ادبی مطالعے - تحقیقی مضامین - ڈاکٹر راج بہادر گوڑ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-07-21

ادبی مطالعے - تحقیقی مضامین - ڈاکٹر راج بہادر گوڑ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Adabi-Mutale_Raj-Bahadur-Goud

ڈاکٹر راج بہادر گوڑ (پ: 21/جولائی 1918 - م: 7/اکتوبر 2011) حیدرآباد دکن کے ایک مقبول کمیونسٹ رہنما، معروف ٹریڈ یونین لیڈر، اردو ادب کے محقق و نقاد اور ہندو مسلم اتحاد کے علمبردار تھے۔ ان کے ادبی/سماجی مضامین جو روزنامہ "سیاست" اور ہفت روزہ "حیات" میں شائع ہوئے، کے ایک انتخاب پر مشتمل نثری مجموعہ کی نومبر-1978 میں "ادبی مطالعے" کے عنوان سے اشاعت عمل میں آئی تھی۔ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً سوا دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ذیل میں اسی کتاب کے چند مضامین سے مفید اقتباسات پیش ہیں۔

مخدوم - محنت اور محبت کا شاعر ۔۔۔
مخدوم اچھے اور بڑے شاعر تھے۔ اس بات پر تو سب ہی متفق ہیں۔ لیکن کیوں اچھے اور بڑے شاعر تھے؟ اس پر ہر شخص اپنی بساط کے مطابق رائے دیتا ہے۔ شاعر کو کسی ایک پہلو سے دیکھنا ، دیکھنے والے کا قصور نہ ہو، لیکن شاعر کے ساتھ انصاف نہیں۔ غور و فکر داخلی فعل ضرور ہے لیکن موضوعی حقیقتوں سے آنکھ بند کر کے جو فکری عمل ہوگا وہ بہرحال بانجھ ہی ہوگا، تخلیقی نہیں ہو سکتا۔
مخدوم کو خانوں میں نہیں بانٹا جا سکتا۔ مخدوم کی کلی حیثیت کو نظرانداز کر کے ان کے کسی ایک جز سے ان تک پہنچنے کی کوشش کرنا اگر حماقت نہیں تو تضیع اوقات ضرور ہے۔

کندکوری ویریش لنگم - تلگو نشاۃِ ثانیہ کا بلند قامت رہنما ، تلگو زبان کا محسنِ اعظم ۔۔۔
تلگو ادب کو ویریش لنگم کی دین غیرمعمولی ہے۔ وہ تلگو کے پہلے ناول نگار ہیں۔ عصری نثر کی ابتدا انہی کے قلم کی مرہون ہے۔ وہ پہلے طنزنگار ہیں جنہوں نے عصری تلگو طنز کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے اصلاحی ڈرامے لکھے۔ تلگو شاعروں کی تاریخ مرتب کی۔ اپنی سوانح لکھی جو تلگو میں پہلی خودنوشت سوانح ہے۔ عصری تلگو صحافت کی بنیاد ڈالی اور "ویویک وردھنی" رسالہ جاری کیا۔ اس کا ایک طنز و مزاح کا ضمیمہ "ہاسیہ سنجیونی" تھا۔ عورتوں کی تعلیم اور اصلاح کے لیے ادارے قائم کیے اور "ست ہت بودھنی" رسالہ جاری کیا۔
انہوں نے زبان کی اصلاح کی۔ اپنے آپ سے انہوں نے سوال کیا: "زبان کا مقصد کیا ہے"؟ پھر انہوں نے خود ہی اس کا جواب دیا: "زبان کا اصل مقصد خیالات کو دوسروں تک پہنچانا ہے، زبان جتنی سادہ اور آسان ہوگی ، اسی قدر موثر طور پر خیالات کی ترسیل بھی ہو سکے گی"۔
یہی جملہ آسانی سے سرسید احمد خان سے، یا حالی اور محمد حسین آزاد سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔ یہ جملہ ودیا ساگر اور بھارتیندو ہریش چندر کا بھی ہو سکتا ہے۔

اردو مرثیہ اور اردو ادب پر واقعاتِ کربلا کے اثرات ۔۔۔
عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ دکن میں عزاداری اور مرثیہ نگاری کو فارسی اور ایرانی اثرات کی وجہ سے فروغ ہوا۔ لیکن یہ درست نہیں معلوم ہوتا۔ اس لیے کہ سلاطینِ صفویہ سے بہت پہلے ہی شیعہ سلاطین بہمنیہ نے دکن میں شیعیت کو فروغ دینا شروع کر دیا تھا، اور اس دور میں یہاں عزاداری رواج پا چکی تھی۔
دکن میں عزاداری اور مرثیہ نگاری کو فروٖغ دینے میں سنت الجماعت صوفیا کا بھی بڑا حصہ رہا ہے۔ شاہ ضیا الدین بیابانی نے سنت الجماعت ہونے کے باوجود مجالس عزا کا آغاز کیا، ان کے بیٹے شاہ اشرف بیابانی نے شہادت حسین پر پہلی مثنوی لکھی اور خانوادہ میراں جی شمس العشاق کے چشم و چراغ سید شاہ برہان الدین جانم بیجاپوری نے اردو کا پہلا مستقل مرثیہ لکھا۔ شاہ اشرف بیابانی اور جانم کے بعد دکن میں شہادت ناموں اور مرثیوں کی تصنیف کی روایت برابر ترقی کرتی گئی۔ دکن میں جو شہادت نامے لکھے گئے ہیں ان میں خواص ولی ویلوری، شاہ محمد اور شیدا کے شہادت نامے قابل ذکر ہیں۔
دکن میں مرثیہ کو اتنی مقبولیت حاصل ہوئی کہ ان شعرا سے قطع نظر جنہوں نے مرثیہ گوئی کے لیے اپنے آپ کو وقف کر دیا تھا، کم و بیش ہر شاعر نے اس صنف میں طبع آزمائی کی ہے۔ چنانچہ بیجاپوری شعرا عبدل، مقیمی، امین، ملک خوشنود، شاہی نصرتی، شاہ ملک، ہاشمی سرور، مومن، مرتضیٰ حسین، قادر مرزا، ندیم علی پیر، جانم ثانی اور گولکنڈے کے شعرا سلطان محمد قلی قطب شاہ ، وجہی، غواصی، عبداللہ قطب شاہ، شاہ راجو، قطبی، طبعی، عابد افضل، محب لطیف، غلام علی، فائز شاہی نوری، قادر مرزا، احمد مشتاق وغیرہ کے مراثی بڑی تعداد میں مل جاتے ہیں۔

***
نام کتاب: ادبی مطالعے
از: ڈاکٹر راج بہادر گوڑ
تعداد صفحات: 216
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Adabi Mutale Raj Bahadur Goud.pdf

Direct Download link:

- فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1اقبال ، ان کا ورثہ اور ان کی کوتاہیاں9
2مخدوم61
3مخدوم کی زندگی ، مخدوم کی شاعری78
4محنت اور محبت کا شاعر85
5انیس کی شاعری کا سماجی مقصد96
6اردو مرثیہ اور اردو ادب پر واقعاتِ کربلا کے اثرات103
7اکبر الہ آبادی کی شاعری، ان کی ظرافت اور وطن پرستی136
8رخسارِ سحر کی آرزو150
9احمدآباد کے مزدور شاعر162
10تلگو نشاۃ ثانیہ کا بلند قامت رہنما ، تلگو زبان کا محسن اعظم ، کندوکوری وریش لنگم181
11ادب اور تصوف189
12جمالیاتی حس200
13جدیدیت کیا ہے؟ حقیقت پسندی سے آویزش کیوں؟206

Adabi Mutal'le, Research articles by Dr. Raj Bahadur Goud, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں