کرناٹک واڑی جنکشن - مسلم مسافرین کو مفت سحری پارسل کی فراہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-05-11

کرناٹک واڑی جنکشن - مسلم مسافرین کو مفت سحری پارسل کی فراہمی

free-sehar-breakfast-wadi-junction
کرناٹک کےواڑی جنکشن کےمسلمانوں کا مستحسن اقدام ، غیر مسلم نوجوان بھی ساتھ
دوردراز مقامات کا سفر کرنے والے مسلم مسافرین کو سحری کا کھانا ان کی ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے


ماہ مقدس رمضان نیکیاں سمیٹنے والا مہینہ ہوتا ہے، ایسے روزہ دارجو دور دراز مقامات کو روانہ ہونےکےلیےٹرینوں کےذریعہ رات کا سفر کرتےہیں انہیں سحر کےوقت ٹرینوں اور ریلوےپلیٹ فارمس پر مناسب کھانا دستیاب نہیں ہوتا۔ جبکہ اگر گھر سےسحر کا کھانا لےکر سفر پر روانہ ہوں اور سفر طویل ہو تو کھانےکےخراب ہو جانےکا خدشہ رہتا ہے۔ دوران سفر زیادہ تر مسلم مسافر بحالت مجبوری بسکٹ اور دیگر ہلکی پھلکی غذائی اشیا یا پھل کا استعمال کرتے ہوئے روزہ رکھ لیتےہیں۔
ایسےمیں کرناٹک کےضلع گلبرگہ کےریلوےاسٹیشن واڑی جنکشن کےچند مسلم نوجوان جاریہ سال ماہِ رمضان کےآغاز سےہی واڑی جنکشن ریلوےاسٹیشن پر مختلف ٹرینوں سے دور درازکا سفر کررہےمسلم مسافرین تک مفت سحر کا کھانا پہنچانےکا انتظام کرتےہوئےروزہ داروں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔
واضح رہے کہ واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن کا فاصلہ حیدرآباد سے 200کلومیٹر اور ضلع وقارآباد کے تانڈورسے 80 کلومیٹر ہے، جبکہ واڑی جنکشن سےگلبرگہ کا فاصلہ 40 کلومیٹر ہوتا ہے۔ اس سلسلہ میں ان مسلم نوجوانوں کی ٹیم بھائی-بھائی گروپ کےایک رکن سلمان پٹیل نےآج روزنامہ راشٹریہ سہارا کے نمائندے سےفون پر بات کرتےہوئےبتایا کہ :
ان کی ٹیم نےاس کام کا گزشتہ سال آغاز کیا تھا لیکن جاریہ سال اس کام کو مزید بہتر طریقہ سےانجام دیا جارہا ہے۔ سلمان پٹیل نےبتایا کہ ان کا کام روزآنہ رات 11:15 بجےسے اس وقت شروع ہوجاتا ہےجب ٹاملناڈو کےناگر سول سےکرلا ممبئی تک 1554 کلومیٹر کا فاصلہ طئےکرنےوالی ناگرسول ایکسپریس ٹرین رات 11:15 بجےواڑی جنکشن ریلوےاسٹیشن پہنچتی ہےتو یہ نوجوان ٹرین میں سوار مسلم مسافرین تک یا اس اسٹیشن پر کھانا تلاش کرنےوالےدیگرمسافرین تک پہنچ جاتے ہیں اور انہیں عصری طریقہ سے پیک کیا گیا کھانا حوالے کر دیتےہیں تاکہ ان مسافرین کو سحر کےوقت کھانا تلاش کرنا نہ پڑے۔
سلمان پٹیل نے مزید بتایا کہ واڑی جنکشن ریلوےاسٹیشن پر رات 11:15 بجےسےصبح 4:30 بجےتک تلنگانہ ، آندھرا پردیش، ممبئی ، بنگلور، کیرالا، حیدرآباد، ٹاملناڈو، گجرات ،اڑیسہ ، بہار، اتر پردیش کےبشمول دیگر دور دراز مقامات سےآنےاور ان مقامات تک جانے والی زائد از 24 ٹرینوں کا واڑی جنکشن پر توقف ہوتا ہے۔ اس دوران بھائی-بھائی گروپ کے30تا 40 نوجوان رات 11:15 بجےسےصبح 4:30 بجےتک کھانےکےپیاکٹس لیکر ریلوےاسٹیشن پر تیار رہتےہیں اور ٹرین کی ہر بوگی تک پہنچ کر بالخصوص مسلم مسافرین اور ساتھ ہی دیگر بھوکےمسافرین تک یہ کھانےکےپیاکٹس پہنچا دیتےہیں۔ وہیں جن مسافرین کو پینے کے پانی کی ضرورت ہوتی ہے انہیں پانی بھی فراہم کردیا جاتا ہے۔
سلمان پٹیل نےبتایا کہ انکےبڑےبھائی محمد عرفان اور شمشیر احمد ٹرانسپورٹ کےکاروبار سےمنسلک ہیں اور اس کام کی انجام دہی کےلیےوہی مالیہ فراہم کرتےہیں۔ واڑی کی مکہ مسجد میں پکوان کیا جاتا ہےاور انتہائی پاک صاف طریقہ سےکھانےکےپیاکٹس تیار کئےجاتےہیں۔ سحر کےلیےمسلم مسافرین تک پہنچانےکےلیے روزانہ مختلف قسم کےلذیذ پکوان تیار کئےجاتےہیں۔
سلمان پٹیل نےبتایا کہ سحر کےلیےپکوان کی تیاری ، پیاکٹس بنانےاور ریلوےاسٹیشن پرمسافرین میں تقسیم کےکاموں میں آکاش، مہیش ، راجو، دوڈیاسوامی ، گیرپا ناٹیکراور دیگر غیر مسلم نوجوان بھی ان کےساتھ ہوتےہیں جو کہ فرقہ پرستی کےاس زہریلےماحول میں ایک خوش کن بات ہے۔
دراصل اس سال ماہِ رمضان کےآغاز کیساتھ ہی واٹس اپ پر ایک پیغام وائرل ہوگیا کہ جو کوئی مسلم مسافرین سفر میں ہوں اور انہیں سحر کےلیےکھانےکی ضرورت ہوتو ان فون نمبرات پر اپنی منزل سےروانہ ہوتےوقت اطلاع دیں اور ساتھ ہی اپنی ٹرین کانام ، بوگی کا نمبر اور انکی سیٹ کا نمبر بتادیں تو انہیں واڑی جنکشن پر انکی سیٹ تک سحر کےلیےکھانا پہنچادیا جائےگا۔ سلمان پٹیل نےبتایا کہ واٹس اپ پر اس پیغام کےوائرل ہونےکےبعد مسلم مسافرین کی کثیر تعداد انہیں فون کےذریعہ تفصیلات مہیا کرواتےہوئےاب واڑی جنکشن ریلوےاسٹیشن پرسحر کےلیےکھانا حاصل کر رہی ہے۔
واڑی کےان بےلوث نوجوانوں کی ان خدمات کی سراہنا کی جانی چاہئےجو کہ مفت یہ خدمات انجام دےرہےہیں براہ واڑی جنکشن سفر کرنےوالےمسافرین دوران سفر واڑی جنکشن ریلوےاسٹیشن پر سحر کےلیےتازہ کھانا بلا معاوضہ حاصل کرسکتےہیں۔
سلمان پٹیل نےبتایا کہ بھائی۔ بھائی گروپ واڑی میں بلاءمذہب سماجی خدمات انجام دیتا ہےاور پریشان حال لوگوں کی مدد کرتا ہے۔

براہ واڑی جنکشن سفر کے مسافرین درج ذیل افراد کو اپنی سہولت سے فون کرتے ہوئے اپنے سفر کی تفصیلات دے سکتے ہیں:
شمشیر احمد 9742533763، محمد عرفان 9900162424 ، سلمان پٹیل 7975696335، سہیل احمد 9164926472، محمد عابد 8123934514، تبریز احمد 8951424247 اور محمد بابا 9845957773

Providing Sehar breakfast free of cost at Wadi junction by a local organization Bhai-Bhai.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں