اپنی کتاب "داستانِ تاریخ ادب اردو" میں یوسف خان کمبل پوش کے متعلق لکھا ہے:
یوسف خان کمبل پوش کا اصلی وطن حیدرآباد تھا۔ سیر و سیاحت کے لیے گھر سے نکلے، تمام ہندوستان کی سیر کر کے انگلستان کا سفر کیا۔ یورپ کے دوسرے مقامات اور مصر وغیرہ کی بھی سیر کی۔ معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستانی سیاحوں میں سب سے قدیم تھے۔ 1828ء سے سیاحت شروع کی۔ 1837 میں ولایت کا سفر کیا۔ حالاتِ سفر لکھتے گئے، جن کو 1847ء میں دہلی میں چھپوایا۔ پھر دوبارہ 1873ء میں مطبع نول کشور میں چھپا۔ "عجائباتِ فرنگ" اس کا نام ہے۔ یہ اردو میں سب سے پہلا سفرنامہ ہے اور بڑی خوبی یہ ہے کہ محض ایک سیاح کا سفرنامہ ہے۔ جس کی کوئی قومی یا ملکی یا تعلیمی غرض نہ تھی اور سب لوگوں کے سفر مثلاً مولوی مسیح الدین، سرسید احمد خان، راجہ رام موہن رائے وغیرہ کے اسفار، اس سے بعد کے ہیں اور بغرض سیر و سیاحت نہ تھے۔ پھر انیسویں صدی کے آخر میں اور بیسویں صدی میں بھی لوگوں نے یورپ کے سفرنامے لکھے ہیں۔

***
نام کتاب: عجائبات فرنگ (تاریخِ یوسفی) - اردو کا پہلا سفرنامہ
از: یوسف خاں کمبل پوش
مرتب؛ ڈاکٹر مظہر احمد
تعداد صفحات: 300
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 13 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Safarnama Yousufi.pdf

Direct Download link:

فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1نقشہ5
2تاریخ وار سیاحت نامہ6
3عجائباتِ فرنگ (متن)7
4تعارف مرتب (ڈاکٹر مظہر احمد)181
5مقدمہ182
6فارسی اشعار اور مصرعے228
7ضمیمہ - 1 (بابت مذہبِ سلیمانی از تحسین فراقی)232
8ضمیمہ - 2 (بابت مذہبِ سلیمانی از اکرام چغتائی)246
9حواشی253
10فرہنگ286

Taareekh-e-Yusufi, Ajaibaat-e-Firang, First Urdu travelogue, by Yousuf Khan Kambalposh, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں