بیسویں صدی میں اردو ناول - یوسف سرمست - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-06-25

بیسویں صدی میں اردو ناول - یوسف سرمست - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

beeswin-sadi-mein-urdu-novel-yousuf-sarmast
پروفیسر یوسف سرمست (پ: 28/دسمبر 1936) اردو فکشن کے بالغ نظر ادیب اور نامور نقاد تھے جن کا انتقال 24/جون 2019 کو بعمر 83 سال حیدرآباد میں ہوا۔ انتقال سے چند روز قبل ہی اردو اکیڈمی تلنگانہ کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ انہیں مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ دیا جائے گا، جو 2 لاکھ 25 ہزار روپئے نقد، توصیف نامہ اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔
پروفسیر شارب ردولوی کے مطابق پروفیسر یوسف سرمست کا شمار ترقی پسند تحریک کے عظیم نقادوں میں ہوتا ہے۔ تحقیق و تنقید کے حوالے سے ان کی اہم کتاب "بیسویں صدی میں اردو ناول" ہے۔ یہ کتاب تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً 550 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 24 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

پروفیسر یوسف سرمست کی تحقیقی و تنقیدی تصانیف میں درج ذیل مطبوعات شامل ہیں:
  • عرفانِ نظر
  • ادب۔ نقد و حیات
  • پریم چند کی ناول نگاری
  • ادب کی ماہیئت، منصب اور تعریف، تحقیق و تنقید
  • نظری اور عملی تنقید
  • دکنی ادب کی مختصر تاریخ
  • ادب کا نوبل انعام ادبی یا سیاسی اور دوسرے مضامین
  • اردو افسانہ نگاری میں کرشن چندر کی انفرادیت
  • بیسویں صدی میں اردو ناول

اس کتاب کے "تعارف" میں رفیعہ سلطانہ لکھتی ہیں ۔۔۔
اردو میں ناول پر تحقیق تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ تحقیق کی کم مائیگی نے تنقید کی راہیں بھی ناہموار کر دیں۔۔۔ مابعد پریم چند دور کو تو جنسِ ممنوع کی طرح چھونے کی کسی کو ہمت ملی نہ توفیق ہوئی۔
زیرنظر تصنیف میں ڈاکٹر یوسف سرمست نے بیسویں صدی کے اردو ناولوں پر محققانہ نظر ڈالی ہے اور صحیح معنوں میں تحقیق کا حق ادا کیا ہے۔ "محققانہ" اس لیے کہہ رہی ہوں کہ بیسویں صدی ہی میں کئی ناول نگار ایسے تھے جن کے کارناموں سے نہ صرف اہل علم بےخبر تھے بلکہ ان کارناموں کی صحیح قدر و قیمت کا بھی اندازہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے سوا تاریخ ادب کے بعض تسامحات ایسے تھے جن پر تحقیق کی ضرورت تھی۔ مثال کے طور پر منشی سجاد حسین (ایڈیٹر اودھ پنچ) اور سجاد حسین انجم مصنف "نشتر" کے بارے میں مصنف نے جو مباحث اٹھائے ہیں اس سے ان کی کد و کاوش اور محنت و جستجو کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ یہی نہیں، انہوں نے بعض ناول نگاروں جیسے قاری سرفراز حسین عزمی مصنف "شاہد رعنا" جن کی فکر و فن کا ابھی تک سیرحاصل جائزہ نہیں لیا گیا تھا، نہ صرف مکمل جائزہ لیا ہے بلکہ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ عزمی ہی امراؤ جان ادا کے "نقش گر اول" ہیں۔ کیونکہ رسوا نے اپنا ناول "امراؤ جان ادا" شاہد رعنا کے خطوط پر ڈھالا تھا۔ اسی طرح نذیر احمد کے کارناموں کو جسے نقادوں نے تمثیل کا نام دے کر ناول سے جداگانہ صنف بتانے کی سعی کی تھی، مصنف نے ناول کی جدید ٹکنیک کی کسوٹی پر پرکھنے کی اچھی کوشش کی ہے۔
زیرنظر تصنیف میں بیسویں صدی کے کم و بیش ہر ایک ناول نگار کے جملہ کارناموں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ وہ ناول بھی ان کی نگاہ دوربین سے نہ بچ سکے جو مقبول عام کے زمرہ میں آتے ہیں۔ ناول کے اقسام کی باعتبارِ نوعیت یہ تقسیم یعنی سیریس ، اعلیٰ ادبی اور پاپولر (عوام پسند) ، ان کے ناولوں کے مطالعہ کا ایک دلچسپ اور فکر انگیز پہلو ہے جس پر مستقبل کے نقاد روشنی ڈال سکتے ہیں۔

زیرنطر تصنیف کا سب سے قابل قدر حصہ معاصر کارناموں کا تنقیدی جائزہ اور اردو ناول کی ٹکنیک پر مغربی بالخصوص انگریزی ناول کی ٹکنیک کے اثرات کا مطالعہ ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اردو میں ناول کا آغاز مغرب ہی کی دین ہے۔ اردو ناول نے مغربی ادبی دھاروں کا گہرا تاثر قبول کیا ہے جس کی جھلک معاصر کارناموں میں نظر آتی ہے۔ بالخصوص "شعور کی رو" والی ٹکنیک ، اس کو بھی نوجوان مصنف نے اپنے طور پر واضح کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
اس تصنیف کی حیثیت اردو ناول کے ارتقا کے لیے سنگِ میل کی سی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ اردو ناول نے کتنا سفر طے کیا اور کتنا طے کرنا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:
حیدرآباد جو کل تھا - پروفیسر یوسف سرمست : محبوب خان اصغر
پروفیسر یوسف سرمست کی تنقید نگاری : نظیر احمد گنائی

***
نام کتاب: بیسویں صدی میں اردو ناول
مصنف: یوسف سرمست
تعداد صفحات: 544
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 24 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Beeswin Sadi mein Urdu Novel_Yousuf Sarmast

Direct Download link:

بیسویں صدی میں اردو ناول - از: یوسف سرمست:: فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1پیش لفظ (ڈاکٹر فہمیدہ بیگم)7
2تعارف (پروفیسر رفیعہ سلطانہ)9
3حرفِ آٖغاز (پروفیسر یوسف سرمست)11
.باب اول : پس منظر21
1سماجی حالات.
2ادبی پس منظر.
3داستان اور ناول.
4نذیر احمد اور سرشار کے پیش رو ناول نگاروں کی اہمیت اور ان کی دین.
5بیسویں صدی کے اہم ادبی رجحانات - تحریکیں اور تصورات.
.باب دوم : بیسویں صدی کا شعور56
1بیسویں صدی کی ناول نگاری کی خصوصیات اور اس کے ابتدائی اثرات.
2ناول میں اہم تبدیلیاں لانے والے محرکات.
3سجاد حسین انجم کا ناول 'نشتر'.
4منشی سجاد حسین کے ناول.
5قاری سرفراز حسین عزمی کا ناول 'شاہد رعنا'.
6شاہد رعنا اور امراؤ جان ادا.
7مرزا رسوا کے ناول.
8آغا شاعر کے ناول.
9شرر کی ناول نگاری.
10حکیم محمد علی خاں طبیب کے ناول.
.باب سوم : ربع اول124
1شرر کی تاریخی ناول نگاری.
2راشد الخیری - مقصد اور فن.
3مرزا محمد سعید کے ناول.
4نیاز کی جمالیاتی رومان پرستی.
5کرشن پرشاد کول - باغیانہ شعور.
6علی عباس حسینی کا رومانی ناول.
7مرزا عباس حسین ہوش اور دوسرے ناول نگار.
8خواتین کی ناول نگاری.
.باب چہارم : پریم چند - ایک عہد184
1پریم چند کے موضوعات.
2پریم چند کے ناولوں کا فنی ارتقا اور ہندوستان کا سماجی، سیاسی اور معاشی پس منظر.
3پریم چند کے ناولوں کی بعض اہم کمزوریاں.
4پریم چند کا کارنامہ.
.باب پنجم : ربع ثانی کے ابتدائی دس سال (1926 تا 1936)253
1ناول نگاری کے نئے رجحانات اور ان کے پیدا ہونے کے اسباب.
2قاضی عبدالغفار کی ناول نگاری.
3مجنوں گورکھپوری کے ناولٹ.
4عظیم بیگ چغتائی کی ناول نگاری.
5فیاض علی کے ناول.
6ل۔ احمد کا 'فسانہ محبت'.
7جاسوسی ناول.
8ربع اول کی روایات کا تسلسل.
.باب ششم : ترقی پسند تحریک - اردو ناول پر اس کا اثر (1936 تا 1947)298
1سائنس کے اثرات اور قدروں کی تبدیلی.
2لندن کی ایک رات اور شعور کی رو.
3عزیز احمد کے ناول.
4کرشن چندر کا ناول 'شکست'.
5ابراہیم جلیس کا ناول 'چور بازار'.
6عصمت چغتائی کی ناول نگاری.
7منٹو کا ناولٹ 'بغیر عنوان کے'.
8اس دور کے مقبول ناول نگار.
9سنجیدہ اور مقبول ناول نگاروں کا فرق.
.باب ہفتم : نصف صدی کے آخری تین سال کی ناول نگاری (1947 تا 1950)460
1نئے رجحانات کا تسلسل.
2'میرے بھی صنم خانے' اور شعور کی رو کی ٹکنیک.
3عزیز احمد کا ناول 'ایسی بلندی ایسی پستی'.
4احسن فاروقی کا ناول 'شام اودھ'.
5اردو میں مغرب کی طرح عظیم ناول نہ لکھے جانے کے اسباب.
.کتابیات522

Beeswin Sadi mein Urdu Novel, a collection of research articles by Prof. Yousuf Sarmast, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں