کرکٹ ورلڈ کپ 2019 - انگلینڈ کے سر چمپئن کا تاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-07-15

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 - انگلینڈ کے سر چمپئن کا تاج

cricket-world-cup-2019

انگلینڈ نے 2019 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوپر اوور میں بھی میچ ٹائی ہونے کے بعد باؤنڈریز کی بنیاد پر شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈکپ کا فائنل ٹائی ہوا ہے۔
لارڈس کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز لمحہ لمحہ کروٹ بدلتے فائنل میں کئی دلچسپ نشیب وفرازدیکھنے میں آئے۔کرکٹ گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہا تھا۔ دنیائے کرکٹ دلوں کو تھام کر دم بخود کر دینے والے مقابلہ سے محظوظ ہو رہی تھی ۔ لارڈس کے تاریخی میدان کے تحیر آمیز فائنل کو شائقین مدتوں یاد رکھیں گے۔ اس سے قبل کسی ورلڈ کپ کا فائنل اتنا اعصاب شکن نہیں رہا ۔
فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا اور کوئی بھی ٹیم شکست تسلیم کرنے کو لمحہ آخر تک تیار نہیں ہوئی اور نہ کسی نے شکست تسلیم کی تاہم فنی بنیادوں پر انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ چمپئن قرار پائی ہے ۔ فائنل مقابلہ نہ صرف میچ کی آخری گیند تک بلکہ سوپر اوور تک بھی گیا اور سوپر اوور میں بھی دونوں ٹیموں کا موقف مساوی رہا تاہم ساری اننگز میں زیادہ باونڈریاں لگانے کی بنیاد پر انگلینڈ کی ٹیم چمپئن قرار پائی۔
واضح رہے کہ سوپر اوور میں دونوں ٹیموں کے تین بلے باز اور ایک گیند باز میدان میں اتر سکتا ہے۔ میاچ میں بعد میں بیاٹنگ کرنے والی ٹیم کو سوپر اوور میں پہلے بلے بازی کرنا ہوتا ہے۔ اصول و ضوابط کے مطابق اگر سوپر اوور بھی ٹائی ہو جاتا ہے تو میاچ میں زیادہ باونڈریز لگانے والی ٹیم فاتح قرار دی جاتی ہے۔ اس لحاظ سے انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے 6 باونڈریز زیادہ لگائی تھیں اور اسے ورلڈ چمپئن قرار دیا گیا۔

سوپر اوورسے قبل جیت کے 242 رنوں کے نشانہ کا پیچھا کرنے اتری انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 28 رن پر گر گئی۔ 59 کے مجموعی اسکور پر جوئے روٹ 7 رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ 71 کے مجموعی اسکور پر بیرسٹو بولڈ ہوگئے،وہ 36 رن بنا سکے جب کہ کپتان مورگن بھی ٹیم کو مشکلات میں چھوڑ گئے اور 9 رن بنا کر چلتے بنے۔ جوس بٹلر اوربن اسٹوکس نے چھٹویں وکٹ کیلئے 110رن جوڑ کر انگلینڈ کو جیت کی دہلیز پر پہنچا دیا ۔ لیکن 45ویں اوور میں بٹلر59رن بناکر فرگوسن کا شکار ہوگئے۔فرگوسن نے بعد میں کرس ووکس کو بھی 2 رن پرآوٹ کرکے نیوزی لینڈ کو میاچ میں واپس لاکھڑاکیا۔

آخری اوور میں انگلینڈ کوجیت کیلئے 15رنوں کی ضرورت تھی۔بولٹ کی پہلی دو گیندوں پر اسٹوکس کوئی رن نہیں لے سکے اورتیسری اورچوتھی گیند پردو چھکے اڑائے اورپانچویں گیند پراسٹوکس نے ایک رن لیا اوردوسرے رن کی چکرمیں عادل رشید رن آوٹ ہوگئے۔آخری گیند پرجیت کیلئے درکار دو رنوں کی ضروت تھی لیکن اسٹوکس دوسرے رن کی کوشش میں رن آوٹ ہوگئے اور میاچ سوپر اوور میں چلا گیا۔
نیوزی لینڈکو لگاتار دوسری مرتبہ فائنل میں شکست اٹھانی پڑی ۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سلامی بلے باز ہنری نکولس 55 رن اور ٹام لاتھم کے 47 رن کی عمدہ اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے میزبان انگلینڈ کے خلاف 50 اوورس میں آٹھ وکٹ پر241رنوں کا اسکور بنایا۔
انگلینڈ کے بن اسٹوکس میاچ کا بہترین کھلاڑی تسلیم کیا گیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

England beat New Zealand to win their first Cricket World Cup

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں