میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے منتخب ارکان اسمبلی کی تفصیلات کے ساتھ گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گزٹ نوٹیفکیشن آج شام تک جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائے گی، ارکان اسمبلی کی تعداد کے اعتبار سے صرف 18 وزراء کی گنجائش ہے جو کافی کم ہے لہذا مزید وزراء کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ نئی کابینہ میں خاتون وزیر کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوشش ہے کیونکہ گزشتہ کابینہ میں ایک بھی خاتون کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 7/ دسمبر کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ، جس کے نتائج منگل 11/دسمبر جاری کئے گئے، کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس کو فقید المثال کامیابی حاصل ہوئی۔ 119 حلقوں پر مشتمل اسمبلی میں ٹی آر ایس کو ریکارڈ 88 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ اور یوں آج تلنگانہ بھون میں منعقدہ ٹی آر ایس مقننہ اجلاس میں کے چندر شیکھر راؤ کو بطور قائد منتخب کر لیا گیا۔
دریں اثنا آج ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر جلد تقررات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات میں تین لاکھ ملازمتیں ہیں جبکہ خانگی شعبہ میں 30 لاکھ ملازمتوں کی گنجائش ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے تقررات کے عمل میں کسی قدر تاخیر کی جس سے حکومت پر منفی اثر مرتب ہوا ہے۔ لہذا حکومت نے بعض اداروں کے تقررات کا عمل کمیشن سے واپس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے ذمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ڈھائی لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے جبکہ محکمہ جات میں تقررات سے زیادہ بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں وہ محض نعرہ بازی پر یقین نہیں رکھتے۔ حکومت نے تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکول قائم کئے اور آئندہ 10 برسوں میں اقلیتوں میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا۔ اقامتی اسکولوں سے ایسے قابل اقلیتی طلبہ تیار ہورہے ہیں جو دنیا کے کسی بھی ملک سے مسابقت کرسکتے ہیں۔
KCR to take oath as Telangana CM on Thursday
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں