دوران رمضان انتخابات میں کوئی قباحت نہیں - اسد الدین اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-03-12

دوران رمضان انتخابات میں کوئی قباحت نہیں - اسد الدین اویسی

election-2019-ramzan-1440
دوران رمضان انتخابات میں کوئی قباحت نہیں
رائے دہی کے فیصد پر کوئی برا اثر نہیں پڑے گا - رکن پارلیمان حیدرآباد اسد الدین اویسی

صدر مجلس مسٹر اسدالدین اویسی نے آج کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں انتخابات کے انعقاد سے رائے دہندوں کے فیصد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ اس معاملہ پر نزاع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے امید ظاہر کی کہ رمضان المبارک میں رائے دہی کا فیصد کافی زیادہ رہے گا کیونکہ مسلمانوں کی کثیر تعداد باہر نکلتی ہے اور ووٹ دیتی ہے۔ ماہ صیام کے دوران ان کی روحانی طاقت بڑھ جاتی ہے۔
حیدرآباد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کر رہے مسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ "جب مسلمان روزہ رکھتے ہیں وہ دفاتر اور کاروباری اداروں کو بھی جاتے ہیں۔ مزدور، رکشا راں اور آٹو رکشا ڈرائیور بھی ہیں جو روزہ رکھتے ہیں، ان کی روز مرہ کی سرگرمی پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ملک کی مختلف ریاستوں میں رمضان المبارک کے دوران رائے دہی کا انعقاد میں لایا جا رہا ہے اور پولنگ کے دن تعطیل ہوگی لہذا مسلمانوں کو اپنے ووٹ کے استعمال کے سلسلے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
صدر مجلس ان اطلاعات پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے کہ بعض مسلم قائدین نے لوک سبھا انتخابات کے رمضان المبارک کے دوران بھی انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کے اعلان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر اسد اویسی نے کہا کہ انتخابی عمل 3 جون تک مکمل کر لیا جانا ضروری ہے اور اگر رمضان کا مہینہ 5/مئی کو شروع ہوتا ہے اور 4/جون کو ختم ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا کہ اس مدت کے دوران انتخابات کا انعقاد عمل میں لائے۔

Asaduddin Owaisi slams poll date skeptics, says Muslims will vote in large numbers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں